میرا ایک کزن ہے جس سے میں بے انتہاء محبت کرتی ہوں، میرے والدین میری شادی اس کے ساتھ نہیں کرنا چاہتے، ان لوگوں نے جب میرا رشتہ طلب کیا تو میری والدہ نے انکار کر دیا، مجھے سمجھ میں نہیں آتا کہ میں کیا کروں؟ کیا آپ مجھے کوئی وظیفہ بتا سکتے ہیں؟ اور میری رہنمائی کر سکتے ہیں کہ میں کیا کروں؟ جزاک اللہ خیراً!
اگر آپ کی والدہ نے آپ کے لیے کوئی دوسرا مناسب رشتہ منتخب کیا ہو، تو اس صورت میں آپ پر اپنے والدین کی اطاعت لازم ہے، بلا وجہ اس رشتہ کو توڑنے سے احتراز کریں اور اگر ایسا مناسب کوئی رشتہ نہ ہو، اور جس لڑکے کا آپ نے ذکر کیا ہے، شریف النفس اور پرہیزگار ہونے کے ساتھ ساتھ برادری کا بھی ہو ،تو اس صورت میں اپنی بڑی بہن یا خالہ وغیرہ کے ذریعہ والدین کو بھی اس پر مناسب طریقہ سے آمادہ کیا جا سکتا ہے اور والدہ کو بھی چاہیئے کہ جب مذکور لڑکے میں کسی قسم کی کوئی بری خصلت وغیرہ نہیں ،تو اپنی بیٹی کی رائے کا لحاظ رکھنے میں بھی کوئی حرج نہیں، تاہم سائلہ کو اس پر بجائے اصرار کے اللہ تعالیٰ کی طرف متوجہ ہونے کی ضرورت ہے ،اور اس سلسلہ میں نماز پنجوقتہ کی پابندی کے ساتھ ساتھ روزانہ نمازِ عشاء کے بعد”رَبّ إِنِّی لِمَا أَنزَلْتَ إِلَىَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِیْرٍ“ کا (۱۱۳) مرتبہ ورد کرے اور اول و آخر ۳، ۳ مرتبہ دورد شریف پڑھ کر اپنی نیت وارادہ کیلئے خوب توجہ و دھیان سے دعا کرے، ان شاء اللہ ضرور مقصد برا ری ہوگی۔