اکابر حضرات"

حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی پر امکان کذب کا قائل ہونے کے اعتراض کا حکم

فتوی نمبر :
95266
| تاریخ :
2026-05-12
ادیان و فرق / شخصیات / اکابر حضرات"

حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی پر امکان کذب کا قائل ہونے کے اعتراض کا حکم

حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ کے فتاویٰ رشیدیہ کے ایک سکین پیج پر ان کی طرف ایک دعویٰ منسوب کیا گیا ہے کے وہ امکان اے کذب کے قائل ہیں اور اس بات پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ اعوام کو گمراہ کیا جا سکے فتاویٰ رشیدیہ کتاب العقائد کے پہلے صفحے پر ان کا عقیدہ تحریر ہے کے جو اس طرح کا عقیدہ رکھے وہ کافر ہے لیکن کچھ لوگ مسلک کی محبت میں سچ کو جھوٹ اور جھوٹ کو سچ ثابت کرنے پر تلے ہوئے ہیں اس پر اگر ایک مفصل اور مدلل جواب مل جائے تو اچھا ہے نوٹ یہ مضمون سوشل میڈیا پر پیش کرنے والے بریلوی علماء اور عوام دونوں شامل ہیں

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

فتاویٰ رشیدیہ کے "کتاب العقائد" کے اولین فتوے میں حضرت گنگوہی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:"ذاتِ پاک حق تعالیٰ جل جلالہ کی پاک و منزہ ہے اس سے کہ متصف بصفتِ کذب کیا جاوے، معاذ اللہ تعالیٰ، اس کے کلام میں ہرگز ہرگز شائبۂ کذب کا نہیں... جو شخص حق تعالیٰ کی نسبت یہ عقیدہ رکھے کہ وہ جھوٹ بولتا ہے، وہ قطعاً کافر ہے، ملعون ہے، مخالفِ قرآن و حدیث و اجماعِ امت ہے، وہ ہرگز مومن نہیں۔"
اس کے فوراً بعد وہ ایک الگ مسئلہ بیان کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے مثلاً فرعون و ہامان و ابولہب کے بارے میں جہنم کا فیصلہ فرمایا؛ اللہ تعالیٰ اس فیصلے کے خلاف کرے گا نہیں، لیکن اس کے خلاف کرنے سے وہ عاجز نہیں۔
چنانچہ فرماتے ہیں:
"مگر وہ اللہ تعالیٰ قادر ہے اس بات پر کہ ان کو جنت دے دیوے، عاجز نہیں ہوگیا، قادر ہے، اگرچہ ایسا اپنے اختیار سے نہ کرے گا۔"(فتاوی رشیدیہ ص 93،ط:ایچ ایم سعید،کراچی)
یہاں بنیادی فرق واضح ہوگیاکہ اللہ تعالیٰ بالفعل خلافِ خبر نہیں کرتا اور کذب سے پاک ہے؛ بحث اس بات کی ہے کہ کیا خلافِ وعید کسی عقلی اعتبار سے تحتِ قدرت ہے یا نہیں۔
فتاویٰ رشیدیہ میں آگے حضرت گنگوہی رحمہ اللہ کی طرف یہ عبارت منقول ہے:
"الحاصل امکانِ کذب سے مراد دخولِ کذب تحتِ قدرتِ باری تعالیٰ ہے، یعنی اللہ تعالیٰ نے جو وعدہ وعید فرمایا ہے اس کے خلاف پر قادر ہے، اگرچہ وقوع اس کا نہ ہو، امکان وقوع لازم نہیں، بلکہ ہو سکتا ہے کہ کوئی شے ممکن بالذات ہو اور کسی وجہ خارجی سے اس کو استحالہ لاحق ہوا ہو۔"(فتاوی رشیدیہ ص 96،ط:ایچ ایم سعید،کراچی)
اور آگے صاف لکھتے ہیں:
