حضرت مفتی صاحب! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ میرے بڑے بھائی بینک میں ملازمت کرتے ہیں اور دوسرے بھائی کا اپنا کاروبار ہے۔ گھر کے اخراجات دونوں بھائیوں کی آمدنی سے پورے ہوتے ہیں۔ میں ایک طالب علم ہوں، دین کی طرف بھی میری بہت رغبت ہے اور تبلیغی جماعت کے ساتھ بھی میرا وقت لگتا رہتا ہے۔ مجھے جیب خرچ بھی ملتا ہے۔اب اس صورتِ حال میں رہنمائی فرمائیں کہ میرے لیے گھر میں کھانا کھانا شرعاً جائز ہے یا نہیں؟ نیز تبلیغی جماعت میں جو وقت گزارتا ہوں، کیا اس دوران ان بھائیوں کے پیسوں سے کھانا پینا اور دیگر اخراجات پورے کرنا میرے لیے جائز ہے؟براہِ کرم جلد رہنمائی فرما دیں کہ میرے لیے شرعاً کیا حکم ہے؟جزاکم اللہ خیراً!
اگر مذکور دونوں بھائیوں کی آمدنی گھر میں مخلوط استعمال ہوتی ہو، اور کاروبار والے کی آمدنی قدرے زیادہ بھی ہو تو اس صورت میں سائل کے لیے اپنے مذکور اخراجات اس آمدنی سے لینے کی اجازت ہے، ورنہ وہ مکمل تفصیل لکھ کر اور دونوں کی آمدنی کی مقدار اور بڑے بھائی کے بینک کی ملازمت کی تفصیل، کہ کون سے ڈپارٹمنٹ میں کام کرتا ہے؟ لکھ کر دوبارہ سوال ای میل ( Email) کر دیں ان شاء اللہ اس پر غور و فکر کے بعد حکم شرعی بھی بیان کر دیا جائے گا ۔