میرا سوال یہ ہے کہ ، اگر آٹو میٹک واشنگ مشین کچھ اس طرح کام کرے کہ ، ایک بار کپڑے سرف میں گھمائے پھر سرف خوب اچھی طرح نکال دے، پھر پہلی مرتبہ صاف پانی لے اسے گھماکر اچھی طرح نکال کر پانچ منٹ گھمائے، پھر نیا پانی لے اور دوبارہ کھنگالے بھی اور گھمائے بھی اور اس طرح مشین تین سے پانچ بار کھنگالے اور گھمائے ، اور ہر بار نیا پانی استعمال کرے، تو کیا پھر بھی کپڑے پاک نہیں ہوں گے؟ کیونکہ بعض کپڑے ایسے ہوتے ہیں جوپتہ نہیں ہوتا کہ کہاں سے ناپاک ہیں اور کچھ کپڑے پورے ناپاک ہوتے ہیں ، اس لئے مشین میں ڈالنے سے پہلے انہیں پاک کرنا ممکن نہیں ،اور اگر پھر بھی کپڑے پاک نہیں ہوں گے ، تو کیوں؟ کپڑے پاک کرنے کے دو طریقے ہوتے ہیں: (۱) بہتے پانی میں (۲) تین بار اتنی طاقت سے نچوڑا جائے کہ ایک قطرہ بھی پانی کا کپڑوں میں نہ رہے، تو آٹو میٹک مشین بالکل ٹھیک دوسرے طریقے کی طرح کام کرتی ہے، اس قدر کپڑے نچوڑتی ہے کہ شاید ہم بھی نہ نچوڑ سکیں ، اور پھر گھماتی ہے، اور یہ عمل ہم تین سے پانچ بار کرسکتے ہیں، دماغ اس لئے اُلجھن کا شکار ہے کہ مشین آسانی کیلئے بنائی گئی ہے ، اور دوسرا مکہ اور مدینہ کے ہوٹلوں میں بھی یہ ہی مشین لوگ استعمال کرتے ہیں، برائے کرم تفصیلی جواب عنایت فرمائیں!
ناپاک کپڑوں کو پاک کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ ان کو تین مرتبہ پاک پانی سے دھویا جائے، اور ہر بار دھونے کے بعد اچھی طرح نچوڑ لیا جائے، چنانچہ یہ عمل چاہے مشین کے ذریعے کیا جائے، یا انسان کے ذریعے بہر صورت کپڑے پاک ہوجائیں گے۔
كما فی الهندیة: وإن كانت غیر مرئیة یغسلها ثلاث مرات كذا فی المحیط ویشترط العصر فی كل مرة فیما یتعصر ویبالغ فی المرة الثالثة حتی لو عصر بعده لا یسیل منه الماء ویعتبر فی كل شخص قوته. اهـ (٤٢/١)
وفی الدر المختار: وأما فی الثالث فإن كان مما یمكن عصره كالثیاب فطهارته بالغسل والعصر إلی زوال المرئیة وفی غیرها بتثلیثهما. اهـ (٨٨/١) والله اعلم