بسم اللہ الرحمن الرحیم ، السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! استفتا موضوع: "نادِ علی جلَّ جلالُہ" کے عنوان سے شائع شدہ وظیفہ کی شرعی حیثیت مفتیانِ عظام، دامت برکاتہم ، بعد از حمد و صلاۃ، مؤدبانہ گزارش ہے کہ آج کل سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع اور عوامی حلقوں میں ایک تصویر نہایت تیزی سے گردش کر رہی ہے، جس میں ایک مخصوص وظیفہ شائع کیا گیا ہے۔ اس تصویر پر "سلسلہ نقشبندیہ شاذلیہ" کا عنوان درج ہے، جبکہ اس کی نمایاں سرخی "نادِ علی جلَّ جلالُہ" لکھی گئی ہے، تصویر میں درج عربی عبارت درج ذیل ہے: نَادِ عَلِيًّا جَلَّ جَلَالُهُ مَظْهَرَ الْعَجَائِبِ تَجِدْهُ عَوْنًا لَكَ فِي النَّوَائِبِ ، جس کا اردو ترجمہ یوں درج کیا گیا ہے: "پکارو اس رب کو جو بلند و بالا ہے اور عجائبات کو ظاہر فرمانے والا ہے، تم ہر مصیبت اور ناگواری میں اسی کو اپنا مددگار پاؤ گے۔" اس کے بعد یہ عبارت درج ہے: يَا اللَّهُ بِنُبُوَّةِ مُحَمَّدٍ ﷺ بِوِلَايَةِ عَلِيٍّ كَرَّمَ اللَّهُ وَجْهَهُ جس کا ترجمہ یہ لکھا گیا ہے: "اے اللہ! اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کی نبوت کی برکت اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی ولایت کے وسیلے سے۔" اس کے بعد یہ الفاظ درج ہیں: يَا عَلِيُّ يَا عَلِيُّ يَا عَلِيُّ جَلَّ جَلَالُهُ اور اس کا ترجمہ یہ کیا گیا ہے: "اے بلند شان والے! اے بلند شان والے! اے بلند شان والے!" تصویر کے آخر میں ایک ایسے شخص کا نام درج ہے جو خود کو دیوبندی عالم ظاہر کرتا ہے، محترم مفتیانِ کرام! یہ عبارت اپنی ظاہری ساخت، الفاظ اور ہیئت کے اعتبار سے عوام میں معروف "نادِ علی" سے نہایت مشابہ معلوم ہوتی ہے، تاہم اس میں لفظ "علی" کی تفسیر اللہ تعالیٰ کے اسمِ مبارک "العلی" کے معنی میں کی گئی ہے، اور اس کے ساتھ "جلَّ جلالُہ" کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ مزید برآں اسی عبارت میں حضرت محمد ﷺ کی نبوت اور حضرت علی کرم اللہ وجہہ الکریم کی ولایت کے وسیلے کا بھی ذکر موجود ہے، یہ صورتِ حال عوام الناس کے لیے مختلف اعتقادی، علمی اور شرعی اشکالات کا سبب بن رہی ہے۔ بعض لوگ اسے خالص توحیدی وظیفہ قرار دیتے ہیں، جبکہ بعض اسے معروف "نادِ علی" ہی کی نئی تعبیر سمجھتے ہیں۔ اس اختلاف کی وجہ سے عوام میں شدید التباس پیدا ہو رہا ہے۔ اسی لیے درج ذیل سوالات کی روشنی میں شرعی رہنمائی مطلوب ہے، سوال نمبر اوّل ، کیا عربی زبان، قواعدِ نحو و صرف، اصولِ لغت اور اسالیبِ عرب کی روشنی میں "نَادِ عَلِيًّا" اور "يَا عَلِيُّ" کے ساتھ "جَلَّ جَلَالُهُ" کا استعمال درست اور فصیح ہے؟ کیا اس ترکیب سے بلا اشتباہ اللہ تعالیٰ ہی مراد ہوتے ہیں، یا اس میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کی طرف ذہن منتقل ہونے کا قوی احتمال موجود ہے، جس کی وجہ سے عوام الناس اعتقادی اشتباہ میں مبتلا ہو سکتے ہیں؟ سوال نمبر دوم : چونکہ "نادِ علی" کے الفاظ صدیوں سے ایک معروف تاریخی پس منظر رکھتے ہیں، اس لیے کیا انہی الفاظ کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی نئی تعبیر و تشریح پیش کرنا اور انہیں بطورِ وظیفہ عوام میں رائج کرنا شرعاً درست ہے؟ کیا اس مخصوص ہیئت، ترتیب اور انداز کے ساتھ اس کا ورد کرنا یا دوسروں کو اس کی تلقین کرنا شریعت کی رو سے جائز ہے؟ سوال نمبر سوم : اس عبارت میں یہ الفاظ بھی موجود ہیں: ﴿بِنُبُوَّةِ مُحَمَّدٍ ﷺ بِوِلَايَةِ عَلِيٍّ﴾ اہلِ سنت والجماعت کے مسلمہ عقائد، قرآن و سنت، آثارِ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم، ائمۂ اربعہ، ائمۂ حدیث، ائمۂ محدثین اور اکابر فقہاء کی روشنی میں اس نوعیت کے توسل کی شرعی حیثیت کیا ہے؟ کیا اس طرزِ تعبیر اور اس مخصوص اسلوب کی کوئی اصل قرآنِ کریم، سنتِ نبوی ﷺ یا سلفِ صالحین سے ثابت ہے یا نہیں؟ سوال نمبر چہارم : ایک عام مسلمان کے لیے اپنے عقیدہ و عمل کی حفاظت کے پیشِ نظر، اس تصویر میں مذکور وظیفہ پڑھنا، اسے معمول بنانا، باعثِ ثواب سمجھنا، دوسروں کو اس کی ترغیب دینا یا اس کی اشاعت کرنا شرعاً جائز ہے؟ یا احتیاط کا تقاضا یہی ہے کہ ایسے اذکار، وظائف اور تعبیرات سے اجتناب کیا جائے جن سے عقیدے میں اشتباہ، شبہ یا فتنہ پیدا ہونے کا اندیشہ ہو، خواہ ان کے پیش کرنے والے کی نیت کچھ بھی ہو؟ سوال نمبر پنجم: اگر کسی ذکر، دعا یا وظیفہ کے الفاظ اپنی ظاہری دلالت یا تاریخی شہرت کی وجہ سے عوام میں غلط فہمی پیدا کرنے کا سبب بن رہے ہوں، تو کیا فقہائے امت کے اصول سدِّ ذرائع، دفعِ شبہات اور حفاظتِ عقیدہ کی بنا پر ایسے الفاظ سے اجتناب کرنا واجب یا راجح قرار پاتا ہے؟ اس بارے میں ائمۂ اربعہ اور اکابر اہلِ سنت کی تصریحات کیا ہیں؟ آخر میں مؤدبانہ گزارش ہے کہ مذکورہ تمام سوالات کے جوابات قرآنِ کریم، سنتِ رسول اللہ ﷺ، آثارِ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم، ائمۂ اربعہ، ائمۂ حدیث، ائمۂ محدثین، قواعدِ عربیت، اصولِ فقہ اور اہلِ سنت والجماعت کے مسلمہ عقائد کی روشنی میں، حتی الامکان اصل مراجع کے حوالہ جات (جلد، صفحہ اور حدیث یا مسئلہ نمبر کے ساتھ) مرحمت فرمائے جائیں، تاکہ عوام الناس صحیح شرعی رہنمائی حاصل کر سکیں اور دین کے معاملے میں ہر قسم کے اشتباہ سے محفوظ رہیں۔
"نادِ علی" کےنام سے مشہور وظیفہ شرکیہ جملوں پر مشتمل ہے، اس لیے کسی مسلمان کے لیے ’’ناد علی‘‘ کا مذکور وظیفہ پڑھنا جائز نہیں،اس سے احترازلام ہے ۔(ازتبویب 29081)
نیزعربی قواعد کے اعتبار سے "نَادِ عَلِيًّا" کا ظاہر مفہوم یہی ہے کہ "علی کو پکارو"؛ کیونکہ "عليًّا" یہاں مفعول بہ ہے، اور "يَا عَلِيُّ" صریح نداء ہے۔ اسے صرف اسمِ الٰہی "العلي" قرار دینا عربی عبارت کے ظاہر سے بعید ہے، خصوصاً جب پوری عبارت کے معروف تاریخی استعمال میں حضرت علی رضی اللہ عنہ ہی مراد ہوتے ہیں۔ اس لیے "جَلَّ جَلَالُهُ" کا اضافہ کرکے اس لفظ کو اسمِ الٰہی قرار دینا عوام کے لیے اشتباہ کا باعث ہے؛ لہٰذا ایسی مبہم تعبیر سے اجتناب کرناچاہیے۔
مزید یہ کہ مذکورہ وظیفے میں "بِنُبُوَّةِ مُحَمَّدٍ، بِوِلَايَةِ عَلِيٍّ" کا ذکر اگر صرف اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے وسیلہ مراد ہو تو" توسل "کی بعض صورتوں کی اگرچہ اہلِ سنت کے ہاں گنجائش ہے؛ تاہم اس کو مخصوص ترتیب سےشرعی وظیفہ یا مسنون ذکر قراردیکر کر عام کرنا اوراس کو "خالص توحیدی وظیفہ" قرار دے کر رواج دینا ؛ بالخصوص جب اس کے الفاظ معروف "نادِ علی" سے مشابہ ہوں اور عوام کے لیے اشتباہ پیدا ہونے کا قوی امکان ہو،جائزنہیں ۔ چنانچہ بہتریہی ہے کہ حل مشکلات کے لیے ماثور دعاؤں اور ثابت شدہ مسنون اذکار و وظائف اختیار کیاجائے۔