السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
محترم مفتی صاحب!
میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی ہوں اور اپنی زندگی کے ایک بہت اہم معاملے میں آپ سے شرعی رہنمائی چاہتی ہوں۔
میرے گھر والوں نے میرے لیے ایک رشتہ قبول کیا تھا اور میں نے بھی گھر والوں کے کہنے پر ہاں کر دی تھی۔ لیکن اب میں اس لڑکے سے شادی نہیں کرنا چاہتی، کیونکہ میرا دل اس رشتے پر راضی نہیں ہے اور مجھے وہ انسان پسند نہیں ہے۔
منگنی کے دوران میں نے کئی مرتبہ رو رو کر اپنے گھر والوں کو منع کیا اور ان سے درخواست کی کہ یہ منگنی ختم کر دیں، لیکن وہ میری بات ماننے کو تیار نہیں ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اب منگنی ختم کرنا دوسرے خاندان کی بےعزتی ہوگی، ہماری بدنامی ہوگی اور اس کے بعد میرے لیے کوئی دوسرا رشتہ نہیں آئے گا۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ دل کا نہ ماننا کوئی وجہ نہیں ہوتی، دل کو تو کسی بھی طرف کیا جا سکتا ہے اور مجھے اپنے دل کو سمجھا کر اس لڑکے کو قبول کر لینا چاہیے۔
میں اپنے والدین کی بےعزتی نہیں کرنا چاہتی اور نہ ہی دوسرے خاندان کو تکلیف دینا چاہتی ہوں۔ لیکن میں خود کو ایسے انسان سے شادی کے لیے رضامند نہیں کر پا رہی جسے میں اپنا شریکِ حیات نہیں بنانا چاہتی۔
مجھے افسوس ہے کہ میں نے شروع میں ہاں کیوں کی، لیکن اب میرے گھر والے اسی ہاں کو بنیاد بنا کر میری بات تسلیم نہیں کر رہے۔ میں بار بار اپنی کیفیت بیان کر چکی ہوں، مگر میری بات کو اہمیت نہیں دی جا رہی۔
میری آپ سے چند گزارشات ہیں:
1. کیا اسلام میں لڑکی کے لیے یہ جائز ہے کہ وہ صرف اس وجہ سے منگنی ختم کرنا چاہے کہ وہ اس لڑکے سے شادی نہیں کرنا چاہتی؟
2. کیا منگنی کے لیے پہلے ہاں کر دینے سے شرعاً نکاح کرنا لازم ہو جاتا ہے؟
3. کیا والدین اپنی بیٹی کو ایسے رشتے پر قائم رہنے کے لیے مجبور کر سکتے ہیں جسے وہ قبول نہیں کرنا چاہتی؟
4. کیا صرف یہ خوف کہ خاندان کی بےعزتی ہوگی یا مستقبل میں کوئی رشتہ نہیں آئے گا، لڑکی کی رضامندی کے بغیر شادی پر اصرار کرنے کے لیے کافی ہے؟
5. ایسی صورت میں مجھے شرعی طور پر کیا کرنا چاہیے اور اپنے والدین کو کیسے سمجھانا چاہیے؟
میں اپنے والدین کی نافرمانی یا کسی کی دل آزاری نہیں کرنا چاہتی۔ میں صرف یہ جاننا چاہتی ہوں کہ اسلام اس معاملے میں میری رہنمائی کیسے کرتا ہے۔
آپ سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ میرے مسئلے کو سمجھتے ہوئے قرآن و سنت کی روشنی میں میری رہنمائی فرمائیں۔ اگر ممکن ہو تو مجھے اس بارے میں واضح جواب عطا فرمائیں تاکہ میں اپنے گھر والوں کے سامنے بھی شرعی رہنمائی پیش کر سکوں۔
اللہ تعالیٰ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے۔
والسلام
پاکستان سے ایک پریشان حال بہن
واضح ہو کہ منگنی نکاح نہیں، بلکہ نکاح کا وعدہ ہے، اس لیے محض منگنی ہوجانے یا منگنی کے لیے رضامندی ظاہر کردینے سے شرعاً نکاح لازم نہیں ہوجاتا۔ لہٰذا صورتِ مسئولہ میں اگر سائلہ اور مذکورہ لڑکے کے درمیان محض منگنی ہوئی ہو اور باقاعدہ ایجاب وقبول کے ذریعے نکاح نہ ہوا ہو تو ایسی صورت میں نکاح منعقد نہ ہونے کی وجہ سے سائلہ مذکورہ لڑکے کی بیوی اور منکوحہ نہیں بنی۔ تاہم چونکہ منگنی کی حیثیت وعدے کی ہے اور بغیر کسی عذر کے وعدہ خلافی کرنا شرعاً مذموم عمل ہے، اس لیے اگر مذکورہ لڑکے میں کوئی دینی، اخلاقی یا معاشرتی عیب نہ ہو اور سائلہ کے والدین بھی مذکورہ لڑکے کو سائلہ کے لیے موزوں سمجھتے ہوں تو ایسی صورت میں سائلہ کو چاہیے کہ منگنی توڑنے کے بجائے اسے برقرار رکھنے کی کوشش کرے۔البتہ اگر کسی عذر کی بنا پر سائلہ کو یہ رشتہ اس قدر ناپسند ہو کہ نکاح ہوجانے کے بعد حدود اللہ کی رعایت کرتے ہوئے اس رشتے کو برقرارنہ رکھنے کا قوی اندیشہ ہو تو ایسی صورت میں باہمی افہام وتفہیم کے ساتھ منگنی ختم کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔ اس صورت میں سائلہ کے والدین کو بھی چاہیے کہ مستقبل میں تنازعات اور جھگڑوں سے بچنے کے لیے سائلہ کی رضامندی کا لحاظ رکھتے ہوئے دوسرے خاندان والوں سے مناسب انداز میں بات چیت کرکے منگنی ختم کردیں۔ محض ابتدا میں سائلہ کی رضامندی کو بنیاد بناکر ہر حال میں اسے اس رشتے کے لیے مجبور کرنا مناسب نہیں، اس لیے ایسا کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔
کما فی الھندیة: لا يجوز نكاح أحد على بالغة صحيحة العقل من أب أو سلطان بغير إذنها بكرا كانت أو ثيبا فإن فعل ذلك فالنكاح موقوف على إجازتها فإن أجازته؛ جاز، وإن ردته بطل، كذا في السراج الوهاج. (كتاب النكاح، الباب الرابع في الأولياء في النكاح، وقت الدخول بالصغيرة، 287/1، ط: دارالفکر)