،میں”جان محمد ولد داد محمد“، میرے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہے،اس میں سے میرے بڑے بیٹے” محمد فرحان“ کا انتقال ہو گیا ہے، ”محمد فرحان“ کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے،سب سے بڑی کی عمرچار سال ، پھر اس سے چھوٹی کی عمر تین سال اور بیٹے کی عمر انیس ماہ ہے ، میرے بیٹے کو انتقال ہوئے 17 ماہ ہوچکے ہیں ، اس کی بیوہ لڑ جھگڑ کر بچوں کولیکر بھائیوں کے پاس چلی گئی ہے ، شرعاً اس کو دوبارہ رکھناچاہیئے یا نہیں ؟ اور وہ میری جائیداد میں حصہ مانگ رہی ہے اور بچوں کے خرچ کا تقاضہ کررہی ہے ، ”محمد فرحان“ (مرحوم) کی کوئی جائیداد نہیں ، میری عمر 65 برس ہے ، میں اس عمر میں بچوں کا خرچ ادا نہیں کرسکتا ، مہربانی کرکے اس کیلئے شریعت کا کیا حکم ہے ؟
واضح ہو کہ شوہر کے انتقال کے بعد بیوی کو ایامِ عدت تو شوہر کے گھرپر گزارنا لازم و ضروری ہے ، البتہ ایامِ عدت گزرجانے کے بعد وہ سسرال میں رہنے کی پابند نہیں ، بلکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہے ، لہذا اسے اپنی اور بچوں کی تربیت و سہولت کی خاطر وقت اور حالات کو دیکھتے ہوئے میکہ، سسرال یا کسی تیسری جگہ رہائش رکھنے کا اختیار ہے ، لہذا سائل کے مرحوم بیٹے مسمی ”محمد فرحان“ کی بیوہ (سائل کی بہو) اگر سائل کے پاس رہنے کے بجائے اپنے بھائیوں کے پاس رہنا چاہتی ہو توایسی صورت میں اسے اپنے بھائیوں کے ساتھ رہائش اختیار کرنےکا اختیار ہے ، سائل کو اسے سسرال میں رہائش اختیار کرنے پر مجبور کرنا درست نہیں ہوگا۔
جبکہ سائل کے بڑے بیٹے مرحوم نے اگر اپنے ترکہ میں کچھ نہ چھوڑا ہو اور نہ ہی مذکور بچے بچیوں کاکوئی مال ہو کہ جس سے ان کی کفالت کی جاسکے ، اور سائل کے پاس بھی اتنا مال نہ ہو یا سائل بوڑھا ہو اور کما کر ان کا خرچ برداشت کرنا مشکل ہو ، تو ایسی صورت میں اگر سائل کے اور بیٹے بھی موجود ہوں جو سائل کا خرچہ اٹھاتے ہوں تو سائل کے پوتے پوتیوں کا خرچہ سائل کے بیٹے (یعنی پوتے پوتیوں کے چچا ) اور سائل کی بہو ( پوتے پوتیوں کی ماں ) پر اثلاثًا لازم ہوگا، یعنی دو تہائی سائل کے بیٹوں اور ایک تہائی سائل کی بہو پر لازم ہوگا، اور اگر سائل کی بہو مال دار نہ ہو تو پھر پوتے پوتیوں کا مکمل خرچ سائل کے بیٹوں پر لازم ہوگا۔
اس کے بعد واضح ہو کہ ہر شخص اپنی صحت والی زندگی میں مرض الموت میں مبتلا ہونے سے قبل اپنے مال و جائیداد کاتنہا مالک ہوتا ہے ، وہ اس میں ہر جائز قسم کے تصرف کا اختیار رکھتا ہے ، ان کے ذمہ اپنی زندگی میں اپنا مال و جائیداد اولاد کے درمیان تقسیم کرنا لازم وضروری نہیں اور نہ ہی اولاد یا کسی اور کو ان سے تقسیمِ جائیداد کا مطالبہ درست ہے ، جبکہ والد کی زندگی میں انتقال کرنے والے بیٹے کا اپنے والد کے جائیداد وغیرہ میں شرعاً کوئی حصہ نہیں ، اس لئے سائل کی بہو کا سائل کی جائیداد میں اپنا یا اپنے مرحوم شوہر کے حصہ کا مطالبہ شرعاً درست نہیں ، جس سے احتراز لازم ہے ۔
کما فی الھدایۃ: وعلی المعتدۃ أن تعتد فی المنزل الذی یضاف إلیھا بالسکنی حال وقوع الفرقۃ والموت لقولہ تعالی: } لاتخرجوھن من بیوتھن { والبیت المضاف إلیھا ھو البیت الذی تسکنہ ولھذا لو زارت أھلھا وطلقھا زوجھا کان علیھا أن تعود علیھا إلی منزلھا فتعتد فیہ وقال علیہ السلام: (( للذی قتل زوجھا اسکنی فی بیتک حتی یبلغ الکتاب أجلہ )) إلخ( کتاب الطلاق، باب العدۃ، ج: 2، ص: 117، ط: مکتبہ ماجدیۃ )۔
وفی الھندیۃ: و لو کان لہ أم و جد فإن النفقۃ علیھما أثلاثا علی قدر مواریثھما، الثلث علی الأم و الثلثان علی الجد، وکذلک إذا کان لہ أم وأخ لأب وأم أو ابن أخ لأب وأم، أو عم لأب وأم، أو أحد من العصبۃ فإن النفقۃ علیھما أثلاثا علی قدر مواریثھما (إلی قولہ) والأصل فی ھذا أن کل من کا یحرز جمیع المیراث وھو معسر یجعل کالمیت وإذا جعل کالمیت کانت النفقۃ علی قدر مواریثھم وکل من کان یحرز بعض المیراث لایجعل کالمیت فکانت النفقۃ علی قدر مواریث من کان یرث معہ۔إلخ( الفصل الخامس فی نفقۃ ذوی الأرحام، ج: 1، ص: 566، ط: ماجدیۃ )۔
وفی المبسوط للسرخسی: وانما تحقق الوجوب لہ عند الموت ولان المانع صفۃ الوراثۃ ولایعرف ذلک إلا عند الموت لان صفۃ الوراثۃ لاتکون الا بعد بقاء الوارث حیا بعد موت المورث إلخ( باب الوصیۃ للمورث والاجنبی والقاتل، ج: 27، ص: 176، ط: إدارۃ القرآن والعلوم الإسلامیۃ )۔
وفی شرح المجلۃ لخالد الأتاسی: کل یتصرف فی ملکہ کیفما شاء إلخ( الفصل الأول فی بیان بعض القواعد المتعلقۃ بأحکام الاملاک، المادۃ: 1192، ج: 3، ص: 190، ط: إدارۃ الکتب العلمیۃ )۔
باپ سے الگ رہنے اور گھر کے اخراجات میں شریک نہ ہونے والے بیٹے کا ترکہ میں سے مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 1ترکہ کی تقسیم(مرحومہ کے بالواسطہ و بلا واسطہ ورثاء =1 حقیقی بیٹا 1 سوتیلا بیٹا 2 حقیقی بیٹیاں 2 دو سوتیلی بیٹیاں)
یونیکوڈ احکام وراثت 0کسی نے حصۂ میراث اپنی زندگی میں طلب نہ کیا ہو تو اس کے ورثاء کا اس کے حصے کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 2