کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ : میری پہلی شادی اپنے ماموں زاد سے ہوئی تھی جس سے میری ایک بیٹی ہے ،پھر میرے شوہر کا انتقال ہوگیا عدت وغیرہ گزرنے کے بعد میں نے دوسری شادی کی تو سسرال والوں نے وہ بچی مجھ سے لے لی ،اب وہ بچی کی پرورش میں کمی کوتاہی اور مار پیٹ کررہے ہیں،اس صورت میں، میں بچی کی والدہ اپنی بیٹی کو واپس لے سکتی ہوں یا نہیں ؟جبکہ بچی کی عمر اس وقت تیرہ سال ہے ،اور اگر شرعی طور پر میں بچی کو اپنی تحویل میں نہیں لے سکتی تو کیا بچی اگر اپنی مرضی سے میرے ساتھ رہنا چاہے تو اس کو یہ اختیار حاصل ہے یا نہیں ؟بچی کی دادی اور سات چچا بھی موجود ہیں۔
واضح ہوکہ والد کے انتقال ہوجانے کی صورت میں بچہ جب تک سات سال کی عمر کو اور بچی نو سال کی عمر کو نہ پہنچی ہو، تب تک ان کی پرورش کی زیادہ حقدار ان کی ماں ہے ، بشرطیکہ وہ بچوں کے کسی غیر ذی رحم محرم سے شادی نہ کر لے،یا اس کے علاوہ اس حق کو ساقط کرنے کا کوئی اور سبب نہ پایا جائے۔جبکہ بچی کے نو سال کی عمر کو پہنچ جانے کے بعد بچی کی پاکدامنی،تعلیم اور حفاظت جیسے امور کی ذمہ داری بچی کے اولیاء(باپ،دادا اور چچاؤں وغیرہ) کی طرف منتقل ہوجاتی ہے،لیکن اس کےلئے فقہاءِ کرام رحمہم اللہ نے یہ شرط ذکر کی ہے کہ اولیاء(چچاؤں وغیرہ) کے ہاں رہتے ہوئے بچی کی عزت وآبرو کی حفاظت ہو اور ظلم وزیادتی وغیرہ کا سامنا نہ کرنا پڑے،لیکن اگر کسی ولی(چچا وغیرہ)کی طرف سے بچی کو ظلم وزیادتی کا سامنا ہو تو ایسی صورت میں بذریعہ عدالت اولیاء کو اس حق سے دستبردار کیا جاسکتاہے۔ لہٰذا صورت مسئولہ میں چونکہ بچی کی عمر نو سال سے زائد ہوچکی ہے،اس لئے اولیاء کو اسے اپنے پاس رکھنے کا حق حاصل ہے،تاہم ان پر لازم ہے کہ وہ بچی کے حقوق ادا کرتے ہوئے اس کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں،اس کے ساتھ مار پیٹ کا ظالمانہ رویہ رکھنا شرعاً ناجائز اور گناہِ کبیرہ ہے۔چنانچہ اگر بچی کے اولیاء اپنے ظالمانہ رویہ سے باز آجائیں تو بچی اپنے چاچاؤں کے ساتھ ہی رہے گی،لیکن اگر چچابچی کے ساتھ ظالمانہ رویہ اور مارپیٹ سے باز نہ آئے تو ایسی صورت میں بذریعہ عدالت چچاؤں کے اس حق کو ختم کرتے ہوئے بچی کو ظالم چچاؤں کی تحویل سے نکال کرکسی نیک ،مہربان اور با اعتماد مسلمان عورت(جیسے:دادی،خالہ یا پھوپھی وغیرہ) کی کفالت میں دیا جاسکتا ہے۔اور اگر بچی کا والدہ کے ساتھ رہنے میں کسی قسم کے فتنہ و فساد کا اندیشہ نہ ہو بلکہ وہاں رہنا بچی کیلئے زیادہ مفید ہو تو بچی کو والدہ کی تحویل میں بھی دیا جاسکتاہے۔