بیٹی کو خوب پڑھایا، عمدہ تربیت کی، نماز اور روزے کی پابند بنایا، باپردہ رکھا اور ڈاکٹر بنایا، لیکن وہ کسی کے عشق میں مبتلا ہوگئی۔ بہت سمجھانے اور منانے کے باوجود وہ اپنی بات پر قائم رہی اور والدین کو برا بھلا کہتی رہی۔ والد نے اپنی تمام محنت اور کمائی سے اسے پڑھایا، کھلایا، پلایا اور دوسرے بچوں کے حقوق کو نظر انداز کرکے بھی اس کی ضروریات پوری کیں، لیکن اس ساری محنت کو اس نے اکارت کردیا۔
بالآخر مجبوراً اس کا نکاح ہم نے اسی شخص سے پڑھا دیا، اس نیت سے کہ بعد میں مناسب وقت پر بچی کو رخصت کریں گے۔ لیکن داماد نے آکر دھمکانا شروع کردیا کہ وہ پولیس کی مدد سے اسے لے جائے گا۔ چنانچہ ہم نے مجبور ہوکر بچی سے کہا کہ اگر تم ہمارے لیے یہی مناسب سمجھتی ہو اور والدین کو ذلیل کرنا چاہتی ہو تو جاؤ، اسی کے ساتھ چلی جاؤ۔ وہ بھی ماں باپ سے ملے بغیر اور کسی شرمندگی یا ندامت کا اظہار کیے بغیر یہ کہہ کر چلی گئی کہ: "انہوں نے میرے لیے کیا کیا ہے؟ مجھے تو قیدی بنا کر رکھا ہوا تھا۔"
اس رویے کی وجہ سے والدین نے ایک طویل عرصہ روتے ہوئے گزارا اور یہ واقعہ ان کے لیے زندگی بھر کا روگ بن گیا۔ اب وہ بیٹی ایک بڑے شہر میں اچھی ملازمت کررہی ہے، جو کسی حد تک والد کی محنت اور اس کی تعلیم پر خرچ کیے گئے وسائل ہی کی وجہ سے ممکن ہوئی، اور اب وہ فون کرکے والدین سے معافی مانگتی ہے۔
سوال یہ ہے کہ شریعت کی رو سے والدین کو اب کیا کرنا چاہیے؟ کیا اس سے تعلقات برقرار رکھے جائیں یا کوئی اور طریقہ اختیار کیا جائے؟ والدین کے دل اس کے سابقہ رویے سے بہت زیادہ دکھے ہوئے ہیں اور وہ اب بھی اس کے لیے روتے ہیں۔ وہ داماد کو بالکل منہ نہیں لگانا چاہتے، کیونکہ انہوں نے اسے عزت دی، اس کے ساتھ رشتہ بھی کیا، لیکن نکاح کے بعد رخصتی کا وقت آنے پر اس نے آکر دھمکایا، مسجد میں اونچی آواز میں بدتمیزی کی اور والدین کے دل کو مزید توڑ دیا۔ اس وقت والدین اس لیے بھی بے بس تھے کہ بیٹی ان کی کسی بات کو ماننے کے لیے تیار نہیں تھی؛ اسے اس کا سسرال ہی سب کچھ محسوس ہوتا تھا اور والدین، بہن بھائی اور خاندان کی قدر و قیمت اس کے نزدیک باقی نہیں رہی تھی۔
اب جب وقت گزر چکا ہے، اس کا سکون بھی متاثر ہوا ہے اور وہ والدین سے معافی مانگ رہی ہے، تو والدین کو شرعاً کیا طرزِ عمل اختیار کرنا چاہیے؟ کیا اس کی معافی قبول کرکے تعلقات بحال کرنا ضروری ہے؟ اور کیا داماد سے بھی تعلق رکھنا لازم ہے، یا والدین اپنی دل آزاری کے پیشِ نظر اس سے علیحدہ رہ سکتے ہیں؟
صورتِ مسئولہ میں اگر بیٹی نے واقعۃً والدین کی ناقدری اوربدزبانی کرتےہوئےان کے حقوق میں کوتاہی کی ہو ، جس کی وجہ سے وہ اذیت اورکرب میں مبتلاءہوئے ہوں ، تواس کا یہ عمل گناہ اور نافرمانی کے زمرے میں آتاہے؛ اس پر بصدق دل توبہ واستغفاراور والدین سے معافی مانگنا لازم ہے۔
