السلام علیکم! میرا نام۔۔۔ ہے ، اور میں 4th year MBBS کا سٹوڈنٹ ہوں کراچی سے ۔ میرے والد میری 4TH year کی فیس ادا نہیں کررہا ، اور کہہ رہے ہیں کہ ان کے پاس پیسے نہیں ہیں،جبکہ مجھے پتہ ہے کہ ان کے پاس پیسے ہیں کیوں کہ ہمارا ایک گھر بھی بن رہا ہے، جس پر تقریبًا سات کروڑ روپے لگ چکے ہیں ، اور ابھی کام ختم نہیں ہوا ، اور اس کے علاوہ بھی الحمد للہ well settled ہیں لیکن باوجود اس سب کے میرے والد صاحب کہہ رہے ہیں کہ فیس ادا نہیں کریں گے اور میں اپنی پڑھائی چھوڑدوں جبکہ میں ابھی فورتھ ایئر ایم بی بی ایس میں ہوں اور دو سال میرے پیپر بھی فیل ہوچکے ہیں ، جس کی وجہ سے تقریباً چھ سال میرے اس پر ضائع ہوگئے ، اور ابھی میرے والد صاحب کہہ رہے ہیں کہ وہ فیس نہیں پے کریں گے ، اور میں یہ سب چھوڑ دوں ۔ میں نے اپنے بڑے بھائی سے بات کی اور گھر میں امی سے بات کی سب یہ کہہ رہے ہیں کہ جو تمہارے ابو کہیں گے وہ ہی ہو گا ہمارے تعلقات تقریباً دو سال سے خراب چل رہے ہیں ، جب میرا تھڑد ایئر تھا ایم بی بی ایس کا تو انہوں نے میری شادی کرادی جبکہ میں نے کہا بھی تھا کہ ابھی صبر کریں میری پڑھائی ختم ہوجائے اس کے بعد شادی کرلینا لیکن انہوں نے میری نہیں سنی اور شادی کرالی ،شادی کرنے کے بعد تقریباً ایک مہینہ بعد ہی ہمارے گھر میں لڑائیاں شروع ہوگئیں،اور بات اتنی آگے بڑھی کی مجھے اپنی گھر والی (بیوی) کو طلاق دینی پڑی ،جس سے میرے والد خوش نہیں تھے ۔اس کے بعد سے اب میرے والد صاحب یہ کہہ رہے ہیں کہ میں فیس پے (ادا ) نہیں کروں گا ، اور تم پڑھائی چھوڑ دو ، اب مجھے بتائیں کہ میں اس صورت میں کیا کروں ؟ کیوں کہ میں ابھی اپنی پڑھائی نہیں چھوڑ سکتا کیوں کہ میں نے اس پر چھ سال ضائع کیے ہیں ، اور اتنی محنت بھی کی ہے، اور جب کہ والد صاحب کے پاس پیسے بھی ہیں ، لیکن وہ فیس نہیں دے رہے ، صرف اسی وجہ سے کہ میں نے ان کی با ت نہیں مانی جب کی ساری غلطی اس لڑکی اور ہمارے گھر والوں کی ہی تھی ۔
برائے مہربانی میری رہنمائی فرمائیں ،فروری میں میرے امتحان بھی ہیں فورتھ ایئر کے ،اس سے پہلے پہلے فیس بھی ادا کرنی ہے۔ شکریہ
واضح رہے کہ بیٹوں کے بالغ ہوجانے کے بعد اگر وہ صحت مند اورکام کاج کے قابل ہوں تو ان کے کسی قسم کے خرچ کی ذمہ داری شرعًا والد کے ذمہ نہیں رہتی ،وہ اپنی تعلیمی اخراجات سمیت ہر قسم کی ضروریات کا بوجھ اٹھانے کے خود ذمہ دار ہوتے ہیں۔ لہذا صورتِ مسئولہ میں سائل کے تعلیمی اخراجات اور امتحانی فیس ادا کرنا اس کے والد کے ذمہ لازم نہیں ، بلکہ سائل اس کی ادائیگی کا بندوبست خود کرے۔ البتہ والدین اس کی تعلیمی ذمہ داریوں کی استطاعت رکھتے ہوں تو اولاد کی تعلیمی اخراجات ادا کرنا باعث اجر و ثواب ہے ، لہذا قدرت کے باوجود بلا وجہ اس سے انکار کرنا مناسب اور باہمی پیار و محبت کے معاملات میں خلل اندازی کا باعث بنے گا ۔ تاہم سائل کو بھی چاہیئے کہ وہ اس مطالبہ کو اپنا حق سمجھنے کے بجائے پیار و محبت سے معاملہ کو حل کرنے کی کوشش کرے ، اور اگر وہ اس پر راضی ہوجاتے ہیں تو یہ ان کی طرف سے تبرع و احسان شمار ہوگا ۔ اس معاملہ کی وجہ سے والدین سے ناراضگی کا اظہار کرنا یا ان کی نافرمانی کرنے کی شرعًا اجازت نہیں ، جس سے احتراز لازم ہے ۔
کما فی الدر:(و تجب ) النفقۃ بأنواعھا علی الحر (لطفلہ )یعم الانثی و الجمع (الفقیر ) الحر فان نفقۃ الملوک علی مالکہ (الی قولہ ) (وکذا) تجب (لولدہ الکبر العاجز عن الکسب ) کأنثی مطلقًا وزمن و من یلحقہ العار بالتکسب و طالب العلم لا یتفرغ لذٰلک (الی قولہ) و افتی ابو حامد بعدمھا لطلبۃ زماننا کما بسطہ فی القنیۃ الخ۔
وفی الرد تحت: (قولہ لطفلہ ) ھو الولد حین یسقط من بطن امہ الی ان یحتلم، و یقال جاریۃ طفل و طفلۃ کذا فی المغرب و قیل او ل ما یولد صبی ثم طفل (الی قولہ) (قولہ کما بسطہ فی القنیۃ) حاصلہ ان السلف قالوا بوجوب نفقۃ علی الأب لکن افتی ابو حامدبعدمہ لفساد احوال اکثرھم و من کان بخلافھم نادر فی ھذا الزمان (الی قولہ) قال صاحب القنیۃ لکن بعد الفتنۃ التاتار التی ذھب بھا اکثر العلماء و المتعلمین نری المشتغلین بالفقہ والادب اللذین ھما قواعد الدین و اصول کلام العرب یمنعھم الاشتغال بالکسب عن التحصیل و یودی الی ضیاع العلم و التعطیل فکان المختار الآن قول السلف الخ۔ (کتاب النفقات، ج: 3، ص: 614، ط: سعید) ۔