بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
عنوان: مدارس و مساجد میں بچوں اور عوام کو درود شریف کی ترغیب دینے، کاؤنٹر تقسیم کرنے اور پڑھے گئے درود شریف کا ریکارڈ رکھنے کے شرعی حکم کے متعلق سوال
محترم مفتی صاحب دامت برکاتہم!السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
گزارش ہے کہ ہم نے اللہ تعالیٰ کی رضا اور نبی کریم ﷺ سے محبت کے جذبے کے تحت لوگوں، خصوصاً مدارس کے طلبہ و طالبات میں درود شریف پڑھنے کا شوق پیدا کرنے اور اس کی عادت کو فروغ دینے کے لیے ایک مہم شروع کی ہے۔اس سلسلے میں ہمارا عملی طریقۂ کار درجِ ذیل ہے:
1۔ مہم کا مقصد: ہمارا بنیادی مقصد لوگوں اور بچوں کو درود شریف کی کثرت کی ترغیب دینا، انہیں ذکرِ الٰہی اور نبی کریم ﷺ پر درود بھیجنے کی طرف راغب کرنا اور ان میں نیکی کے عمل کو جاری رکھنے کا شوق پیدا کرنا ہے۔ اس مہم کا مقصد ذاتی شہرت، مالی منفعت یا کسی قسم کا دنیاوی فائدہ حاصل کرنا نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے اس نیک عمل کو فروغ دینا ہے۔
2۔ مدارس و مساجد میں حاضری: ہم مختلف مدارس اور مساجد میں حاضر ہوکر منتظمین، معلمین اور طلبہ سے درود شریف پڑھنے کی ترغیب کے سلسلے میں تعاون کی درخواست کرتے ہیں۔ ہم کسی معلِّم، طالب علم یا ادارے کو اس مہم میں شرکت کرنے، درود شریف کی کوئی مخصوص تعداد پڑھنے یا رپورٹ دینے کا پابند نہیں کرتے۔ یہ تعاون رضاکارانہ ہے۔
3۔ کاؤنٹر یا دانوں والی تسبیح کی فراہمی: درود شریف کی تعداد شمار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے لئے ہم حسبِ استطاعت کاؤنٹر یا دانوں والی تسبیح مفت یا رعایتی قیمت پر فراہم کرتے ہیں، تاکہ پڑھنے والوں کو اپنی تعداد شمار کرنے میں سہولت ہو اور وہ شوق کے ساتھ اس عمل کو جاری رکھ سکیں۔ کاؤنٹر یا تسبیح دیتے وقت کسی خاص تعداد میں درود شریف پڑھنے، لازماً رپورٹ دینے یا کسی دوسری شرط کو قبول کرنے کی پابندی نہیں لگائی جاتی۔
4۔ ریکارڈ اور رپورٹ رکھنے کا مقصد: بعض مدارس میں معلِّمین سے گزارش کی جاتی ہے کہ اگر وہ مناسب سمجھیں تو بچوں کے پڑھے ہوئے درود شریف کی تعداد کا روزانہ ریکارڈ رکھیں اور وقتاً فوقتاً اس کی رپورٹ فراہم کردیں۔اس ریکارڈ کا مقصد بچوں میں شوق پیدا کرنا، ان کی عملی پیش رفت سے آگاہی حاصل کرنا، معلِّمین کی توجہ اس نیک کام کی طرف برقرار رکھنا اور یہ دیکھنا ہے کہ ترغیب کا طریقۂ کار کس حد تک مفید ثابت ہورہا ہے۔یہ ریکارڈ درود شریف کی قبولیت، کسی شخص کے اللہ تعالیٰ کے ہاں مقبول ہونے یا اس کے زیادہ متقی ہونے کا معیار نہیں سمجھا جاتا۔ نہ ہی اس کی بنیاد پر کسی کے اخلاص یا دینی مقام کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔معلِّمین کے لئے ریکارڈ رکھنا یا رپورٹ دینا لازمی نہیں، بلکہ محض تعاون کی درخواست ہے۔ رپورٹ نہ دینے کی صورت میں کسی قسم کی سزا، دباؤ یا ناراضی کا معاملہ نہیں ہوتا۔
5۔ معلمین کے لئے انعام یا مالی معاوضہ: اس مہم میں معلِّمین کو بچوں سے درود شریف پڑھوانے یا مخصوص تعداد پوری کروانے کے عوض کسی لازمی مالی معاوضے، تنخواہ یا انعام کا پابند نہیں کیا جاتا۔ ہمارا بنیادی انحصار رضاکارانہ تعاون اور نیکی کی ترغیب پر ہے۔
6۔ تعداد شمار کرنے اور اجتماعی اعداد جمع کرنے کا مقصد: مختلف مدارس یا مساجد میں بچوں اور دیگر شرکاء کے پڑھے ہوئے درود شریف کی تعداد جمع کرکے مجموعی تعداد معلوم کی جاتی ہے۔ اس کا مقصد مہم کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور لوگوں کو یہ ترغیب دینا ہے کہ وہ بھی اس نیک عمل میں حصہ لیں۔ہم یہ دعویٰ نہیں کرتے کہ محض تعداد زیادہ ہونے سے کسی شخص کا عمل لازماً اللہ تعالیٰ کے ہاں زیادہ مقبول ہوجاتا ہے، بلکہ قبولیت کا حقیقی علم اللہ تعالیٰ ہی کو ہے۔
7۔ شرعی رہنمائی کی درخواست: ہماری خواہش ہے کہ یہ مہم قرآن و سنت اور شریعت کے اصولوں کے مطابق جاری رہے۔ اس لئے درج ذیل سوالات کے بارے میں رہنمائی فرمائیں:
سوال نمبر 1: کیا لوگوں اور بالخصوص مدارس کے طلبہ و طالبات میں درود شریف پڑھنے کی ترغیب دینے کے لئے اس طرح منظم مہم چلانا شرعاً جائز ہے؟
سوال نمبر 2: کیا درود شریف کی تعداد شمار کرنے کے لئے کاؤنٹر یا دانوں والی تسبیح مفت یا رعایتی قیمت پر فراہم کرنا جائز ہے؟
سوال نمبر 3: کیا معلِّمین سے رضاکارانہ طور پر بچوں کے پڑھے ہوئے درود شریف کا ریکارڈ رکھنے اور رپورٹ دینے کی درخواست کرنا، جبکہ کسی کو اس کا پابند نہ کیا جائے، شرعاً درست ہے؟
سوال نمبر 4: کیا بچوں میں شوق پیدا کرنے اور مہم کی کارکردگی معلوم کرنے کے لئے درود شریف کی انفرادی یا اجتماعی تعداد جمع کرنا اور اس کی رپورٹ تیار کرنا جائز ہے، بشرطیکہ اسے عبادت کی قبولیت یا اخلاص کا معیار نہ سمجھا جائے؟
سوال نمبر 5: کیا اس پورے طریقۂ کار میں کوئی شرعی قباحت، بدعت یا ایسا پہلو پایا جاتا ہے جس سے بچنا ضروری ہو؟ اگر کوئی قباحت ہو تو براہِ کرم اس کی نشاندہی فرما کر جائز اور درست متبادل طریقۂ کار بھی تجویز فرمائیں۔ہماری درخواست ہے کہ مذکورہ تمام تفصیلات کو سامنے رکھتے ہوئے قرآن و سنت اور معتبر فقہی اصولوں کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں، تاکہ ہم اس مہم کو شرعی حدود کے اندر رہتے ہوئے جاری رکھ سکیں۔جزاکم اللہ خیراً
اس میں شک نہیں کہ فرائض و واجبات اور سننِ مؤکدہ کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ درود شریف کا کثرت سے اہتمام کرنا شرعاً مطلوب ، باعثِ برکت اور بہت زیادہ باعثِ اجر و ثواب ہے اور احادیثِ مبارکہ میں اس کی تاکید اور فضائل وارد ہوئے ہیں۔ چونکہ درود شریف پڑھنا بھی منجملہ احکامِ شرعیہ ایک شرعی حکم ہے اور جیسے شریعتِ مطہرہ میں دیگر عبادات کے مختلف درجات مثلاً فرض حج، نفلی حج اور جیسے فرض روزہ، مسنون روزہ اور مستحب روزہ وغیرہ بیان کیے گئے ہیں، ایسے ہی درود شریف پڑھنے کے بھی درجات ہیں۔ پہلا درجہ فرض کا ہے کہ بالغ ہونے کے بعد ہر مسلمان مرد و عورت پر زندگی میں ایک دفعہ درود شریف پڑھنا فرض ہے اور اس کی تعمیل تو ایک دفعہ پوری نماز پڑھنے سے ہو ہی جاتی ہے۔ دوسرا درجہ واجب ہے کہ جب بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا نامِ مبارک کسی مجلس میں بولنے یا سننے میں آئے تو کم از کم ایک دفعہ درود شریف پڑھنا واجب ہے اور اس کے بعد اسی مجلس میں بار بار نامِ مبارک کے سننے پر یا عام حالات میں بطورِ ورد درود شریف پڑھنا مستحب اور افضل ہے۔
البتہ جہاں تک سوال میں مذکور تحریک کا تعلق ہے تو اس کا مقصد اگرچہ بہت ہی عمدہ اور خوبصورت لگتا ہے اور بحیثیت ایک مسلمان اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے اور ان سے محبت ایمانی کی بنیاد پر ہر ایک کی یہی خواہش ہونی چاہئیے کہ زیادہ سے زیادہ درود شریف پڑھا جائے اور اس کی تلقین کی جائے لیکن نفلی عبادات چونکہ ہر شخص کا انفرادی عمل ہے اور قران و سنت کی رو سے ایسے امور میں اخفاء یعنی ان عبادات کو پوشیدہ رکھنا افضل قرار دیا گیا ہے نیز خیر القرون میں حضرات صحابہ کرام اور تابعین عظام سے باوجود محبت و عقیدت کے اس طرح کا التزام منقول نہیں ،نیز اس طرح کی تحریکیں عموما انتہائی سخت شرائط اور قیود کے باوجود بھی بدعت کی صورت اختیار کر جاتی ہیں چنانچہ ان وجوہات کی بنا پر ایک مخصوص طرز پر صرف درود شریف کی تحریک چلانے کے بجائے امت میں تمام احکام ِشرعیہ فرائض و واجبات کی ادائیگی کے حوالے سے سعی و محنت کی جائے جس کا بہترین نمونہ تبلیغی جماعت کی صورت میں ہمارے سامنے ہے اس لئے انہی کے ساتھ مل کر اس جدوجہد کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے اور یہ بہتر رہے گا۔
قال تعالی: ولتكن منكم أمة يدعون إلى الخير ويأمرون بالمعروف وينهون عن المنكر وأولئك هم المفلحون (سورۃ آل عمران الآیۃ 104)
و فی تفسیر ابن کثیر: يقول تعالى: ولتكن منكم أمة منتصبة للقيام بأمر الله في الدعوة إلى الخير والأمر بالمعروف والنهي عن المنكر، وأولئك هم المفلحون، قال الضحاك: هم خاصة الصحابة وخاصة الرواة، يعني المجاهدين والعلماء. وقال أبو جعفر الباقر «2» : قرأ رسول الله صلى الله عليه وسلم ولتكن منكم أمة يدعون إلى الخير ثم قال «الخير اتباع القرآن وسنتي» رواه ابن مردويه. والمقصود من هذه الآية، أن تكون فرقة من هذه الأمة متصدية لهذا الشأن، وإن كان ذلك واجبا على كل فرد من الأمة بحسبه، كما ثبت في صحيح مسلم، عن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم «من رأى منكم منكرا فليغيره بيده، فإن لم يستطع فبلسانه، فإن لم يستطع فبقلبه وذلك أضعف الإيمان» «3» وفي رواية: وليس وراء ذلك من الإيمان حبة خردل» .
