احکام نماز

کعبہ کی تصویر والے جانماز پر نماز پڑھنے کا حکم

فتوی نمبر :
100266
| تاریخ :
2026-10-10
عبادات / نماز / احکام نماز

کعبہ کی تصویر والے جانماز پر نماز پڑھنے کا حکم

کیا ایسی جائے نماز پر نماز پڑھنا جائز ہے جس پر خانہ کعبہ کی بڑی تصویر بنی ہو؟ میری جائے نماز پر کعبہ کی بڑی تصویر ہے، اور جب میں بیٹھتا ہوں تو کبھی کبھار میرے گھٹنے کعبہ کی تصویر کو چھو جاتے ہیں۔ کیا اسے بے ادبی یا ناجائز سمجھا جائے گا؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ کعبہ کی تصویر کسی ذی روح (جاندار) کی تصویر نہیں، بلکہ ایک بے جان عمارت کی ہے، اس لیے ایسے جائے نماز پر نماز درست اور جائز ہے۔ البتہ، جائے نماز پر تصاویر و نقش و نگار ہونے کی وجہ سے نماز میں نمازی کی توجہ بٹنے کا قوی امکان ہے، اس لیے اگر سادہ جائے نماز کا بندوبست کیا جائے تو وہ زیادہ افضل اور بہتر ہے۔ جہاں تک بیٹھنے یا سجدہ کرنے کی حالت میں گھٹنے یا جسم کے کسی حصہ کا اس تصویر کو چھونے کی بات ہے، تو چونکہ اس میں ارادتاً یا قصداً کسی قسم کی اہانت یا بے ادبی کا کوئی قصد نہیں ہوتا، اس لیے اس کی وجہ سے یہ عمل بے ادبی اور اہانت شمار نہ ہوگا، تاہم کعبہ چونکہ شعائرِ اسلام میں سے ہے، جس کی تعظیم بہر صورت ضروری ہے (یہ اگرچہ اصل نہیں بلکہ تصویر ہے،مگر اس کا لحاظ رکھنا بھی مستحن ومطلوب ہے)،لہذا حتی الامکان بے ادبی سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

مأخَذُ الفَتوی

كما في مرقاة المصأبيح: وعن عائشة رضى الله عنها، قالت: «صلى رسول الله صلى الله عليه وسلم في خميصة لها أعلام، فنظر إلى أعلامها نظرة، فلما انصرف، قال: (اذهبوا بخميستي هذه إلى أبي جهم، وأتوني بأنبجانية أبي جهم، فإنها ألهتني آنفا عن صلاتي» ) ، متفق عليه، وفي رواية للبخاري، قال: ( «كنت أنظر إلى علمها وأنا في الصلاة فأخاف أن تفتنني. (باب الستر:ج:٢، ص:٦٣٢، رقم: ٧٥٧، ط: دار الفكر، بيروت – لبنان ).
وفي بدائع الصنائع: فأما صورة ما لا حياة له كالشجر ونحو ذلك فلا يوجب الكراهة؛ لأن عبدة الصور لا يعبدون تمثال ما ليس بذي روح، فلا يحصل التشبه بهم (فصل شرائط أركان الصلاة: ج:١، ص:١١٦، ط: دار الكتب العلمية وغيرها ).
وفي مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح: ولو صلى ومعه دراهم عليها تماثيل ملك لا بأس به لأن هذا يصغر عن البصر "أو" تكون كبيرة "مقطوعة الرأس" لأنها لا تعبد بلا رأس "أو" تكون "لغير ذي روح" كالشجر لأنها لا تعبد (فصل في المكروهات: ص: ١٣٢، ط: المكتبة العصرية ).

واللہ تعالی اعلم بالصواب
وحید اللہ صافی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100266کی تصدیق کریں
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات