احکام وراثت

حقیقی بہنوں کا لے پالک ہونے والی بہن کو ترکہ سے حصہ نہ دینے کا حکم

فتوی نمبر :
101328
| تاریخ :
2026-11-08
معاملات / ترکات / احکام وراثت

حقیقی بہنوں کا لے پالک ہونے والی بہن کو ترکہ سے حصہ نہ دینے کا حکم

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، محترم مفتی صاحب!السلام علیکم ورحمۃ اللہ، میں فیصل آباد سے ایک خاتون ہوں، مجھے وراثت کے بارے میں فتویٰ درکار ہے، مسئلہ کی تفصیل یہ ہے:میں اپنے والدین کی حقیقی بیٹی ہوں، لیکن بچپن میں مجھے کسی اور نے پال لیا تھا۔ میری 2 بڑی بہنیں اور 1 چھوٹا بھائی ہے، ہم سب ایک ہی ماں باپ کی اولاد ہیں، پہلے میری والدہ کا انتقال ہوا، اس کے کچھ عرصے بعد میرے والد (حقیقی) کا انتقال آج سے 13 سال پہلے ہوا۔ جس وقت والد کا انتقال ہوا، ہم چاروں بہن بھائی نابالغ (18 سال سے کم عمر) تھے، والدین نے وراثت میں سونا (گولڈ) اور ایک دکان چھوڑی ہے، سونا والدہ کا بھی ہے اور دکان والد کی ہے۔ والدہ کا کچھ گھریلو سامان اور دیگر چیزیں بھی ہیں، والد کی وفات کے بعد میری دو نوں بڑی بہنوں نے سارا سونا اور دکان پر قبضہ اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ مجھ سے بغیر اجازت لیے کچھ سونا انویسٹمنٹ میں لگا دیا، 13 سال سے نہ تو مجھے سونے میں سے میرا حصہ دیا، نہ دکان کے کرائے میں سے، نہ انویسٹمنٹ کے منافع میں سے۔ میرا بھائی اب بڑا ہو کر کہتا ہے کہ اس نے اپنا حصہ معاف کر دیا ہے، لیکن میں نے کبھی اپنا حصہ معاف نہیں کیا اور نہ ہی اجازت دی کہ میرا مال استعمال کیا جائے۔اب میری بڑی بہن چاہتی ہے کہ وہ اس مشترکہ سونے کو بیچ کر اس سے گھر خریدے۔ میں اس میں شامل نہیں ہوں۔ میں چاہتی ہوں کہ مجھے میرا حصہ سونے کی صورت میں ہی دیا جائے، کیونکہ سونا ان کے قبضے میں ہے۔
میرا سوال یہ ہے کہ :کیا میری بڑی بہن میری اجازت کے بغیر مشترکہ سونا بیچ کر گھر خرید سکتی ہے؟ اگر وہ ایسا کرے تو شریعت میں اس کا کیا حکم ہے؟13 سال کا جو کرایہ اور منافع میری بہنوں نے کھایا ہے، اس کا کیا حکم ہے؟ کیا وہ گناہ گار نہیں ہیں؟ کیا وہ مجھے واپس کرنا ہوگا؟ اور اگر وہ واپس نہ کریں تو کیا حکم ہوگا؟
میں نے اپنی بڑی بہن سے والدہ کے گھریلو سامان اور چیزوں میں اپنا حق مانگا تو بڑی بہن نے صاف مجھے کہہ دیا کہ میں نے تمہیں اس سامان میں سے کچھ نہیں دینا۔ شریعت اس بارے میں کیا کہتی ہے؟براہِ مہربانی قرآن و سنت کی روشنی میں مجھے تحریری فتویٰ دے دیں۔جزاک اللہ خیراً۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ شریعت میں کسی بچے کو گود لینے ، لے پالک بنانے سے وہ حقیقی اولاد کی طرح نہیں بنتا اور نہ ہی اس پر حقیقی اولاد کے احکامات (جیسے وارث ہونا ،گود لینے والے کی طرف ولدیت کا منسوب ہونا وغیرہ ) جاری ہوتے ہیں، بلکہ لے پالک اپنے حقیقی والدین کی جانب ہی منسوب ہونگے اور دیگر ورثاء کی طرح یہ بھی انہی کے ترکہ و میراث میں سے اپنے شرعی حصہ کے بقدر وارث اور حقدار ہونگے، اس تمہید کے بعد سائلہ کے تمام سوالات کے جوابات درج ذیل ہیں:
مورث( میت) کی وفات کے بعد خاندان کے سربراہ کی یہ ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ بغیر تاخیر کے فی الفور مورث کا ترکہ تمام ورثاء کے درمیان تقسیم کرکے ہر ایک کو اس کا مکمل حق حوالہ کردے اور بلا کسی معقول وجہ کے ہرگز تاخیر نہ کرے، اور اگر وہ بلا کسی وجہ کے تاخیر کرتا ہے تو اس کی وجہ سے وہ گنہگار ہوتا ہے، اسی طرح کسی وارث کیلئے دیگر ورثاء کی اجازت کے بغیر مشترکہ ترکہ میں تصرف کرنے کا بھی کوئی حق نہیں، اس لئے سائلہ کی دونوں بہنوں کا دیگر ورثاء (سائلہ اور اس کا بھائی )کی اجازت کے بغیر مشترکہ سونا فروخت کر کے اس سے گھر خریدنا شرعاً درست نہیں، جس سے احتراز لازم ہے، بلکہ ان پر لازم ہے کہ اس عمل کے لیے یا تو سب کی رضامندی حاصل کریں یا پھر سب کو شریعت کے مطابق ان کے حصص دیدے ، جبکہ اس مشترکہ ترکہ میں سے سائلہ کے دو بہنوں کے لیے دیگر ورثاء کو محروم رکھ کر اس کواکیلےاپنے تصرف میں لانا یا دوکان کو آگے کرایہ پردیکرسارا کرایہ اپنے استعمال میں لانا شرعاً ناجائز اور گناہ ہے، بلکہ اب تک اس سے جوکرایہ حاصل کیاہو،ان دونوں بہنوں کواس میں سے شریعت کے بقدر اپنا حصہ رکھ کربقیہ رقم دیگرورثاء میں ان کے شرعی حصوں کے تناسب سے تقسیم کرنالازم ہے ،ورنہ مؤاخذہ اخروی سے سبکدوشی نہ ہوسکے گی۔

مأخَذُ الفَتوی

كما قال اللہ تعالیٰ فی کلامہ المجید: يُوصِيكُمُ ٱللَّهُ فِيٓ أَولَادِكُم لِلذَّكَرِ مِثلُ حَظِّ ٱلأُنثَيَينِ، الخ (سورۃ النساء، رقم الآیۃ:١١)
کما فی مشکاۃ المصابیح: وعن أنس قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: ”من قطع ميراث وارثه قطع الله ميراثه من الجنة يوم القيامةالخ (باب الوصایا، الفصل الثالث،ج:١،ص: ٢٦٦،ط: قدیمی كتب خانه)۔
وفي الفتاوىٰ الهندية: التركة تتعلق بها حقوق أربعة: جهاز الميت ودفنه والدين والوصية والميراث. فيبدأ أولا بجهازه وكفنه وما يحتاج إليه في دفنه بالمعروف،(الیٰ قولہ) ثم يقسم الباقي بين الورثة على سهام الميراث، الخ (كتاب الفرائض، الباب الأول في تعريف الفرائض، ج: ٦، ص: ٤٤٧، مط: ماجدیۃ)
وفی الدر المختار: (و قسم) المال المشترك (بطلب أحدهم إن انتفع كل) بحصته (بعد القسمة و بطلب ذي الكثير إن لم ينتفع الآخر لقلة حصته) و في الخانية : يقسم بطلب كل و عليه الفتوى ، لكن المتون على الأول فعليها العول (و إن تضرر الكل لم يقسم إلا برضاهم) لئلا يعود على موضوعه بالنقض. (كتاب القسمة، ج: ٦، ص: ٢٦٠، مط: سعید)
وفی شرح المجلۃ للأتاسی: " الأموال المشترکة شرکة الملک تقسم حاصلاتها بین أصحابها علی قدر حصصهم." ۔ ( الباب الأول في بيان شركة الملك، الفصل الثاني في بيان كيفية التصرف في أعيان المشتركة، ج:٤، ص: ١٤، رقم المادۃ: ١٠٧٣، مط: اسلامیۃ کوئٹۃ)۔
و في الهداية: الشركة ضربان: شركة أملاك، وشركة عقود. فشركة الأملاك: العين يرثها رجلان أو يشتريانها فلا يجوز لأحدهما أن يتصرف في نصيب الآخر إلا بإذنه، وكل منهما في نصيب صاحبه كالأجنبي(کتاب الشرکۃ، ج: ٣، ص: ٥، مط: دار احياء التراث العربي)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
اظہر امین عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 101328کی تصدیق کریں
0     51
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • وراثت کی تقسیم کا شرعی طریقہ کار

