آمدنی و مصارف

کیا حرام مال واجب التملیک ہے؟

فتوی نمبر :
99932
| تاریخ :
2026-10-01
حظر و اباحت / حلال و حرام / آمدنی و مصارف

کیا حرام مال واجب التملیک ہے؟

محترم مفتی صاحب دامت برکاتہم!

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

درج ذیل سوالات کے بارے میں شرعی حکم مطلوب ہے۔ براہ کرم متعلقہ فقہی حوالہ جات بھی عنایت فرمائیں۔

پس منظر

غیر مصفّی رقوم (Unpurified Funds) سے مراد ایسی آمدنی ہے جو شریعت کی رو سے ناجائز ذرائع سے حاصل ہوئی ہو، مثلاً بینکوں سے حاصل ہونے والا سود یا خنزیر یا شراب کے کاروبار سے حاصل ہونے والے منافع میں حصہ وغیرہ۔ اسلامی اصولوں کے مطابق ایسی آمدنی کو اپنے پاس رکھنا یا ذاتی منفعت کے لیے استعمال کرنا جائز نہیں، بلکہ اسے ثواب کی نیت کے بغیر خیرات میں دے دینا ضروری ہے۔ اس دستاویز میں ایسی رقوم کو غیر مصفّی رقوم کہا گیا ہے۔
صورتِ اولي (1): بزرگوں اور محدود نقل و حرکت رکھنے والے افراد کے لیے رہائشی مرکز ہم ایک ایسا رہائشی نگہداشت مرکز قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں بزرگ افراد اور محدود نقل و حرکت رکھنے والے افراد رہ سکیں۔ اس مرکز کے تمام متوقع رہائشی غریب اور مستحقِ زکوٰۃ ہوں گے۔کیا غیر مصفّی رقوم سے زمین خرید کر اس پر عمارت تعمیر کی جاسکتی ہے؟ اور کیا ان رہائشیوں کے جاری نگہداشت، رہائش اور اخراجاتِ زندگی زکوٰۃ کی رقم سے ادا کیے جاسکتے ہیں، جبکہ وہ سب مستحقِ زکوٰۃ ہوں؟
صورتِ دوم (2):

ہم ایک عوامی پارک قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں جو یا تو تعلیمی STEM پارک (Science, Technology, Engineering and Mathematics) ہو یا بزرگوں کے لیے ورزش کا پارک ہو۔ یہ پارک عام لوگوں کے لیے کھلا ہوگا، اور اس کے لیے زمین خریدی بھی جاسکتی ہے یا عطیہ میں بھی حاصل ہوسکتی ہے۔کیا غیر مصفّی رقوم سے زمین خرید کر اس پر یہ پارک تعمیر کیا جاسکتا ہے؟ اور کیا زکوٰۃ کی رقم ایسے کسی مرکز یا سہولت کے کسی حصے پر خرچ کی جاسکتی ہے جس سے عام لوگ استفادہ کرتے ہوں، نا کہ صرف مستحقینِ زکوٰۃ؟

صورتِ سوم (3):
ہم ایک ایسا مشترکہ ادارہ قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں جس میں ایک ہی عمارت کے اندر بزرگوں کے لیے رہائشی مرکز اور بچوں کے لیے Daycare ہو، جہاں دونوں مختلف طبقات کے افراد کو سہولت فراہم کی جائے گی۔

کیا ایسا مشترکہ ادارہ غیر مصفّی رقوم اور زکوٰۃ سے تعمیر اور چلایا جاسکتا ہے؟
اور اگر اس ادارے سے استفادہ کرنے والوں میں بعض مستحقینِ زکوٰۃ ہوں اور بعض مستحق نہ ہوں تو دونوں قسم کی رقوم کو کس طریقے سے استعمال کیا جائے؟

عمومی سوالات

مندرجہ بالا تمام صورتوں کے بارے میں درج ذیل امور کی وضاحت بھی مطلوب ہے:

4) اگر کسی فلاحی ادارے کے مستفیدین مستحقِ زکوٰۃ ہوں تو کیا زکوٰۃ کی رقم سے اس ادارے کو چلانے والے ملازمین، مثلاً باورچی، صفائی کے عملے، نرسوں، ڈاکٹروں، نگہداشت کرنے والوں، منتظمین یا Facility Manager کی تنخواہیں ادا کی جاسکتی ہیں؟
5) کیا زکوٰۃ کی رقم سے اس فلاحی ادارے کے عملی اخراجات، مثلاً بجلی، دیگر یوٹیلیٹیز، باورچی خانے کا سامان اور ملازمین کی تنخواہیں وغیرہ ادا کی جاسکتی ہیں؟
6) اگر زکوٰۃ ادا کرنے والا ادارہ کسی زمین یا عمارت کو خریدتا یا تعمیر کرتا ہے اور اسے اپنی کمپنی کے نام پر رکھتا ہے یا قانونی ملکیت کو کسی Trust کے پاس انتظامی اور قانونی تقاضوں کی وجہ سے برقرار رکھتا ہے، تو کیا ایسی صورت میں زکوٰۃ کی ادائیگی شرعاً درست شمار ہوگی؟ کیا زکوٰۃ کی ادائیگی کے لیے ضروری ہے کہ زمین یا عمارت کی ملکیت براہِ راست مستحقِ زکوٰۃ فرد کو منتقل کی جائے؟

اسی طرح یہ بھی وضاحت فرمائیں کہ کیا غیر مصفّی رقوم کے ساتھ بھی یہی طریقہ اختیار کیا جاسکتا ہے؟

7) وقف کی صورت:
کیا غیر مصفّی رقوم سے ایسا فلاحی ادارہ "وقف" کے طور پر قائم کیا جاسکتا ہے اور کیا وقف خود اس زمین اور عمارت کا مالک ہوسکتا ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ زکوۃ کا مصرف مستحق زکوۃ فقراء و مساکین ہیں، جنہیں مذکورہ رقم مالک بنا کر دینا لازم و ضروری ہے، لہذا سوال میں ذکر کردہ تفصیل کے مطابق زکوۃ کی رقم کسی فلاحی ادارے کی تعمیراتی کاموں، پارک قائم کرنے، بزرگوں ، بچوں کے نگہداشت کا ادارہ قائم کرنے، وقف ادارہ قائم کرنے اور دیگر ادارہ جاتی انتظامی امور (مثلاً: بلوں کی ادئیگی، ملازمین کی تنخواہیں، باورچی خانے کا سامان وغیرہ) میں صرف کرنا جائز نہیں ہے، البتہ مستحق زکوۃ بزرگوں ، ادارے کے مستحق ملازمین (اجرت کے علاوہ) اور دیگر فقراء و مساکین کو مالک بنا کر دی جاسکتی ہے۔ اسی طرح زکوۃ کی رقم سے پلاٹ یا گھر کی خریداری کے بعد کسی مستحق زکوۃ شخص کو مالک بنانے سے زکوۃ ادا ہوجاتی ہے، تاہم چونکہ قانونی کاغذات کے بغیر مالک بننے والا فرد آگے تصرّف نہیں کرسکتاہے، اس لیے مستحق زکوۃ شخص کو پلاٹ یا گھر پر قبضہ دینے کے ساتھ ساتھ اس کے کاغذات بھی حوالہ کردینے چاہیے تاکہ مالک بننے کے بعد وہ اپنی مرضی سے اس میں تصرّف کرسکے، چنانچہ اس کے بعد اگر وہ اپنی مرضی سے اپنا مالکانہ پلاٹ کسی ٹرسٹ اور ادارے کو دینا چاہے تو ایسا کرنا بلاشبہ جائز اور درست ہوگا۔
جبکہ حرام ذرائع (سود، رشوت، غصب وغیرہ) سے حاصل شدہ آمدن کے بارے میں اس بات پر اتفاق ہے کہ اگر اس کا مالک معلوم ہو تو یہ رقم اس کے مالک کو واپس کرنا ضروری ہے اور اگر مالك معلوم نه هو يا اس تك پهنچانا متعذر هو تو ایسی صورت میں یہ رقم اصل مالک کی طرف سے صدقہ کر دی جائے گی، اسے اپنے استعمال میں لانا شرعا جائز نہیں ہے، البتہ زکوۃ کی طرح کیا حرام رقم بھی فقراءو مساکین کی ملکیت میں دینا شرعا ضروری ہے؟ اس میں اہل علم کے دونوں موقف ہیں ، چنانچہ حضرت مولانا اشرف علی تھانوی صاحب رحمہ اللہ نے واجب التملیک نہ ہونے کا موقف اختیار کیا ہے اور اسی موقف کو فتاوی عثمانی میں بھی راجح قرار دیا ہے، ہمارے نزدیک بھی راجح موقف یہی ہے کہ حرام رقم واجب التملیک نہیں ہے، بلکہ بحکم لقطہ ہے، جسے مصالح مسلمین میں صرف کیا جاسکتا ہے، لہذا حرام رقم کسی فقیر کو دینے کے بجائے مسلمانوں کے رفاہی کاموں میں صرف کرنا بھی جائز ہے، اس لیے سوال میں ذکر کردہ صورت میں حرام رقوم کسی فلاحی ادارے کے تعمیراتی کام، پارک کے قیام ، بزرگوں اور بچوں کے نگہداشت کا ادارہ قائم کرنے وغیرہ جیسے امور میں صرف کرنا جائز ہے ، تاہم مذکورہ رقم مسجد کے تعمیراتی و انتظامی امور میں صرف نہ کی جائے ،کیونکہ یہ مسجد کے تقدس و احترام کے منافی ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

