السلام علیکم مفتی صاحب! میرا نام محمود ہے اور آج کل میں ایک مسئلہ میں پھنسا ہوا ہوں، جو کہ میں آپ سے معلوم کرنا چاہتا ہوں، میں”وارِد“"Warid" میں جاب کرتا ہوں اور ساتھ میں”اسٹاک ایکسچینج“کا بھی چھوٹا سا کام شروع کیا ہے، ”آن لائن ٹریڈنگ“ کا، لیکن پچھلے مہینے سے میرے سارے دوست اور فیملی ممبر اس کام کو حرام بول رہے ہیں، میں آپ سے تصدیق کرانا چاہتا ہوں کہ میں یہ کام کروں یا نہ کروں براہِ کرم اس کا تفصیلی جواب دیں، ایک اور چیز اگر آپ برا نہ منائیں تو خیر و برکت یا روزی میں اضافہ کیلئے کوئی وظیفہ بتا دیں۔
وسعتِ رزق کیلئے اصل چیز پنج وقتہ نماز کی پابندی کے ساتھ ساتھ دیگر احکامِ شرع کی پابندی اور معاصی سے اجتناب ہی ہے، تاہم اگر سائل اس کے ساتھ چالیس روز تک وقت متعین کر کے اول آخر گیاره گیارہ بار درود شریف ، درمیان میں ”یَامُغْنِیْ“ گیارہ سو گیارہ(۱۱۱۱) مرتبہ اور گیارہ(۱۱) مرتبہ”سورۂ مزمل“پڑھے، تو ان شاء اللہ اس کے رزق میں وسعت و فراخی کا سامان ہو جائے گا۔
اگر سائل اپنے کام کی مکمل تفصیل لکھ کر اس سوال کو دوبارہ”ای میل“کر دے، تو ان شاء اللہ اس پر غور کر کے اس کے حکمِ شرعی سے آگاہ کیا جائے گا۔
كمافي مشكاة المصابيح: عن ثوبان قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "لا يرد القدر إلا الدعاء ولا يزيد في العمر إلا البر وإن الرجل ليحرم الرزق بالذنب يصيبه" . رواه ابن ماجه (3/1378)