    یونیکوڈ   اسکین   احکام وراثت 6
  • باپ کی جائیداد میں اولاد کا حصہ

    یونیکوڈ   اسکین   احکام وراثت 4
  • کسی وارث کا اپنا حصہ میراث معاف کرنے کا طریقہ

    یونیکوڈ   اسکین   احکام وراثت 3
  • بھائیوں کا مرحوم والد کے ترکہ میں سے بہن کو حصہ نہ دینا

    یونیکوڈ   اسکین   احکام وراثت 1
  • وفات کے بعد ملنے والی پینشن اورگریجویٹی کاحکم

    یونیکوڈ   اسکین   احکام وراثت 0
  • ورثے میں انشورنس کمپنی سے پیسے ملیں تو ان کا کیا حکم ہے؟

    یونیکوڈ   اسکین   احکام وراثت 0
  • والد کی زندگی میں وفات پانے والے بیٹے کی بیوہ اور اولاد کا وراثت میں حصہ

    یونیکوڈ   احکام وراثت 3
  • یتیم پوتوں کو دادا کی جائیدا میں حصہ کیوں نہیں ملتا؟

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • وراثت کی تقیسم میں بلا وجہ تاخیر کرنا

    یونیکوڈ   احکام وراثت 4
  • بیٹوں کو ہبہ کردہ حصے میں بیٹیوں کا بعد از وفات حصہ مانگنا

    یونیکوڈ   احکام وراثت 1
  • والد کی زندگی میں وفات پانے والے بیٹے کی بیوہ اور اولاد کا وراثت میں حصہ

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • نافرمان بیٹے کو جائیداد سے محروم کرنا

    یونیکوڈ   احکام وراثت 1
  • بیٹوں کے نام کی گئی زمین میں بیٹیوں کا حصہ ہوگا؟

    یونیکوڈ   احکام وراثت 2
  • باپ سے الگ رہنے اور گھر کے اخراجات میں شریک نہ ہونے والے بیٹے کا ترکہ میں سے مطالبہ کرنا

    یونیکوڈ   احکام وراثت 1
  • بیوہ ،سات بیٹوں اور تین بیٹیوں میں ترکے کی تقسیم

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • بہنوں کا میراث میں حصہ اور اپنا حصہ معاف کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • ترکے کے مکان سے کرایہ کی مد میں حاصل شدہ رقم میں بیٹیوں کا حصہ ہوگا؟

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • بیٹے کی ذاتی کمائی میں وراثت کا حکم

    یونیکوڈ   احکام وراثت 1
  • بڑے بیٹے کی کمائی میں , باپ کے انتقال کے بعد وراثت کا حکم

    یونیکوڈ   احکام وراثت 2
  • ترکہ کی تقسیم(ورثاء=بیوہ,والد,والدہ,ایک بیٹا ایک بیٹی)

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • ترکہ کی تقسیم(ورثاء = 3 بیٹے 1 بیٹی 1 بہو 1 پوتا)

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • ترکہ کی تقسیم(ورثاء = ایک بیوہ ,دو بیٹے, ایک بیٹی, پانچ بھائی, پانچ بہنیں)

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • ترکہ کی تقسیم(مرحومہ کے بالواسطہ و بلا واسطہ ورثاء =1 حقیقی بیٹا 1 سوتیلا بیٹا 2 حقیقی بیٹیاں 2 دو سوتیلی بیٹیاں)

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • بھائی کی موجودگی میں مرحومہ بہن کے ترکے میں بہن حصہ دار ہوگی یا نہیں ؟

    یونیکوڈ   احکام وراثت 0
  • کسی نے حصۂ میراث اپنی زندگی میں طلب نہ کیا ہو تو اس کے ورثاء کا اس کے حصے کا مطالبہ کرنا

    یونیکوڈ   احکام وراثت 2
Related Topics متعلقه موضوعات