وفي رد المحتار: (قوله كما بسطه الزيلعي)حيث قال لأنه كالمغصوب وقال في النهاية: قال بعض مشايخنا: كسب المغنية كالمغصوب لم يحل أخذه، وعلى هذا قالوا لو مات الرجل وكسبه من بيع الباذق أو الظلم أو أخذ الرشوة يتورع الورثة، ولا يأخذون منه شيئا وهو أولى بهم ويردونها على أربابها إن عرفوهم، وإلا تصدقوا بها لأن سبيل الكسب الخبيث التصدق إذا تعذر الرد على صاحبه اهـ لكن في الهندية عن المنتقى عن محمد في كسب النائحة، وصاحب طبل أو مزمار، لو أخذ بلا شرط، ودفعه المالك برضاه فهو حلال ومثله في المواهب وفي التتارخانية وما جمع السائل من المال فهو خبيث.(6/ 385، ط: دار الفكر)
الدر المختار مع رد المحتار: ورابعها الضوائع مثل ما لا ... يكون له أناس وارثونا.
(قوله: الضوائع) جمع ضائعة أي اللقطات، وقوله: مثل ما لا إلخ مثل تركة لا وارث لها أصلا أو لها وارث لا يرد عليه كأحد الزوجين... (قوله: ورابعها فمصرفه جهات إلخ) موافق لما نقله ابن الضياء في شرح الغزنوية عن البزدوي من أنه يصرف إلى المرضى والزمنى واللقيط وعمارة القناطر والرباطات والثغور والمساجد وما أشبه ذلك. اهـ. (2/ 338، ط: دار الفكر)
الفتاوى الهندية: ولا يجوز أن يبني بالزكاة المسجد، وكذا القناطر والسقايات، وإصلاح الطرقات، وكري الأنهار والحج والجهاد وكل ما لا تمليك فيه، ولا يجوز أن يكفن بها ميت، ولا يقضى بها دين الميت كذا في التبيين، ولا يشترى بها عبد يعتق، ولا يدفع إلى أصله، وإن علا، وفرعه، وإن سفل كذا في الكافي.(1/ 188، ط: دار الفکر)
فتاوی عثمانی میں ہے: کسی شخص کے پاس جو مال کسی حرام یا ناجائز ذریعے سے آ گیا ہو، اور اس کو حاصل کرنے والا یا اس کے وارثوں تک پہنچانا ممکن نہ ہو تو اس کا حکم یہ ہے کہ اسے نیتِ ثواب کے بغیر اپنی جان چھڑانے کے لیے صدقہ کر دیا جائے۔ عام طور پر یہ تاثر ہے کہ اس صدقے میں بھی تقریباً وہ تمام شرائط ملحوظ ہوں جو زکوٰۃ کے مسئلے میں معروف ہیں، چنانچہ عام طور سے یہ سمجھا جاتا ہے کہ اس صدقے میں بھی تملیک فقراء ضروری ہے، اور کسی رفاہی کام میں تملیک کے بغیر خرچ نہیں کیا جا سکتا، ہمارے بزرگوں میں سے بعض نے اس کے بارے میں صراحۃً فتوی بھی دیا ہے۔
دیکھیے (امداد المفتین، ص: 454، کتاب الزکاۃ، طبع دار الاشاعت) البتہ حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس سرہ کا رجحان اس طرف ہے کہ اس قسم کا مال بحکم لقطہ ہے، اور لقطے کا حکم یہ ہے کہ وہ اصل مالکِ غیر معلوم کی طرف سے صدقہ کرنا لازم ہے، اور اس میں تملیک ضروری نہیں۔ اس سلسلے میں امداد الاحکام جلد سوم میں حضرت مولانا ظفر احمد عثمانی رحمۃ اللہ علیہ نے حکیم الامت رحمۃ اللہ علیہ کے رجحان کی صراحتاً نقل فرمایا ہے، اور وجداناً اسی قول کی طرف رجحان کا اشارہ کیا ہے۔ (مکمل تفصیل کیلئے دیکھیے فتاوی عثمانی :3/130،140)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد الیاس آفریدی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 99932کی تصدیق کریں
0     22
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • مالک کے علم میں لائے بغیر کسی کام کے کرنے پر کمیشن لینا جائز نہیں

