کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین ! کہ قادیانی اپنے آپ کو احمدی کہلواتے ہیں، جب کہ خاتم الانبیاء، تاجدار کائنات صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم کا مبارک نام نامی اسم گرامی ’’احمد‘‘ ہے تو قادیانیوں کو احمدی کہنا کیسا ہے؟ براہ مہربانی قرآن و حدیث کی روشنی میں تحریری جواب ارشاد فرما دیں۔
اس فرقے کے لوگ اپنے آپ کو احمدی کہلوا کر یہ باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں کہ خدانخواستہ مسلمانوں کاکوئی فرقہ ہے اور اس طرح یہ سادہ لوح مسلمانوں کو دھوکہ دیتے ہیں، حالانکہ یہ گروہ مندرجہ ذیل چند بنیادی کفریہ عقائد کی وجہ سے دائرہ اسلام سے خارج ہے:
(۱) عقیدہ ختم نبوت کے انکار کی تاویل فاسدہ کے ذریعے اجراء نبوت (کہ نبوت ابھی تک باقی اور جاری ہے) کے نام سے حضرت محمد ﷺ کے بعد ایک مستقل نبی غلام احمد قادیانی کو نبی مانتے ہیں۔
(۲) حضرت عیسی علیہ السلام کے آسمان پر زندہ اٹھائے جانے اور قرب قیامت میں دو بارہ نازل ہونے کے اجماعی عقیدہ کا انکار کرتے ہیں۔
(۳) حضرات انبیاء کرام علیہم التسلیمات کی گستاخیاں اور ان کو صریح گالیاں تک دیتے ہیں اور مزید اپنے ان کفریہ عقائد کو اسلام قرار دیتے ہیں جسکی وجہ سے وہ شرعا و قانوناً کافر اور زندیق ہیں، اس لیے ان کو احمدی کہنے کے بجائے ایسے نام سے پکارنا چاہیے جس سے ان کی اصلیت معلوم ہو اور اہل اسلام کو دھوکہ نہ لگے۔ واللہ أعلم بالصواب!