السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، مفتی صاحب! میری حال ہی میں شادی ہوئی ہے۔ شادی سے پہلے میں نے اپنی اہلیہ سے پوچھا تھا کہ کیا ماضی میں ان کا کسی کے ساتھ کوئی تعلق رہا ہے؟ انہوں نے جواب دیا کہ نہیں (آپ کے حق پر کسی نے ڈاکا نہیں مارا)۔ اب شادی ہو چکی ہے اور یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماضی میں ان کے بہت سے تعلقات رہے ہیں، جن میں سے بعض جسمانی نوعیت کے بھی تھے۔ اگرچہ وہ کہتی ہیں کہ میں نے کبھی حدود پار نہیں کیں، لیکن پھر بھی ان تعلقات میں جسمانی پہلو موجود تھا۔ اب میں بالکل ششدر اور پریشان ہوں اور سمجھ نہیں پا رہا کہ اس صورتحال سے کیسے نمٹوں۔ براہِ کرم اس بارے میں میری رہنمائی فرمائیں۔ جزاک اللہ۔
سائل کے لیے نکاح وشادی سے قبل بیوی سے اس قسم کے نامناسب سوالات کرنا تو درست نہ تھا، تاہم اب شادی ہوجانے کے بعد اگر ٹھوس ثبوتوں کے ساتھ یہ بات سامنے آئی ہو کہ سائل کی بیوی کے شادی سے پہلے نامحرم مردوں کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے تو اس کے لیے ایسا کرنا ناجائز عمل تھا جس پر اسے بصدق دل توبہ واستغفار اور آئندہ کے لیے ایسے ناجائز کاموں سے اجتناب لازم ہے، چنانچہ اگر سائل کی بیوی اب اپنے گناہوں پر بصدق دل توبہ تائب ہوچکی ہو اور آئندہ بھی بچنے کا پختہ عزم کرچکی ہو اور سائل کو بھی اس کی توبہ پر مکمل اعتماد ہو تو سائل کو وسعتِ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دل سے اس کو معاف کردینا چاہیے۔
لیکن اگر سائل کی بیوی اپنی سابقہ حرکات سے باز نہ آئے اور آئندہ بھی اس قسم کے تعلقات ثبوتوں کے ساتھ سامنے آجائیں تو ایسی صورت میں سائل کو اسے طلاق دیکر اپنے نکاح سے آزاد کرنے کا اختیار حاصل ہےاور اس صورت میں وہ گناہ گار بھی نہ ہوگا۔
ففي الدر المختار: «وفي آخر حظر المجتبى لا يجب على الزوج تطليق الفاجرة ولا عليها تسريح الفاجر إلا إذا خافا أن لا يقيما حدود الله فلا بأس أن يتفرقا، فما في الوهبانية ضعيف كما بسطه المصنف.» (3/ 50)
وفي حاشية ابن عابدين: (قوله: فمنسوخ بآية فانكحوا إلخ) قال في البحر بدليل الحديث «أن رجلا أتى النبي صلى الله عليه وسلم فقال يا رسول الله إن امرأتي لا تدفع يد لامس فقال عليه الصلاة والسلام طلقها فقال إني أحبها وهي جميلة فقال عليه الصلاة والسلام استمتع بها» (قوله: تطليق الفاجرة) الفجور العصيان كما في المغرب (قوله: ولا عليها) أي بأن تسيء عشرته أو تبذل له مالا ليخالعها. (قوله: إلا إذا خافا) استثناء منقطع؛ لأن التفريق حينئذ مندوب بقرينة قوله فلا بأس لكن سيأتي أول الطلاق أنه يستحب لو مؤذية أو تاركة صلاة ويجب لو فات الإمساك بالمعروف فالظاهر أنه استعمل لا بأس عنا للوجوب اقتداء بقوله تعالى {فإن خفتم ألا يقيما حدود الله فلا جناح عليهما فيما افتدت به} [البقرة: 229] فإن نفي البأس في معنى نفي الجناح فافهم. (3/ 50)