مفتی صاحب مسئلہ یہ ہے کہ
پچھلے سال 2025 جون میں، میرے اور میری بیوی کے درمیان اختلافات ہوئے اور ان اختلافات کا علم میرے ساس اور سسر کو بھی میری بیوی کے زریعے سے تھا۔ میرے ساس سسر اور میری بیوی نے گھر چھوڑنے کی منصوبہ بندی کی اور مجھ سے پوچھے بغیر مجھ سے کوئی بات کیے بغیر میرے علم میں لائے بغیر جبکہ میں عشاء کی نماز پڑھنے گھر سے نکلا تو میرے پیچھے سے میرے ساس سسر آئے اور میری بیوی اور بچوں کو میرے گھر سے اپنے گھر لے گئے۔ میں نے اپنے ساس سسر دونوں کو فون کیا لیکن دونوں میں سے کسی نے میرا فون نہیں اٹھایا اور نہ ہی بعد میں مجھ سے رابطہ کیا۔ میں نے پھر اپنی بیوی کی دونوں پھپوں سے رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہ ملا۔ میں نے اپنی بیوی کے دادا سے رابطہ کیا اور مسئلے پر بات کرنا چاہی لیکن دادا نے یہ کہہ کر فون بند کر دیا کہ دیکھتے ہیں آگے معاملات کو کیسے لے کر چلنا ہے، میں تمہیں فون کرونگا لیکن دادا کا فون پھر کبھی نہیں آیا۔ میں نے پھر اپنی بیوی کے ماموں سے رابطہ کیا لیکن کوئی بات آگے نہ چل سکی۔
پھر میں نے اپنے بہن بہنوئی صاحب کو اپنے ساس سسر کے گھر بھیجا میرے بہین بہنوئی صاحب نے میری بیوی اور بچوں سے ملاقات کروانے کو کہا لیکن میرے ساس سسر نے ملاقات کروانے سے صاف انکار کر دیا اور ملاقات غیر نتیجہ خیز رہی اور بہن بہنوئی واپس آ گئے۔ اس سارے معاملے کو 1.5 ماہ کا عرصہ گزر چکا تھا۔ چونکہ کسی بھی طرح ساس سسر مجھے میری بیوی اور بچوں سے ملنے نہیں دے رہے تھے لہذا میں نے عدالت میں کیس ”دعوی حقوقِ زن آشوئی“ کر دیا۔ اس دوران میری بیوی نے مجھ سے رابطہ کیا اور گھر واپس آنے پر رضا مند ہوئی۔ لہذا میری بیوی سے رابطہ ہونے کے کچھ دنوں بعد ساس سسر کے علم میں لائے بغیر میں اپنی بیوی بچوں کو اپنے ساس سسر کے گھر سے واپس لے آیا اور اس دوران گھر سے نکلتے وقت میرے سالے نے مجھ سے بدتمیزی بھی کی۔ میری بیوی نے گھر واپس آنے کی بات اپنے ماں باپ سے نہیں کی، اگر کرتی تو انہوں نے واپس آنے میں مشکلات کھڑی کر دینی تھی۔ اب میں اور میری بیوی بچے سب اکھٹے رہ رہے ہیں لیکن اب بات یہ ہے کہ میرے ساس سسر نے جو میرے ساتھ رویہ رکھا اس سارے واقعے میں، پہلے میرے سے پوچھے بغیر میری بیوی بچوں کو لے گئے، پھر فون نہیں اٹھا رہے، پھر میرے بہن بہنوئی کو میری بیوی اور بچوں سے ملنے سے روک دیا۔ ان سب باتوں نے میرے دل پر بڑا گہرا اثر ڈالا ہے۔ آج کی تاریخ کے مطابق اس واقعے کو دس ماہ گزر چکے ہیں۔ میری بیوی کہتی ہے کہ ماں باپ سے ملنا ہے لیکن آپ (شوہر) کے ساتھ۔ میں نے اپنی بیوی سے کہا ہے کہ یہ واقع بہت بڑا ہے جو اپکے والدین نے میرے ساتھ کیا ہے لہذا آپکے والدین بے شک مجھ سے معافی نا مانگیں کہ وہ بڑے ہیں اور بڑے سے معافی منگوانا اچھا عمل نہیں لیکن کم سے کم اپکے والدین اس بات کا ضرور اقرا کریں کہ جو انہوں کیا وہ عمل درست نہیں تھا، اپکے والدین کو ایسے بیوی بچوں کو میری غیر موجودگی میں، میرے سے پوچھے بغیر گھر سے لے کر نہیں جانا چاہیے تھا۔ اگر کوئی مسئلہ تھا تو انہیں مجھ سے ڈائریکٹ رابطہ کرنا چاہئے تھا یا میرے بڑوں سے رابطہ کرنا چاہئے تھا۔ آپکے والدین صرف افسوس کا اظہار کر دیں بس، میں انہیں معاف کر دونگا اور دوبارہ ملنا جلنا شروع کر دونگا لیکن میری بیوی کہتی ہے کہ”میرے والدین اپ سے نہ ہی معافی مانگیں گے اور نہ ہی افسوس کا اظہار کریں گے کیوں کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا، میں نے خود آپنے والدین کو بلایا تھا اور میرے والدین میرے کہنے پر مجھے اور بچوں کو گھر سے لے گئے تھے، لہذا میرے والدین کا کوئی قصور نہیں ہے اس سارے معاملے میں۔ اپنے جب میرے والدین سے ملنا ہوگا تب مل لیجئے گا اور ادب اور تمیز کے دائرے میں رہتے ہوئے میرے والدین سے ملیئے گا نہ کہ کوئی بدتمیزی کریں میرے والدین کے ساتھ۔
مفتی صاحب میرے ساس سسر کا جو کردار رہا ہے اس سارے واقعے میں، کیا میرا ان سے نہ ملنا درست عمل ہے؟ کیا میرا یہ مطالبہ کہ میرے ساس سسر مجھ سے بے شک معافی نا مانگیں لیکن کم سے کم افسوس کا اظہار کر دیں کہ ان سے غلطی ہوئی، انہوں نے سارا معاملہ غلط انداز سے چلایا۔ کیا میرا یہ غلط مطابلہ ہے؟
میری بیوی کا یہ کہنا کہ میرے والدین کا کوئی قصور نہیں، کیا میری بیوی کا موقف صحیح ہے؟ واقعی مفتی صاحب میرے ساس سسر کا کوئی قصور نہیں اس سارے واقعے میں؟
میرا یہ مطالبہ کہ سالے نے مجھ سے بدتمیزی کی لہذا سالہ مجھ سے معافی مانگے، کیا میرا یہ مطالبہ غلط ہے مفتی صاحب؟ میرا سالہ مجھ سے 17 سال چھوٹا ہے۔
سوال میں مذکور بیان اگر واقعۃً درست اور مبنی بر حقیقت ہو اس میں کسی قسم کی غلط بیانی سے کام نہ لیا گیا ہو تو سائل کی اجازت کے بغیر بلا کسی شرعی عذر کےان کے ساس سسر کا ان کی بیوی کو میکے لے آنا، اور شوہر کو اس کی بیوی اور بچوں کے ساتھ ملاقات کرنے سے منع کرنا ساس و سسر کے لئے شرعاً جائز عمل نہ تھا، جس پر انہیں بصدقِ دل توبہ و استغفار اور آئندہ اس طرح طرز عمل سے احتراز لازم ہے۔ چنانچہ اگر سائل کے ساس اور سسر اپنے کیے پر نادم ہوں(تو اگرچہ انہوں نے سائل سے معافی نہ مانگی ہو یا سائل کے سامنے اپنی ندامت و شرمندگی کا اظہار نہ کیا ہو) تو سائل کو چاہیے کہ ان کے مقام و مرتبے کا لحاظ رکھتے ہوئے اور وسعتِ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے ساتھ میل جول رکھنے اور تعلقات بحال رکھنے میں پیش قدمی کی کوشش کرے۔ امید ہے کہ ایسا کرنا سائل کی عزت و احترام میں مزید اضافے کا باعث ہوگا۔تاہم سائل کی بیوی کا اس معاملے میں والدین اور بھائیوں کی بے جا حمایت کر کے معاملات کو مزید تناؤ دینا قطعاً درست نہیں، جس سے اسے اجتناب کرنا چاہیے۔
كما فی المصنف ابن أبي شيبة: حدثنا وكيع عن معاوية بن أبي (مزرد) عن يزيد بن رومان عن عروة عن عائشة قالت: قال رسول الله ﷺ: "الرحم معلقة بالعرش تقول: من وصلني وصله الله ومن قطعني قطعه الله".(باب ما قالوا في البر وصلة الرحم،ج:14،ص:146،ح:27029،ط:دار كنوز إشبيليا)
وفي در المختار :قلت: لكن نظر فيه الشرنبلالي بما مر أن ما لا جيران له غير مسكن شرعي، فتنبه (ولا يمنعها من الخروج إلى الوالدين) في كل جمعة إن لم يقدرا على إتيانها على ما اختاره في الاختيار ولو أبوها زمنا مثلا فاحتاج فعليها تعاهده ولو كافرا وإن أبى الزوج.فتح (ولا يمنعها من الدخول عليها في كل جمعة، وفي غيرهما من المحارم في كل سنة) لها الخروج ولهم الدخول زيلعي (ويمنعهم من الكينونة)اھ(باب النفقة،ص:262،ط:دار الكتب العلمية)
وفي رد المختار تحت:(قوله على ما اختاره في الاختيار) الذي رأيته في الاختيار شرح المختار: هكذا قيل لا يمنعها من الخروج إلى الوالدين وقيل يمنع؛ ولا يمنعهما من الدخول إليها في كل جمعة وغيرهم من الأقارب في كل سنة هو المختار. اهـ (مطلب في الكلام على المؤنسة،ج:3،ص:602،ط:سعید)