السلام علیکم!
الحمد للہ میں 1987ء سے رمضان کے روزے باقاعدگی سے رکھ رہی ہوں،اور بغیر شرعی عذر کے کبھی روزہ نہیں چھوڑا (شرعی عذر میں ماہواری، بچوں کی پیدائش، حمل،ابارشن ( اسقاطِ حمل)اور بچوں کی بریسٹ فیڈنگ (رضاعت)شامل ہے)۔ اللہ مجھے معاف کرے، قضا روزے میں (بروقت) نہیں رکھ سکی۔ 2005ء تک میرے تین بچے تھے۔ میں نے اس وقت بچوں کی پیدائش، حمل، ایک اسقاطِ حمل اور ماہواری والے روزوں کا حساب کر کے فدیہ دے دیا اور نیت رکھی کہ اب سال کے سال ماہواری والے قضا روزے رکھ لوں گی اور کوشش بھی کی؛ مگر ان کا حساب نہیں رکھ پائی کہ کتنے قضا ہوئے اور کتنے میں نے رکھ لیے۔ پھر دو بچیاں اور دنیا میں آ گئیں اور قضا روزوں میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔ آئرلینڈ میں گرمیوں میں بیس بیس، بائیس بائیس گھنٹے تک کے روزے رکھے، کبھی نہیں چھوڑے؛ جبکہ وہاں گھر کے اور باہر کے سارے کام خود کرنے ہوتے تھے، وہ بھی کیے پانچ بچوں کے ساتھ۔ 2015ء میں ہم لوگ اللہ کے کرم سے قطر آ گئے۔ یہاں اتنے لمبے روزے نہیں ہوتے۔ 2022ء میں، میں نے سارے قضا روزوں کا فدیہ دینا چاہا تو معلوم ہوا کہ یہ قابلِ قبول نہیں، سارے روزے رکھنے ہوں گے۔ پاکستان میں تین مفتیوں سے معلوم کیا، سب کا یہی موقف تھا۔ تو پھر میں 2022ء سے اب 2026ء ہو گیا ہے۔ 1984ء سے 2016ء تک کے روزوں کا حساب کیا میں نے،کیونکہ جو فدیہ میں دے چکی تھی وہ بھی (شرعاً) قابلِ قبول نہیں تھا، اس لیےمیں بلڈ پریشر اور شوگر کی دوا بھی کھاتی ہوں۔ 2023ء میں مجھے تھائي رائیڈ کا کینسر بھی ہو گیا جس کی سرجری کروائی۔ مہینے میں بارہ روزے رکھتی ہوں، اگر کوئی مسئلہ ہو تو چھوڑتی ہوں، ورنہ یہی روٹین ہے۔ مگر میرے بچے اور شوہر یہ کہتے ہیں کہ "اللہ غفور و رحیم ہے، فدیہ دے دو وہ معاف کر دے گا"، مگر میری نیت ہے کہ اللہ گنتی پوری کرا دے۔ میرے شوہر تو قدرے ناخوش بھی ہیں، ان کے نزدیک میں اللہ سے حساب کتاب کر رہی ہوں۔
میرے تین سوال ہیں:
مجھ پر روزے کب فرض ہوئے؟ میں 1983ء میں شعبان کے مہینے میں پندرہ سال کی ہو گئی اسلامی کیلنڈر کے حساب سے، اور شمسی کیلنڈر کے حساب سے 1983ء نومبر میں پندرہ سال کی ہوئی۔ مگر مجھے ماہواری اس کے بعد یعنی جنوری 1984ء میں پہلی بار ہوئی۔ گو میں بچپن میں بھی روزے رکھتی تھی، مگر اس سال نانی کے گھر جانے کے باعث کوئی روزہ نہیں رکھا۔ جسمانی طور پر میں بہت کمزور تھی، اسی لیے عمر میں بھی کم نظر آتی تھی؛ قد بھی میڈیکل کالج جانے کے بعد بڑھا۔ماہواری والے روزوں کی تعداد یاد نہیں، اس لیے اندازے سے ہر سال کے میں نے آٹھ روزوں کا حساب بنایا (ابتدا میں چھ رکھے تھے، کیونکہ میری سائیکل چھوٹی تھی، مگر پھر میں نے آٹھ کا حساب رکھ لیا)۔ 1984ء سے 1986ء تک کچھ کنفیوژن ہے۔ جب 2022ء میں سارے روزوں کا حساب کیا تھا، اس وقت میں مطمئن تھی؛ مگر اب جبکہ روزوں کی گنتی ختم ہونے کا وقت آ رہا ہے تو عجیب وسوسے آ رہے ہیں۔ مثلاً: 1985ء میں بیس رمضان کو میرے امتحان ختم ہوئے اور میں نے باقی کے دس روزے رکھ لیے تھے۔ ہماری دادی نے کہا بھی کہ "کتنی بری حالت ہو رہی ہے، نہ رکھو" (انہیں ہر وقت ہماری صحت کی فکر رہتی تھی؛ کیونکہ ہم تینوں بہنیں کمزور بہت تھیں)، مگر اب نہ جانے کون کون سے خیال آ رہے ہیں۔ 1984ء کا مجھے یاد نہیں، تو اندازے سے بیس روزوں کی قضا کا حساب بنایا۔ اب جو یاد نہیں آ رہا اس کا کیا کروں؟ میں اب بہت تھکنے لگی ہوں۔ ہماری دادی کا کہنا تھا کہ "بارہ بجے سے پہلے روزہ کھول لو تو گناہ نہیں، صرف قضا رکھنی ہوتی ہے"۔ جب روزے فرض نہیں تھے تب تک تو ٹھیک تھا، مگر فرض ہونے کے بعد تو یہ گناہ ہے؛ مگر ہمیں اس وقت علم نہیں تھا۔ دادی کو ہم تینوں بہنیں روزے کے حساب سے کمزور اور چھوٹی لگتی تھیں، جبکہ وہ خود کبھی روزہ نہیں چھوڑتی تھیں۔ تو ان روزوں کا کیا کروں؟ میں مسلسل ساٹھ روزے نہیں رکھ سکتی۔ دوسرا مجھے یاد بھی نہیں کہ فرضیت کے بعد میں نے کوئی روزہ اس طرح توڑاهو سوائے ایک دفعہ کے، تو اب اس کا کیا کروں؟ اور جو روزے یاد نہیں ان کا بھی میں اب کیا کروں؟ کیا اندازے سے فدیہ دے دوں؟
واضح ہو کہ لڑکی کی عمر پندرہ سال ہونے سے پہلے اگر ماہواری نہ آئے، تو پندرہ سال کی عمر ہوتے ہی وہ شرعاً بالغ اور احکامِ شرعیہ کی مکلف شمار ہوگی۔ لہٰذا، سائلہ شعبان 1983ء میں بالغ ہو کر احکامِ شرعیہ (نماز، روزہ اور دیگر فرائض) کی مکلف ہو گئی تھی۔ نیز، جب متعدد سالوں کے قضا روزے جمع ہو جائیں اور علیٰالیقین یاد نہ ہو کہ کتنے روزے قضا ہوئے ہیں، تو ایسی صورت میں غالب گمان اور اندازے سے ایک تعداد متعین کی جائے گی، جس کی قضا کر لینے سے ذمّہ باری ہو جاتا ہے۔ لہٰذا، سائلہ نے غالب گمان اور اندازے سے جو تعداد متعین کی تھی اور اب وہ اس کی قضا کے اختتام کے قریب ہیں، تو جو ایام شدید سوچ و بچار کے باوجود ذہن میں نہیں آ رہے، ان کے بارے میں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ نیز فدیہ دینا تب لازم ہوتا ہے جب دائمی مرض یا بڑھاپے کی وجہ سے روزہ رکھنے کی استطاعت بالکل ختم ہو جائے۔ اس لیے سائلہ کو جو لوگ بلاعذرِ شرعی محض معمولی مشقت کی بنا پر فدیہ دینے کا مشورہ دے رہے ہیں، یہ ان کی احکامِ شرعیہ سے ناواقفیت پر مبنی قول ہے جو شرعاً معتبر نہیں۔
جہاں تک سوال میں مذکور رمضان المبارک کا روزہ زوال سے پہلے توڑنے کی بات ہے، تو بالغ ہونے کے بعد جن روزوں کے ٹوٹنے کے متعلق سائلہ کو یقین یا غالب گمان نہیں ہوتا،تو محض وساوس و شکوک کی وجہ سے ان روزوں کی قضا یا کفارہ لازم نہیں ۔ البتہ دادی اماں کے کہنے پر سائلہ کو جس روزے کے توڑنے کا یقین ہے، اس کے بارے میں حکم یہ ہے۔کہ اگر سائلہ نے رات سے روزے کی نیت نہ کی ہو اور صبح دادی اماں کے کہنے پر کچھ کھا پی لیا ہو، تو سائلہ کے ذمے اس روزے کی فقط قضاء لازم ہوگی۔ لیکن اگر سائلہ نے رات سے باقاعدہ روزے کی نیت کر لی تھی اور پھر بغیر کسی شرعی عذر و بیماری کے محض دادی اماں کے کہنے پر روزہ توڑ دیا تھا، تو ایسی صورت میں سائلہ کے ذمے اس روزے کی قضا کے ساتھ کفارہ بھی لازم ہوگا۔ تاہم، اگر شدید ضعف و بڑھاپے کی وجہ سے سائلہ کے لیے مسلسل دو ماہ کے روزے بطورِ کفارہ رکھنا ممکن نہ ہو، تو ساٹھ مسکینوں کو دو وقت کا کھانا کھلانے یا انہیں صدقہٴ فطر کے بقدر رقم دینے سے سائلہ کا کفارہ ادا ہو جائے گا۔
کمافي بدائع الصنائع: فإن برئ المريض أو قدم المسافر وأدرك من الوقت بقدر ما فاته يلزمه قضاء جميع ما أدرك، لأنه قدر على القضاء لزوال العذر، فإن لم يصم حتى أدركه الموت فعليه أن يوصي بالفدية وهي أن يُطعم عنه لكل يوم مسكينا لأن القضاء قد وجب عليه ثم عجز عنه بعد وجوبه بتقصير منه فيتحول الوجوب إلى بدله وهو الفدية (فصل حكم الصوم المؤقت إذا فات عن وقته: ج:٢، ص:١٠٣، ط: دار الكتب العلمية)
وفيه: وأما وجوب الفداء: فشرطه العجز عن القضاء عجزا لا ترجى معه القدرة في جميع عمره فلا يجب إلا على الشيخ الفاني، ولا فداء على المريض والمسافر ولا على الحامل والمرضع وكل من يفطر لعذر ترجى معه القدرة لفقد شرطه وهو العجز المستدام، وهذا لأن الفداء خلف عن القضاء، والقدرة على الأصل تمنع المصير إلى الخلف كما في سائر الأخلاف مع أصولها، ولهذا قلنا: إن الشيخ الفاني إذا فدى ثم قدر على الصوم باطل الفداء.
وفي حاشية ابن عابدين: ومن وجبت عليه الفِدية لا يجب عليه الصوم ما دام عاجزا، أما إذا قدر فإنه يصوم، لكن لا يبقى ما أداه فدية؛ لأن شرطها العجز الدائم فلا جمع (باب سنن التيمم، ج:١، ص:٢٥٩، شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي)
وفي الهندية: فالشيخ الفاني الذي لا يقدر على الصيام يفطر ويطعم لكل يوم مسكينا كما يطعم في الكفارة كذا في الهداية. والعجوز مثله كذا في السراج الوهاج. وهو الذي كل يوم في نقص إلى أن يموت كذا في البحر الرائق ... إلي قوله ... ولو قدر على الصيام بعد ما فدى بطل حكم الفداء الذي فداه حتى يجب عليه الصوم هكذا في النهاية (الباب الخامس في الأعذار التي تبيح الإفطار: ج:١، ص:٢٠٦، ط: المطبعة الكبرى الأميرية ببولاق مصر)
وفي حاشية ابن عابدين: أو احتجم) أي فعل ما لا يظن الفطر به كفصد وكحل ولمس وجماع بهيمة بلا إنزال أو إدخال أصبع في دبر ونحو ذلك (فظن فطره به فأكل عمدا قضى) في الصور كلها (وكفر) لأنه ظن في غير محله حتى لو أفتاه مفت يعتمد على قوله أو سمع حديثا ولم يعلم تأويله لم يكفر للشبهة (باب ما يفسد الصوم وما لا يفسد: ج:٢، ص:٤١١، ط: شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي )
وفي القواعد والضوابط الفقهية المتضمنة للتيسير (لعبد الرحمن بن صالح العبد اللطيف): وهذه بعض أقوال الفقهاء الدالة على أنهم من حيث الجملة قد يسقطون بعض الكفارات بسبب الشبهة. قال ابن عابدين في كفارة من أفطر في نهار رمضان1: "لو أفتاه مفت يعتمد على قوله أو سمع حديثا ولم يعلم تأويله لم يكفر للشبهة ( الضانط الثاني: الشبهة تسقط الكفارة: ج:٢، ص:٦٨٥، ط: عمادة البحث العلمي بالجامعة الإسلامية، المدينة المنورة).
شدید تھکن اور چکر آنے کی وجہ سے رمضان کا روزہ توڑنے کا کفارہ ادا کرنا
یونیکوڈ روزے کی قضاء و کفارہ 0