میں ڈاکٹر ہوں ،اگر میں کسی کا MRI یا CT Scan کرواتا ہوں پرائیویٹ جگہ سے، تو وہ عام ریٹ سے کم قیمت میں کرتے ہیں، تو اس کے اوپر جو پیسے ہوتےہیں وہ ڈاکٹر کے شیئرنگ کے لیتےہیں، جیسے میں 2500 کے کرواتا ہوں، پھر وہ 1000 یا 1500 اوپر لیتے ہیں، ٹوٹل 3500 یا 4000کا کرتےہیں ،تو یہ لینا جائز ہے یا نہیں؟
صورتِ مسئولہ میں اگر MRI یا CT Scan کی اصل قیمت 2500 روپے ہو، لیکن ڈاکٹر کے کمیشن کی رقم شامل کرکے مریض سے 3500 یا 4000 روپے وصول کیے جاتے ہوں، تو چونکہ مرض کی تشخیص کے لیے ضروری ٹیسٹ تجویز کرنا ڈاکٹر کی ذمہ داری ہے، جس کی وہ مریض سے فیس لیتا ہے ،اس لئے اپنی اس ذمہ داری نبھانے پر دو مرتبہ رقم وصول کرنا یا متعلقہ لیب کی طرف سے مریض ریفرکرنے کا عوض وصول کرنا (جس میں بظاہر کوئی قابل عوض عمل شامل نہیں) شرعاََ رشوت کے زمرے میں آتا ہے، جو شرعاً جائز نہیں، جس سے احتراز لازم ہے ۔
کمافي بدائع الصنائع:ولو استأجرها للطبخ والخبز؛ لم يجز ولا يجوز لها أخذ الأجرة على ذلك؛ لأنها لو أخذت الأجرة لأخذتها على عمل واجب عليها في الفتوى فكان في معنى الرشوة فلا يحل لها الأخذ اھ(فصل في بيان مقدار الواجب من النفقة،ج:٤،ص:٢٤،ط: سعيد)
وفی البحرالرائق: وقدمنا عن الأقطع الفرق بين الهدية والرشوة أن الرشوة ما كان معها شرط الإعانة بخلاف الهدية وفي خزانة المفتين مال يعطيه ولا يكون معها شرط والرشوة مال يعطيه بشرط أن يعينه الخ (كتاب القضاء, ج: 6، ص: 305، ط: دار الکتاب الاسلامی)