احکام نماز

بیوی اگر نماز نہ پڑھے تو شوہر سے پوچھ ہوگی؟

فتوی نمبر :
42481
| تاریخ :
عبادات / نماز / احکام نماز

بیوی اگر نماز نہ پڑھے تو شوہر سے پوچھ ہوگی؟

السلام علیکم ! مفتی صاحب میں یہ جاننا چاہتی ہوں کہ کیا شادی کے بعد بیوی کی نمازوں کا بروزِ آخرت شوہر سے سوال کیا جائیگا کہ تم نے اپنی بیوی کو نماز کے لیے کیوں نہیں کہا؟ اور کیا بیوی سے بھی پوچھ گچھ ہوگی کہ ہم نے اپنے شوہر کو نماز کے لیے کیوں نہیں کہا؟ میری کوشش ہوتی ہے کہ پانچ وقت کی نماز ادا کروں،مگر اگر کبھی نہ پڑھوں تو شوہر مجھے بہت بے عزت کرتے ہیں اور مجھے میرے گھر والوں کا طعنہ دیتے ہیں کہ وہ یہ سکھا کر بھیجتے جبکہ میرے ماں باپ اور بھائی بہن سب نمازی ہیں اور خود نماز نہیں پڑھتے بالکل بھی کبھی جب جاگے ہو تو بس فجر پڑھ لیتے ہیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

میاں بیوی میں سے کسی ایک کے نماز نہ پڑھنے کی وجہ سے اگرچہ بروزِ قیامت دوسرے سے اس کی پوچھ گچھ نہ ہوگی،بلکہ ہر شخص اپنے عمل کا خود ذمہ دار ہوگا،تاہم اگر میاں بیوی میں سے کوئی ایک نماز کی پابندی نہ کرے تو دوسرے کو چاہیے کہ حکمت وبصیرت کے ساتھ اسے نماز کی طرف راغب کرنے کی کوشش کرتا رہے،لیکن شوہر کا خود نماز نہ پڑھنا اور بیوی کو نماز میں سستی پر طعن وتشنیع کا نشانہ بنانا دعوت کے اصول کے منافی عمل ہے،جس سے شوہر کو اجتناب کرنا چاہیے،بلکہ شوہر کو چاہیے کہ بذاتِ خود نماز کی پابندی کیا کرے،پھر اگر بیوی بچوں کو نماز وغیرہ کے احکامات میں سمجھانے کی ضرورت پڑے،تو نرمی سے سمجھاتے تاکہ بات کا مثبت اثر پڑے،جبکہ بیوی کا نماز میں سستی کرنا اور کبھی کبھار نماز بالکل چھوڑدینا بھی غلط ہے،جس سے اجتناب لازم ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

قال اللہ تعالیٰ فی القرآن المجید: {إِنَّ الصَّلَاةَ كَانَتْ عَلَى الْمُؤْمِنِينَ كِتَابًا مَوْقُوتًا (103)} [النساء: 103]۔
وفی صحيح مسلم: عن أبي سفيان، قال: سمعت جابرا، يقول: سمعت النبي صلى الله عليه وسلم يقول: «إن بين الرجل وبين الشرك والكفر ترك الصلاة»(1/ 88)۔
وفی الدر المختار: (ويعزر المولى عبده والزوج زوجته) ولو صغيرة لما سيجيء (الی قولہ) (لا على ترك الصلاة) لأن المنفعة لا تعود عليه بل إليها، كذا اعتمده المصنف تبعا للدرر على خلاف ما في الكنز والملتقى واستظهره في حظر المجتبى. (4/ 77)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه

فتوی نمبر 42481کی تصدیق کریں
0     532
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات