السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! میں نے یہ پوچھنا تھا کہ میرے دوست نے آن لائن پرفیوم کا کاروبار شروع کیا ہے، میں نے اس سے کہا کہ میں بھی یہ کاروبار شروع کرنا چاہتا ہوں، تو اس نے کہا کہ ٹھیک ہے، میرے ساتھ کام کرو، میں تمہیں پرفیوم ایک مقررہ قیمت پر دیا کروں گا، پھر تم اس پر اپنا برانڈ اور لیبل لگا کر آگے منافع کے ساتھ فروخت کر دینا، تو کیا اس طرح جو منافع میں کماؤں گا، وہ شرعاً درست اور حلال ہوگا؟
صورتِ مسئولہ میں سائل کااپنے دوست سے پرفیوم خرید کراس کی اجازت سے اپنا برانڈ و لیبل چسپاں کرکےمنافع کے ساتھ آگےبیچنا شرعاً جائز ہے، بشرطیکہ پرفیوم میں کسی قسم کے حرام اجزاء کی آمیزش نہ ہو اور اس کی خرید و فروخت میں کسی قسم کا دھوکا یا خلافِ واقع دعویٰ نہ کیاجائے۔
کمافی مرقاۃ المفاتیح: وعن أبي سعيدؓ قال: قال: رسول الله صلى الله عليه وسلم: " التاجر الصدوق الأمين مع النبيين والصديقين والشهداء" رواه الترمذي والدارمي والدارقطني، (إلی قولہؐ) وعن عبيد بن رفاعة، عن أبيهؓ عن الرسول صلى الله عليه وسلم قال: "التجار يحشرون يوم القيامة فجارا، إلا من اتقى وبر وصدق" رواه الترمذي، وابن ماجه، والدارمي،(5/1901/1911 کتاب البیوع، باب المساهلة في المعاملة، الفصل الأول، ط: دار الفکر، بیروت)-