جبکہ والدین کےلیےبھی سابقہ رنجشوں کو ہمیشہ کے لیے دل میں رکھنامناسب نہیں ، بلکہ بیٹی کی سچی توبہ اور اصلاح پر اسے معاف کرکے صلۂ رحمی کا تعلق برقرار رکھناچاہیے۔
تاہم معافی کا مطلب یہ نہیں کہ والدین پر داماد کے ساتھ بھی لازماً ایسا ہی تعلق رکھنا واجب ہو۔چنانچہ جس شخص کی بدسلوکی سے انہیں شدید اذیت پہنچی ہو، اس سےصرف ضرورت کے بقدر تعلق رکھتےہوئےعام میل جول سے گریز کرنےکی گنجائش ہے؛ البتہ قطعِ رحمی، انتقام اور ظلم سے بچنا ضروری ہوگا۔
لہذابیٹی اگر والدین سے معافی مانگتےہوئےآئندہ حسنِ سلوک، خدمت اور احترام کے ذریعے اپنی غلطیوں کی تلافی کاوعدہ کرے،توایسی صورت میں والدین کوبھی چاہیےکہ وہ اللہ کی رضا کے لیے اسے معاف کردیں،جویقیناًان کے لیے باعث اجروثواب ہوگا۔
كماقال الله تعالي في التنزيل : ﴿وَقَضَىٰ رَبُّكَ أَلَّا تَعۡبُدُوٓاْ إِلَّآ إِيَّاهُ وَبِٱلۡوَٰلِدَيۡنِ إِحۡسَٰنًاۚ إِمَّا يَبۡلُغَنَّ عِندَكَ ٱلۡكِبَرَ أَحَدُهُمَآ أَوۡ كِلَاهُمَا فَلَا تَقُل لَّهُمَآ أُفّٖ وَلَا تَنۡهَرۡهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوۡلٗا كَرِيمٗا وَٱخۡفِضۡ لَهُمَا جَنَاحَ ٱلذُّلِّ مِنَ ٱلرَّحۡمَةِ وَقُل رَّبِّ ٱرۡحَمۡهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرٗا رَّبُّكُمۡ أَعۡلَمُ بِمَا فِي نُفُوسِكُمۡۚ إِن تَكُونُواْ صَٰلِحِينَ فَإِنَّهُۥ كَانَ لِلۡأَوَّٰبِينَ غَفُورٗا﴾ [الإسراء: 23-25]
وفي «مشكاة المصابيح» : وعن عبد الله بن عمرو عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «الكبائر الإشراك بالله وعقوق الوالدين وقتل النفس واليمين الغموس» . رواه البخاري(1/ 22 ط المكتب الاسلامي ،بيروت)
وفي «المفاتيح في شرح المصابيح» : "العقوق": مخالفة من حقه واجب، "الوالدين": الأب والأم، و"عقوق الوالدين": عصيان أمرهما وترك خدمتهما، فكل أمر يأمر به الأب أو الأم الولد واجب على الولد الإتيان بذلك الأمر إن لم يكن فيه إثم۔(1/ 137 ط دارالنوادر ،كويت)
وفي«مشكاة المصابيح» : وعن جابر عن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: «من اعتذر إلى أخيه فلم يعذره أو لم يقبل عذره كان عليه مثل خطيئة صاحب المكس» . رواهما البيهقي في «شعب الإيمان» وقال: المكاس: العشار۔(3/ 1403 ط المكتب الاسلامي ،بيروت)
وفي «الترغيب والترهيب - المنذري - ت عمارة» : وروي عن ابن عباس رضي الله عنهما قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: "ألا أنبئكم بشراركم ؟ قالوا: بلى إن شئت يا رسول الله. قال: إن شراركم الذي ينزل وحده ، ويجلد عبده ، ويمنع رفده ، أفلا أنبئكم بشر من ذلك؟ قالوا: بلى إن شئت يا رسول الله. قال: من يبغض الناس ويبغضونه قال: أفلا أنبئكم بشر من ذلك؟ قالوا: بلى إن شئت يا رسول الله. قال: الذين لا يقيلون عثرة، ولا يقبلون معذرة ، ولا يغتفرون ذنبا . قال: أفلا أنبئكم بشر من ذلك ؟ قالوا: بلى يا رسول الله. قال: من لا يرجى خيره ، ولا يؤمن شره" رواه الطبراني وغيره.(3/ 494 ط الحلبي مصر)