کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام و مفتیانِ عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرا نام ماجد ہے، عمر ۲۶ سال ہے، میں نے ۲۰۰۱ میں انٹر پاس کیا ہے اور سیمنس پاکستان انجینئر کمپنی میں ٹریننگ کے بعد اب وہیں نوکری کر رہاہوں، میں نے کراچی یونیورسٹی میں پرائیویٹ ’’بی کام‘‘ میں رجسٹریشن کروائی ہوئی ہے ۲۰۰۳ء میں ،مگر آج تک میں پیپر نہیں دے پایا، جب بھی پڑھنے کی کوشش کرتا ہوں تو دل ہی نہیں کرتا اور کوئی نہ کوئی پرابلم ہو جاتی ہے، جب بھی پڑھائی شروع کرنے کی کوشش کرتا ہوں ناکام ہو جاتا ہوں ، دل اچاٹ ہو جاتا ہے ، مجھے لگتا ہے کہ میں اپنی قسمت سے لڑنے کی کوشش کر رہا ہوں کہ میری قسمت میں آگے پڑھائی نہیں ہے، استخارہ کر کے یہ بتائیں کہ مجھے کیا کرنا چاہیے اور اب تو پیسوں کا پرابلم بھی آگیا ہے۔
واضح ہو کہ حالات کے بننے اور سنورنے کا زیادہ تعلق اعمال کے ساتھ ہے، اس لیے سائل کو چاہیے کہ وہ اوامرِ شرعیہ ’’فرائض و واجبات، سنن و مستحبات‘‘ کو اپنائے اور پورا کرے جبکہ نواہی ’’ناجائز، حرام، مکروہ اور دیگر منکراتِ شرعیہ‘‘ سے بچنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کو موافقِ سنت ڈھالنے کی فکر کرے، ان شاء اللہ اس کےحالات بہتر ہو جائیں گے اور اگر اس کے ساتھ وہ بعد نمازِ عصر سورۃ واقعۃ ایک مرتبہ سورۃ مزمل سات مرتبہ، ’’یا قَوِیُّ، یارزّاق، یالطیف، یاودود، یا رؤُوف‘‘ اور یا رحیم تین سوتیرہ مرتبہ اور اول و آخر تین تین مرتبہ درود شریف کا بھی اہتمام کرے، ان شاء اللہ بہت مفید رہے گا۔