وقال الإمام أحمد «4» : حدثنا سليمان الهاشمي، أنبأنا إسماعيل بن جعفر، أخبرني عمرو بن أبي عمرو، عن عبد الله بن عبد الرحمن الأشهلي، عن حذيفة بن اليمان، أن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «والذي نفسي بيده، لتأمرن بالمعروف ولتنهون عن المنكر، أو ليوشكن الله أن يبعث عليكم عقابا من عنده، ثم لتدعنه فلا يستجيب لكم» ورواه الترمذي وابن ماجه من حديث عمرو بن أبي عمرو به، وقال الترمذي: حسن، والأحاديث في هذا الباب كثيرة، مع الآيات الكريمة، كما سيأتي تفسيرھا في أماكنها.(ج:2 ص:78 ط: دار الکتب العلمیۃ۔بیروت)۔
سنن الترمذی: قال أبي: قلت: يا رسول الله إني أكثر الصلاة عليك فكم أجعل لك من صلاتي؟ فقال: ما شئت. قال: قلت: الربع، قال: ما شئت فإن زدت فهو خير لك، قلت: النصف، قال: ما شئت، فإن زدت فهو خير لك، قال: قلت: فالثلثين، قال: ما شئت، فإن زدت فهو خير لك، قلت: أجعل لك صلاتي كلها قال: إذا تكفى همك، ويغفر لك ذنبك۔ هذا حديث حسن.(أبواب صفة القيامة والرقائق ج:4 ص:636 ط: ألبابي۔مصر)۔
السنن الكبرى للبيهقي: عن أنس بن مالك: أنه سمعه يقول: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: من صلى علي صلاة واحدة صلى الله عليه عشر صلوات، وحط عنه بها عشر سيئات، ورفعه بها عشر درجات.(كتاب عمل اليوم والليلة ثواب الصلاة على النبي ج:9 ص:30 ط: مؤسسة الرسالة)۔
شعب الایمان للبیھقی: قال علي: من صلى على النبي صلى الله عليه وسلم يوم الجمعة مائة مرة جاء يوم القيامة وعلى وجهه من النور نور يقول الناس أي شيء كان يعمل هذا۔(الصلوات،فضل الصلاة على النبي صلى الله عليه وسلم ج:3 ص:112 رقم:3036 ط: دار الكتب العلمية۔بيروت)
مرقاۃ المفاتیح: عن ابن مسعود قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: أولى الناس بي يوم القيامة أكثرهم علي صلاة (كتاب الصلاة، باب الصلاة على النبي صلى الله عليه وسلم وفضلها ج:2 ص:743 رقم:923 ط: دار الفكر۔بيروت)۔
و فی الدر المختار: (وهي فرض) عملا بالأمر في شعبان ثاني الهجرة (مرة واحدة) اتفاقا (في العمر) فلو بلغ في صلاته نابت عن الفرض نهر بحثا.(الی قولہ)(واختلف) الطحاوي والكرخي (في وجوبها) على السامع والذاكر (كلما ذكر) صلى الله عليه وسلم (والمختار) عند الطحاوي (تكراره) أي الوجوب (كلما ذكر) ولو اتحد المجلس في الأصح الخ
و فی الشامیۃ: مطلب في وجوب الصلاة عليه كلما ذكر عليه الصلاة والسلام
(قوله في وجوبها) أي وجوب الصلاة عليه صلى الله عليه وسلم (الی قولہ)۔۔۔ (قوله والذاكر) أي ذاكر اسمه الشريف صلى الله عليه وسلم ابتداء لا في ضمن الصلاة عليه كما صرح به في شرح المجمع، وفيه كلام سيأتي (قوله عند الطحاوي) قيد به لأن المختار في المذهب الاستحباب الخ (کتاب الصلوۃ باب صفۃ الصلوۃ فروع :قرأ بالفارسية ج:1 ص:516 ط: سعید۔کراتشی)۔