مجھے کسی نے ایک وظیفہ بتایا ہے رزق کی برکت اور ملازمت حاصل کرنے کیلئے، انہوں نے بتایا ہے کہ”اللہ اکبر“کی تسبیح پڑھے روزانہ عشاء کے بعد اکتالیس (41) دن تک، جس کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے دن ہزار (1000) بار اور اس کے بعد سے روزانہ ہزار (1000) بار ذکر کا اضافہ کرنا ہے، یعنی دوسرے دن دو ہزار (2000) ،تیسرےدن تین ہزار(3000)اور اس طرح اکتالیس دن بعد اکتالیس ہزار(41000) کی تسبیح پڑھنی ہے، مجھے یہ معلوم کرنا ہے کہ کیا کوئی ایسا وظیفہ کسی حدیث سے ثابت ہے؟ برائے مہربانی راہ نمائی کریں۔ جزاك الله خيراً!
تکبیر یعنی ”اللہ اکبر“ پڑھنے کے احادیثِ مبارکہ میں بہت فضائل وارد ہوئے ہیں اور مگر سوال میں مذکور انداز میں وظیفہ کرنے کا ثبوت حدیث کی معروف اور مستند کتب میں تلاشِ بسیار کے باوجود نہیں مل سکا، البتہ یہ عمل بزرگوں اور عاملین حضرات کے مجربات میں سے ہو سکتا ہے اور اس کے مطابق عمل کرنے میں حرج نہیں۔
جبکہ حصول ِرزق کیلئے اصل عمل نماز کی پابندی کے ساتھ گناہوں سے اجتناب ہے۔