کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ باپ کی وراثت میں ٹوٹل 16 ایکڑ زمین ہے،جس کے ورثاء میں بیوہ ، چار بیٹے اور آٹھ بیٹیاں ہیں۔
نوٹ : اس میں ایک مسئلہ یہ ہے کہ ایک بہن ہے ،جس نے اپنی پسند کی شادی کی تھی،اور بھائی اس کا حصہ دینے سے اور بہن ماننے سے انکار کررہے ہیں کہ ہمارے باپ کی اجازت نہیں کہ ہم حصہ نہیں دیں گے،اور وراثت میں حق نہیں ہے اس کا؟
واضح ہوکہ والد کے ترکہ میں بیٹوں کی طرح بیٹیاں بھی اپنے شرعی حصے کے بقدر حقدار ہوتی ہیں، لہذا کسی بھی وارث کے لئے بیٹیوں کو ان کے حصہ میراث سے بلا سبب شرعی (ارتدادیا قتلِ مورِث)محروم کرنا شرعاً جائز نہیں ،بلکہ وہ بھی دیگر ورثاء کی طرح اپنے والدِ مرحوم کے ترکہ میں اپنے حصہ شرعیہ کی شرعاًحقدار ہوتی ہیں ۔
لہذاصورتِ مسؤلہ میں سائل اور اس کے بھائیوں کا محض اس بنیاد پر اپنی بہن کو والد ِ مرحوم کے ترکہ سے محروم کرناکہ اس نے اپنی مرضی سے پسند کی شادی کی ہے ، شرعاً درست نہیں، بلکہ ان کا یہ عمل ظلم اور غصب پر مبنی ہونے کی وجہ سے شرعاً ناجائز وحرام ہے، جس کی وجہ سے وہ سخت گناہ گار ہورہے ہیں ، لہذا بہن بھائیوں پر لازم ہے کہ مذکورہ بہن کو بھی بقیہ ورثاء کی طرح اس کا شرعی حصہ دیکر مؤاخذہ دنیوی واخروی سے بچنے کی کوشش کریں، بصورتِ دیگر بہن اپنے حق کی و صولیابی کے لئے قانونی چارہ جوئی کی بھی مجا ز ہوگی ۔
اس کے بعد واضح ہوکہ سائل کے والدِ مرحوم کا ترکہ اصولِ میراث کے مطابق اس کے موجود ورثاء کے درمیان اس طرح تقسیم ہوگاکہ مرحوم نے بوقتِ انتقال مذکور زمین سمیت جوکچھ منقولہ وغیر منقولہ مال وجائیداد،سونا، چاندی،زیورات،نقد رقم اورہر قسم کاچھوٹا بڑا گھریلو سازوسامان اپنی ملکیت میں چھوڑا ہے ،اس میں سے سب سے پہلےمرحوم کے کفن دفن کے متوسط مصارف ادا کریں ،اس کے بعد دیکھیں کہ اگر ان کے ذمہ کچھ قرض،یا بیوہ کا حق مہر واجب الاداہوتو وہ ادا کریں،اس کے بعد دیکھیں کہ اگر انہوں نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو بقیہ مال کے ایک تہائی(3/1)حصے کی حد تک اس پر عمل کریں،اس کے بعد جو کچھ بچ جائے،اس کے کل (128) حصے بنائے جائیں ، جن میں سے مرحوم کی بیوہ کو (16)حصے ،ہر بیٹے کو (14) حصے ، جبکہ ہر بیٹی کو (7) حصے دیے جائیں ،جیسا کہ ذیل کے نقشہ سے بھی واضح ہو رہا ہے ،مزید سہولت کے لئے فیصدی حصے بھی لکھ دیئے گئے ہیں ،ملاحظہ ہو!
أما الكتاب فقوله تعالى: ﴿إن الذين يأكلون أموال اليتامى ظلما إنما يأكلون في بطونهم نارا﴾ (سورۃ النساء،الایہ:10)۔
وقال تعالى:﴿يا أيها الذين آمنوا لا تأكلوا أموالكم بينكم بالباطل إلا أن تكون تجارة عن تراض منكم﴾ (سورۃالنساء،آلایہ:٢٩)۔
و فی المشکاۃ:وعن أنس رضی اللہ عنہ قال:قال رسول الله صلى الله عليه وسلم من قطع ميراث وارثه قطع الله ميراثه من الجنة يوم القيامة ، رواه ابن ماجة ورواه البيهقي في شعب الايمان اھ (باب الوصايا/الفصل الثالث،ج2/ص 195،ط: المكتب الإسلامي - بيروت)۔
وفی الشامیۃ:وشروطه: ثلاثة: موت مورث حقيقة، أو حكما كمفقود، أو تقديرا كجنين فيه غرة،ووجود وارثه عند موته حيًّاحقيقة أو تقديراكالحمل والعلم بجهة إرثه اھ( كتاب الفرائض/ج 6/ص: 758،ط،الناشر: دار الفكر-بيروت)۔
وفی الدر المختار: (وقسم) المال المشترك (بطلب أحدهم إن انتفع كل) بحصته (بعد القسمة وبطلب ذي الكثير إن لم ينتفع الآخر لقلة حصته) وفي الخانية: يقسم بطلب كل وعليه الفتوى الخ،(وإن تضرر الكل لم يقسم إلا برضاهم) لئلا يعود على موضوعه بالنقض(كتاب القسمة،ج:6/ص:260،ط/الناشر: دار الفكر-بيروت)۔
باپ سے الگ رہنے اور گھر کے اخراجات میں شریک نہ ہونے والے بیٹے کا ترکہ میں سے مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 1ترکہ کی تقسیم(مرحومہ کے بالواسطہ و بلا واسطہ ورثاء =1 حقیقی بیٹا 1 سوتیلا بیٹا 2 حقیقی بیٹیاں 2 دو سوتیلی بیٹیاں)
یونیکوڈ احکام وراثت 0کسی نے حصۂ میراث اپنی زندگی میں طلب نہ کیا ہو تو اس کے ورثاء کا اس کے حصے کا مطالبہ کرنا
یونیکوڈ احکام وراثت 2