کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ: ایک بیوی اور اس کے والدین، شوہر کی مرضی اور صریح اجازت کے بغیر، محض پیدا ہونے والے بچے کی باہر کے ملک کی دستاویزات (Documents/Passport) حاصل کرنے کی غرض سے ڈلیوری کے لیے باہر جانا چاہتے ہیں۔ شوہر اس بات پر راضی نہیں ہے۔ شریعتِ مطہرہ کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ کیا بیوی کا شوہر کی اجازت کے بغیر اس مقصد کے لیے ملک سے باہر جانا جائز ہے؟ اور شوہر کی صریح ممانعت کے باوجود جانے کی صورت میں بیوی کا شرعی حکم کیا ہوگا؟
واضح ہو کہ شریعت کے دائرہ میں رہ کر خاوند بیوی کو جو بھی حکم دے یا کسی بھی کام سے منع کرے، تو بیوی کے ذمہ اس کی اطاعت و فرمانبرداری ضروری ہے، جبکہ بچوں کی دستاویزات میں باہر ممالک کا اندراج اس قدر ضروری نہیں ہے کہ اس کی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان پیدا ہونے والے اختلاف کے نتیجہ میں خود ان کا رشتہ متاثر ہونے کا اندیشہ پیدا ہو۔ لہذا صورت مسئولہ میں اگر مذکورہ عورت کے بچے کی ولادت میں کوئی ایسی پیچیدگی نہ ہو جس سے بچے یا بچے کی ماں کی جان کو خطرہ ہو، بلکہ مطلوبہ سہولیات یہاں موجود ہوں تو محض باہر ملک کی دستاویزات حاصل کرنے کی غرض سے (جو کہ عذرشرعی نہیں ہے) باہر جانے کے لئے شوہر کی رضامندی اور صریح اجازت ضروری ہے اس کے بغیر بیوی کے لئے باہر ملک جانا شرعا جائز نہیں۔ البتہ اگر شوہر کی اجازت کے بغیر وہ چلی گئی تو شرعا گناہ گار ہوگی، جس پر اسے توبہ و استغفار اور شوہر سے معافی تلافی کرنا لازم ہوگا۔
کما فی جامع الترمذی: عن ابی ھریرہ رضی اللہ عنہ عن النبی صلی اللہ علیہ و سلم قال: لو کنت آمر احدا ان یسجد لاحد لامرت المرءہ ان تسجد لزوجھا (باب ما جاء فی حق الزوج علی المرءہ، ج:1، ص:457، مط: مکتبہ البشری)
و فی الدر المختار: و حقہ علیھا ان تطیعہ فی کل مباح یامرھا (کتاب النکاح، باب القسم، ج:3، ص:208، مط: ایچ ایم سعید کمپنی)