ایک عورت نا محرم مردوں سے موبائل پر گپ شپ لگاتی ہے، اس دوران ان کی نازیبا تصاویر بھی منگواتی ہے اور اپنی شادی اور فنکشن کی تصاویر بھی شیئر کرتی ہے، کچھ دکانداروں سے مالی فائدے کے لیے بھی اس طرح کا تعلق ہے، ایسی بیوی کے شوہر کو کیا کرنا چاہیے؟ کیا اسے ساتھ رکھے یا الگ کر دے یاکم از کم اس کے بھائی اور باپ کو بتا دے یا پھر اس حالت میں بھی اجر و ثواب کی نیت سے اس کا پردہ رکھے،نیز شوہر کی آمدنی مناسب ہے، اگرچہ اس میں اس دور کی تمام آسائشیں میسر نہیں۔
صورتِ مسئولہ میں بیوی کا نامحرم مردوں سے بلا ضرورت بے تکلفانہ گفتگو کرنا، ان سے نازیبا تصاویر منگوانا، اپنی تصاویر شیئر کرنا اور مالی فوائد کے حصول کے لیے ایسے تعلقات قائم کرنا شرعاً ناجائز و حرام اور گناہ کبیرہ ہے؛ چنانچہ شوہر پر لازم ہے کہ اولاً حکمت و نرمی سے اسے ان امور سے باز آنے، توبہ کرنے اور اپنے طرزِ عمل کی اصلاح کرنے کی تاکید کرے،لیکن اگر اصلاح کی کوشش کے باوجود وہ باز نہ آئے تو شوہر اپنے سسر یا کسی سمجھ دار اور دیانت دار فرد کو معاملے سے آگاہ کر کے بیوی کو سمجھانے اور راہِ راست پر لانے کی کوشش کرسکتا ہے، البتہ بلا ضرورت اس کے عیوب کی تشہیر سے اجتناب کرنا لازم ہے۔
تاہم اگر تمام تر کوششوں کے باوجود اصلاح ممکن نہ ہو اور ازدواجی زندگی نبھانا دشوار ہوجائے، تو شوہر کے لیے بیوی سے طلاق کے ذریعے علیحدگی اختیار کرنے کی بھی گنجائش ہے،اور ایسا کرنے سے وہ گناہ گار بھی نہ ہوگا۔
کما فی الشامیۃ: (قوله لا يجب على الزوج تطليق الفاجرة) ولا عليها تسريح الفاجر إلا إذا خافا أن لا يقيما حدود الله فلا بأس أن يتفرقا اهـ مجتبى والفجور يعم الزنا وغيره وقد قال صلى الله عليه وسلم لمن زوجته لا ترد يد لامس وقد قال إني أحبها: استمتع بها اهـ ط (کتاب الحظر و الاباحۃ، فصل فی البیع، ج:6، ص:427، ط:سعید)۔
وفی الھندیۃ: هكذا ذكر محمد - رحمه الله تعالى - في الأصل، فقد ذكر الاستحسان فيما إذا كان الناظر إلى الرجل الأجنبي هو المرأة وفيما إذا كان الناظر إلى المرأة الأجنبية هو الرجل قال: فليجتنب بجهده، وهو دليل الحرمة، وهو الصحيح في الفصلين جميعا، ولا تمس شيئا منه إذا كان أحدهما شابا في حد الشهوة وإن أمنا على أنفسهما الشهوة اھ (کتاب الکراھیۃ، الباب الثامن فیما یحل للرجل النظر الیہ و ما لایحل لہ، ج:5، ص:327، ط:الماجدیۃ)۔