محترم جناب مفتی صاحب ! السلام علیکم! مجھے بہت مالی پریشانی ہے، تنخواہ میں برکت نہیں ہے، برائے مہربانی بتائیں کہ جادو یا نظرِ بد کا اثر تو نہیں ہے، میرا مسئلہ بہت گھمبیر ہے، جلد از جلد استخارہ کر کے مطلع فرمائیں، آپ کی مہربانی ہوگی۔
محترم سائل! اِن ساری پریشانیوں کا حل رجوع اِلی اللہ اور ترکِ معصیات کے ساتھ ساتھ اتباعِ سنتِ نبوی کے ذریعہ ممکن ہے، لہٰذا صبح اٹھنے کے بعد سے رات سونے تک کے تمام اعمال پر غور کریں کہ اس دوران کتنے احکام شریعت پورے کیے اور موافقِ اصولِ شریعت کیے اور کتنے احکامِ شریعت کو ترک کیا، یا حضوراکرم ﷺ کے طریقہ کے خلاف کیا، چنانچہ ان امور کے اہتمام کے ساتھ درج وظائف کی بھی پابندی کریں، ان شاء اللہ ضرور مقصد براری ہوگی۔
وہ وظیفہ یہ ہے، نمازِ فجر با جماعت ادائیگی کے بعد منزل اور سورۂ یٰسین شریف پڑھ کر خوب توجہ و دھیان کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے مانگیں اور نمازِ عصر کے بعد سورۂ واقعہ ایک مرتبہ اور سورۂ مزمل سات مرتبہ پڑھ کر بھی دعا کریں اور اس وظیفہ کوچالیس(۴۰) دن تک پابندی کے ساتھ پڑھیں، بہت مجرب ہے۔