ایزی پیسہ ایپ میں میزان انویسٹمنٹ حلال ہے یا حرام؟کیونکہ اُدھر لکھا ہوتا ہے کہ حلال پروفٹ ایز پر شریعہ،اس میں 500 روپے سے لے کر 25000 تک انویسٹمنٹ ہوتا ہے اور منافع کبھی زیادہ دیتے ہیں اور کبھی کم، مطلب منافع فکس نہیں ہوتا۔رہنمائی فرمائیں پلیز۔
ایزی پیسہ کے ذریعے" المیزان انویسٹمنٹ "میں سرمایہ کاری کے طریقۂ کار اور معاہدے کی مکمل تفصیلات ہمارے علم میں نہیں ہیں، اس لیے اس مخصوص صورت کے بارے میں حتمی شرعی حکم بیان کرنا ممکن نہیں۔ تاہم اگر سائل مذکورہ سرمایہ کاری کا مکمل طریقۂ کار، شرائط و ضوابط اور متعلقہ دستاویزی ثبوت فراہم کردے تو اس کا جائزہ لے کر شرعی حکم سے آگاہ کیا جاسکتا ہے۔
البتہ مجموعی طور پر" المیزان انویسٹمنٹ" مستند علماءِ کرام پر مشتمل شریعہ بورڈ کی نگرانی میں شرعی اصولوں کے مطابق سرمایہ کاری کے معاملات انجام دینے کا دعویٰ کرتی ہے، لہذااگرمذکورادارہ کے معاملات واقعۃًمستندعلماء کرام کی زیرنگرانی اسلامی اصولوں پر قائم ہوں، اور ان کا عملی طریقہ کار بھی شرعی ضابطوں کے مطابق ہو ،اورسائل کوبھی ان علماء کرام پراعتمادہو،توایسی صورت میں "المیزان انویسٹمنٹ "میں سرمایہ کاری کرکے نفع حاصل کرنے کی گنجائش ہوگی۔