سحر و افطار

مروجہ نقشہ کے مطابق سحری کا وقت ختم ہونے پر اذان دینے کا حکم

فتوی نمبر :
93049
| تاریخ :
2026-03-08
عبادات / روزہ و رمضان / سحر و افطار

مروجہ نقشہ کے مطابق سحری کا وقت ختم ہونے پر اذان دینے کا حکم

السلام علیکم ، ایک مسئلےکےبارے میں مفتیانِ کرام کی رائےمعلوم کرناچاہتاہوں، آج کل(دورانِ رمضان) سحری کےبعد جوفجر کی اذان دی جاتی ہے، اس میں عموماً انتہائی عجلت کامظاہرہ کرتے ہوئے عین اس وقت ،جب نقشے کےمطابق سحری کاوقت ختم ہونے کاوقت دیاگیاہو، مثلاً آج 8مارچ کو صبح صادق کاوقت 5٫34 ہےاور عین اس وقت فضا اذانوں کی آوازوں سے گونج رہی تھی۔ جب مؤذنین سے اس بابت عرض کیاجاتاہے تو وہ کہتے ہیں کہ اگر ہم اذان نہ دیں تو عوام کھانا پینا بند نہ کریں۔ سوال یہ ہے کہ : کیا اس طرح(وقت سے پہلے) اذان اداہوجاتی ہے؟ کیا عوام کا کھانا پینا بند کرانے کی یہی ایک صورت ہے کہ وقت سے پہلے اذان دے دی جائے؟ فجر کی اذان کا صحیح وقت کیاہے؟ اگرکسی مسجد میں وقت سے پہلے اذان دے دی گئی تو اس سے جماعت کی نماز پر بھی اثر پڑے گا؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ فجر کی اذان کا صحیح وقت طلوعِ صبح صادق کے بعد شروع ہوتا ہے، اس سے پہلے اذان دینا شرعاً درست نہیں۔ نیز یہ بات بھی ملحوظ رہے کہ اختتامِ وقتِ سحر اور ابتدائے وقتِ فجر کے درمیان کوئی حدِ فاصل نہیں؛ بلکہ جیسے ہی سحری کا وقت ختم ہوتا ہے، فوراً ہی فجر کا وقت شروع ہوجاتا ہے۔
لہٰذا صبحِ صادق سے پہلے(کسی بھی صورت میں، خواہ رمضان ہویاغیررمضان) اذانِ فجر دیناجائزنہیں ،اگردیدی جائےتو وقت شروع ہونے کے بعدشرعاًاس کا اعادہ لازم ہوگا ۔ چنانچہ سحری بند کرانے کے لیے وقت سے پہلے اذان دینا درست نہیں؛ کیونکہ شریعت نے سحری کے اختتام کو اذان کے ساتھ نہیں، بلکہ طلوعِ صبح صادق کے ساتھ متعلق کیا ہے ۔
البتہ اگر اذان وقت شروع ہونے کے بعد دی جائے، خواہ بالکل ابتدائے وقت ہی میں ہو، تو وہ صحیح ہے، اگرچہ احتیاطاً چند منٹ تاخیر بہتر ہے، تاکہ دخولِ وقت کا یقین حاصل ہو جائے۔
اور اگر کسی مسجد میں وقت سے پہلے اذان دے دی گئی ہو تو اس اذان کا تو اعتبار نہیں ہوگا، تاہم اگر نماز وقت داخل ہونے کے بعداذان کے اعادہ کے بغیر ادا کی گئی ہو تو وہ نماز درست ہوگی، اور اگر کسی موقع پر نماز بھی وقت سے پہلے ادا کرلی گئی تو اس کا بھی اعادہ لازم ہوگا۔

مأخَذُ الفَتوی

كما قال الله تعالى: وَكُلُواْ وَٱشۡرَبُواْ حَتَّىٰ يَتَبَيَّنَ لَكُمُ ٱلۡخَيۡطُ ٱلۡأَبۡيَضُ مِنَ ٱلۡخَيۡطِ ٱلۡأَسۡوَدِ مِنَ ٱلۡفَجۡرِۖ . (البقرة: 187)
وفي بدائع الصنائع: أما الذي يرجع إلى أصل الوقت: فهو بياض النهار وذلك من حين يطلع الفجر الثاني إلى غروب الشمس.اهـ (فصل شرائط أنواع الصيام، ج: 2، ص: 77، ط: إيج إيم سعيد)
وفي رد المحتار: (قوله: وهو اليوم) أي اليوم الشرعي من طلوع الفجر إلى الغروب، وهل المراد أول زمان الطلوع أو انتشار الضوء؟ فيه خلاف كالخلاف في الصلاة والأول أحوط والثاني أوسع كما قال الحلواني كما في المحيط.اهـ (كتاب الصوم، ج: 2، ص: 371، ط: إيج إيم سعيد)
وفي الدر المختار: (و) سببه (بقاء دخول الوقت (إلى قوله) (للفرائض) الخمس (في وقتها ولو قضاء) (إلى قوله) (فيعاد أذان وقع) بعضه (قبله) إلخ.(باب الأذان، ج: 1، ص: 384-385، ط: إيج إيم سعيد)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
قاضی محمد اللہ عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 93049کی تصدیق کریں
0     43
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • سحری و افطاری سائرن کی آواز پرکرنے کا حکم

    یونیکوڈ   انگلش   سحر و افطار 3
  • اذان سے قبل یا بعد افطاری کرنا

    یونیکوڈ   سحر و افطار 0
  • خیراتی دسترخوانوں پر سحر و افطار کا حکم

    یونیکوڈ   سحر و افطار 0
  • اگر سحری کا وقت ختم ہونے کے بعد غلطی سے کچھ کھایا پیا تو روزہ ہوجائے گا ؟

    یونیکوڈ   سحر و افطار 0
  • بھولے سے ٹائم ختم ہونے کے بعد سحری کرنا

    یونیکوڈ   سحر و افطار 0
  • سحری کی دعا کے متعلق ایک شبہ کا ازالہ

    یونیکوڈ   سحر و افطار 0
  • ٹی وی کے اذان کے ذریعے روزہ افطار کرنا

    یونیکوڈ   سحر و افطار 0
  • حیض سے کے بعد غسل سے پہلے سحری کھا کر روزہ رکھنے کا حکم

    یونیکوڈ   سحر و افطار 2
  • سحر وافطار میں اذان دینے کیلئے کتنے منٹ احتیاط کی جائے؟

    یونیکوڈ   انگلش   سحر و افطار 0
  • مروجہ نقشہ کے مطابق سحری کا وقت ختم ہونے پر اذان دینے کا حکم

    یونیکوڈ   سحر و افطار 0
Related Topics متعلقه موضوعات