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   آمدنی و مصارف 1
  • کسی بھی ملازم کا کمپنی کے توسط سے ہدیہ لینا

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   آمدنی و مصارف 0
  • کرکٹ میچ کے اسکور ویب سائٹ پر ڈال کر پیسے کمانا

    یونیکوڈ   اسکین   انگلش   آمدنی و مصارف 1
  • پروفیشنل کرکٹ کھیلنے اور اس کی آمدن کا حکم

    یونیکوڈ   اسکین   آمدنی و مصارف 1
  • حلال آمدن میں حرام آمدن شامل ہونے سے سارا مال حرام ہوجائیگا؟

    یونیکوڈ   اسکین   آمدنی و مصارف 0
  • حرام مال سے خریدی گئی گاڑی سے حاصل ہونے والی حلال آمدنی

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • ایک مصرف کے نام پر چندے میں جمع کی ہوئی رقم ، کسی دوسرے مصرف میں خرچ کرنا

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 4
  • فراڈ اور دھوکہ دہی سے حاصل کردہ مال کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 3
  • "پی ایل ایس " اکاؤنٹ کےمنافع اور اس کے مصرف کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • عورت کےلئے نس بندی کرنا جائز ہے ؟

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • سودی رقم سے ٹیکس ادا کرنا جائز نہیں

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • کسی کمپنی ویب سائٹ پر پر غیر متعلقہ کمپنی کی تشہیر پر اجرت لینے کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • ”studypool.com“ ویب سائٹ پر لٹریچر نوٹس سیل کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • لڑکی کی تصویر والی اشیاء بیچنےکا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • قبرستان میں لگے ہوئے درختوں کا کاٹنا -حدیث "قاتل مقتول دونوں جہنمی" کی تشریح

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • بینک کے لیے انجئنیرنگ کا کام کر کے اس کمائی کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • کیا پیسے کمانا اللہ سے دوری کا سبب ہے ؟

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • اولیاء اللہ کی قبروں کو تجارت کا ذریعہ بنانا

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 1
  • دکان کے سامنے والی جگہ کرایہ پر دینا

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 3
  • مقررہ تنخواہ والے امام کا اپنے لئے ،اپنی مسجد میں چندہ کرنا

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 2
  • میزان بینک کے" نیا پاکستان اسلامک سرٹیفکیٹ" میں سرمایہ کاری کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • بینک اکاونٹ کے سودی رقم کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • رشوت دیکر لی ہوئی نوکری کی آمدن کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • کرنٹ اکاونٹ کا کہنے کے باوجود ، بینک والوں نے سیونگ اکاونٹ کھول دیا،اس میں جمع شدہ سودی رقم کا حکم

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
  • حرام مال خرچ کرنے کے بعد بھی بلانیت ثواب صدقہ کرنالازم ہے

    یونیکوڈ   آمدنی و مصارف 0
Related Topics متعلقه موضوعات