السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔ کیا فرماتے ہیں علماء اور مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ میری والدہ کا انتقال ہوا تو انہوں نے میراث میں ایک مکان، اپنے ذاتی کپڑے اور کچھ نقد رقم چھوڑی، میری والدہ کے والدین اور شوہر پہلے ہی انتقال کر چکے ہیں، ان کے وارثین میں صرف ان کے تین بیٹے حیات ہیں لہذا صورت مسئولہ میں میراث کیسے تقسیم کی جائے گی؟ یعنی مکان کو کیسے تقسیم کریں اور کپڑوں کو کیسے تقسیم کریں؟ رقم تو سمجھ میں آتا ہے کہ وہ بانٹ دی جائے گی۔ اور یہ بھی وضاحت فرما دیں کہ والدہ کی نمازیں اور روزے چھوٹ گئے تھے بیماری کی وجہ سے تو اس کا فدیہ والدہ کی ترکے کی رقم میں سے کیسے ادا کیا جا سکتا ہے؟ جواب دے کر ممنون اور مشکور فرمائیں۔ جزاک اللہ خیراً کثیرا۔
واضح ہو کہ انسان کی وفات کے ساتھ ہی،اس کی تمام مملوکہ چیزیں(چاہے وہ جائیدا د ،نقد پیسے وغیرہ ہوں،یا اس کے استعمال کے کپڑے ) اس کا ترکہ بن جاتی ہیں،جن پر اس کے تمام شرعی ورثاء اپنے شرعی حصوں کے بقدر شریک ہوتے ہیں،لہذا صورتِ مسئولہ میں سائل کی مرحومہ والدہ کے مکان ،کپڑے اور رقم پر ان کے تمام شرعی ورثاء کا حق ہے ، اب مرحومہ کے ترکہ میں جوچیزیں قابلِ تقسیم ہیں( مثلاً سونا،چاندی،نقد پیسے وغیرہ) انہیں تو ورثاء کے درمیان ان کے حصص کے اعتبار سے تقسیم کرلیا جائے،اور جو چیزیں قابلِ تقسیم نہیں ہیں یعنی تقسیم کے بعد وہ قابلِ انتفاع نہیں ہو گی جیسے کپڑے وغیرہ تواس کی تقسیم کی صورت یہ ہے کہ ان تمام اشیاء کو فروخت کردیا جائے،اور پھر اس کی قیمت ،تمام ورثاء کے درمیان شرعی اعتبار سے تقسیم کردی جائے ، یا وہ کپڑے کسی وارث کو اس کے حصہ میں دے دئیے جائیں۔
جبکہ سائل کی والدہ مرحومہ نے اگر فدیہ دینے کی وصیت نہ کی ہو، تو اس کی بیماری کی وجہ سے چھوٹی ہوئی نمازوں اور روزے کا فدیہ دینا ورثاء پر لازم نہیں ، تاہم اگر تمام ورثاء عاقل بالغ ہوں اور وہ اپنی رضامندی وخوشی سے ترکہ کی رقم سے مرحومہ کے نمازوں کا فدیہ دینا چاہتے ہوں ، تو یہ بھی شرعاً درست ہے ،نیز ہر ایک نماز اور ہر روزہ کا فدیہ کی مقدار دو کلو گندم یا اس کی مقامی قیمت کے برابر ہوگی اور ایک دن میں پانچ فرض نمازوں کے علاوہ وتر کا مستقل فدیہ ادا کرنا لازم ہوگا، اس حساب سے یومیہ چھ نمازوں کے حساب سےفدیہ کی ادائیگی لازم ہوگی۔
کما فی رد المحتار: وإن لم يوص لا يجب على الورثة الإطعام لأنها عبادة فلا تؤدى إلا بأمره إن فعلوا ذلك جاز ويكون له ثواب. اهـ. و لا شبهة في أن الضمير في له للميت وهذا هو الظاهر الخ ( کتاب الصوم، ج: 2، ص: 425، ط:سعید )۔
و فیہ أیضا: تحت: (قولہ يعطى) بالبناء للمجهول: أي يعطي عنه وليه: أي من له ولاية التصرف في ماله بوصاية أو وراثة فيلزمه ذلك من الثلث إن أوصى، وإلا فلا يلزم الولي ذلك لأنها عبادة فلا بد فيها من الاختيار، (الی قولہ ) ثم اعلم أنه إذا أوصى بفدية الصوم يحكم بالجواز قطعا لأنه منصوص عليه. وأما إذا لم يوص فتطوع بها الوارث فقد قال محمد في الزيادات إنه يجزيه إن شاء الله تعالى الخ ( باب قضاء الفوائت، ج: 2، ص: 72، ط: سعید )۔
باپ سے الگ رہنے اور گھر کے اخراجات میں شریک نہ ہونے والے بیٹے کا ترکہ میں سے مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 1ترکہ کی تقسیم(مرحومہ کے بالواسطہ و بلا واسطہ ورثاء =1 حقیقی بیٹا 1 سوتیلا بیٹا 2 حقیقی بیٹیاں 2 دو سوتیلی بیٹیاں)
یونیکوڈ احکام وراثت 0کسی نے حصۂ میراث اپنی زندگی میں طلب نہ کیا ہو تو اس کے ورثاء کا اس کے حصے کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 2