السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ!
میں اپنی ایک دائمی اور مستقل طبی بیماری کی بنا پر نماز کی ادائیگی کے طریقہ کار کے حوالے سے شرعی حکم حاصل کرنے کے لیے یہ استفتا ارسال کر رہا ہوں۔مجھ کو کمر کے نچلے حصے (L4-L5 اور S1 کے مقام) پر ڈسک بلج (عرق النساء) لاحق ہے جس کے بارے میں ڈاکٹروں کی تصدیق موجود ہے۔ یہ ڈسک میری عرق النساء (sciatica nerve) پر شدید دباؤ ڈالتی ہے، جس کے باعث میری ٹانگ میں شدید درد لہراتا ہے۔جسمانی لحاظ سے میں رکوع کرنے اور زمین پر سجدے میں جانے پر قادر ہوں؛ تاہم سجدے سے واپس قیام (کھڑے ہونے) یا قعدہ (بیٹھنے) کی حالت میں اٹھنا شدید کھنچاؤ، بچھو کے ڈنک جیسا اعصابی درد اور میری ریڑھ کی ہڈی کے عارضے کو مزید بگاڑنے کا سبب بنتا ہے۔ ڈاکٹروں نے بتایاہے کہ یہ ایک دائمی و مستقل طبی مسئلہ ہے۔
اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ زمین سے اوپر اٹھنے کا عمل شدید تکلیف اور مزید نقصان کا باعث بنتا ہے، کیا شرعاً میرے لیے یہ جائز ہے کہ میں اپنی پوری نماز شروع سے آخر تک کرسی پر بیٹھ کر ادا کروں، اور رکوع و سجدہ دونوں کے لیے اشارے (سر اور دھڑ کے جھکاؤ) کا استعمال کروں؟
ازراہِ کرم شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں ان مخصوص جسمانی حدود و مجبوریوں کے تحت نماز کی ادائیگی کے سب سے درست اور معتبر طریقہ کار کے بارے میں میری راہنمائی فرمائیں۔ جزاکم اللہ خیراً
اگر سائل کو مذکورہ بیماری کی وجہ سے رکوع و سجدے میں جاتے وقت یا رکوع و سجدے سے اٹھتے وقت شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہو، یا رکوع و سجدہ کرنے کی وجہ سے اس کی بیماری بڑھنے یاٹھیک ہونے میں تاخیر کا قوی اندیشہ ہو، تو ایسی صورت میں سائل شرعاً معذور شمار ہوگا؛ اور اسے زمین یا کرسی پر بیٹھ کر رکوع و سجدے کو اشارہ سے ادا کرتے ہوئے نماز پڑھنے کی اجازت ہوگی۔تاہم، صحت یاب ہونے اور آسانی کے ساتھ رکوع و سجدے پر قادر ہو جانے کے بعد سائل کے ذمے باقاعدہ قیام، رکوع اور سجدے کے ساتھ نماز پڑھنا لازم ہوگا۔
كما في المحيط البرهاني : وإن عجز عن القيام وقدر على القعود، فإنه يصلي المكتوبة قاعداً بركوع وسجود، ولا يجزئه غير ذلك؛ لأنه عجز عن نصف القيام، وقدر على النصف، فما قدر عليه لزمه، وما عجز عنه سقط. (الفصل الحادي والثلاثون في صلاة المريض: ج:٢، ص: ١٤١، ط: دار الكتب العلميه).
وفي مراقي الفلاح: إذا تعذر على المريض كل القيام أو تعسر بوجود ألم شديد أو خاف زيادة المرض أو بطأه به صلى قاعدا بركوع وسجود ويقعد كيف شاء في الأصح وإلا قام بقدر ما يمكنه وإن تعذر الركوع والسجود صلى قاعدا بالإيماء وجعل إيماءه للسجود أخفض من إيمائه للركوع فإن لم يخفضه عنه لا تصح ولا يرفع لوجهه شيء يسجد عليه الخ (باب صلاة المريض: ص: ١٦٥،ط: المكتبة العصرية )۔