کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام اس بارے میں کہ :
(۱) آیا کسی غیر مسلم کو قرآن پاک کی تفسیر یا اور کوئی اسلامی کتاب بطورِ تحفہ دیا جاسکتا ہے ؟ کیونکہ غیر مسلم اہلِ کتاب نہیں ہیں؟
(۲) نماز کا کیا فدیہ ہے ؟ اور یہ کس کو دیا جائے، اور روزہ کا کیا فدیہ ہے اور کس کو دیا جائے؟
(۱) صورتِ مسئولہ میں اگر کافر کو قرآن کی تفسیر یا دیگر کتبِ دینیہ بطور تحفہ دینے سے ، ان کی بے حرمتی اور بے ادبی کا اندیشہ نہ ہو اور جس کو دیا جارہا ہے اس کے راہِ راست پر آنے کی توقع بھی ہو ، تو مذکورہ کتب غیر مسلموں کو بطورِ تحفہ دینے کی شرعاً گنجائش ہے۔
(۲) ہر فرض و وتر نماز اور ہر روزہ کا فدیہ ایک صدقہ فطر (یعنی پونے دوسیر گندم یا اس کی قیمت) کی مقدار ہے اور یہ ہر اس شخص کو دینا جائز ہے جو صاحبِ نصاب نہ ہو ۔
و فی الدر المختار : ’’و فدیۃ کل صلوۃ و لو وترا کصوم یوم علی المذہب‘‘۔ (ج۲، ص۱۹۱)۔