"پس جو شبہات آپ نے وقوعِ کذب پر متفرع کئے تھے وہ مندفع ہوگئے، کیونکہ وقوع کا کوئی قائل نہیں۔"(ایضاً)
یہ آخری جملہ نہایت اہم ہے: "وقوع کا کوئی قائل نہیں"۔ اس لیے "امکانِ کذب" کی عبارت کو یہ معنی دینا کہ حضرت گنگوہی رحمہ اللہ، اللہ تعالیٰ کے واقعۃً جھوٹ بولنے کے قائل تھے، خود ان کی صریح عبارت کے خلاف ہے۔
چنانچہ بظاہر دو عبارتیں سامنے آتی ہیں:
1۔اللہ تعالیٰ کے لیے کذب کی نسبت کرنا یا یہ عقیدہ رکھنا کہ وہ جھوٹ بولتا ہے: "قطعاً کافر، ملعون"۔
2۔امکانِ کذب سے مراد دخولِ کذب تحتِ قدرت ہے۔
اگرچہ بظاہردونوں باتوں میں تعارض کاشبہ پیداکیاجاتاہے ،لیکن حقیقت میں ان میں کوئی تعارض نہیں،کیونکہ پہلی عبارت میں کذب کا اثبات، اتصاف یا وقوع مراد ہے، جبکہ دوسری میں اصطلاحی امکان اور تعلقِ قدرت کی بحث ہے۔ خود حضرت گنگوہی رحمہ اللہ نے پہلی عبارت میں "متصف بصفتِ کذب"، "شائبۂ کذب" اور "وہ جھوٹ بولتا ہے" کی واضح نفی کی ہے، پھر دوسری جگہ امکان کی تعریف کرکے "اگرچہ وقوع اس کا نہ ہو" اور "وقوع کا کوئی قائل نہیں" فرمایا ہے۔
اس لیے صرف یہ حصہ دکھانا کہ "کذب داخل تحت قدرتِ باری تعالیٰ ہے" اور باقی تشریح حذف کردینا، علمی دیانت کے خلاف ہے۔ اسی طرح صرف "کافر" والی عبارت دکھا کر یہ کہنا کہ حضرت گنگوہی نے امکانِ قدرت والی بحث سے بھی رجوع کیا تھا، وہ بھی درست نہیں؛ دونوں عبارتیں اپنی اپنی اصطلاحی بحث میں ہیں۔
دوسری بات یہ ہے کہ يه صرف حضرت گنگوہی رحمہ اللہ کی ایجاد کردہ بحث بھی نہیں بلکہ علمِ کلام کی قدیم بحث خصوصاً خلفِ وعید، امکانِ عقلی، تعلقِ قدرت اور استحالہ بالذات کے مباحث سے متعلق ہے۔ شرح المواقف میں بھی اس نوع کی بحث موجود ہے اور وہاں یہ تفصیل آتی ہے کہ انبیاء کے معجزات اور کذب وغیرہ کے مسئلے میں عقلی امکان، وقوع اور امتناع کے درجات الگ الگ دیکھے جاتے ہیں؛ حتیٰ کہ وہاں یہ بحث بھی موجود ہے کہ کسی امر کا عقلی امکان اپنی جگہ ہو سکتا ہے جبکہ اس کا وقوع قطعی طور پر ممتنع یا غیر واقع ہو۔نیزبراہینِ قاطعہ میں یہ تصریح نقل ہوئی ہے کہ "امکانِ کذب کا مسئلہ اب جدید کسی نے نہیں نکالا بلکہ قدماء میں اختلاف ہوا ہے کہ خلف وعید جائز ہے یا نہیں"۔
لہٰذا اگر کسی پوسٹ میں فتاویٰ رشیدیہ کا اسکین پیش کرکے صرف یہ کہا جائے"رشید احمد گنگوہی اللہ تعالیٰ کے لیے جھوٹ بولنے کا امکان مانتے تھے، لہٰذا وہی کفر کا عقیدہ رکھتے تھے جسے خود فتاویٰ رشیدیہ کے پہلے صفحے پر کافر کہا گیا ہے۔"
تو یہ استدلال ادھوری عبارت اور اصطلاحی مغالطے پر مبنی ہے۔اس لیے فتاوی رشیدیہ میں موجود دونوں مقامات کو مکمل سیاق کے ساتھ پڑھا جائے۔تویہ مغالطہ خود بخودختم ہوجاتاہےکیونکہ فتاویٰ رشیدیہ میں وقوعِ کذب اور اتصافِ ذاتِ باری تعالیٰ بہ کذب کی صاف اور قطعی نفی موجود ہے۔
چنانچہ"فتاویٰ رشیدیہ کی اصل عبارت میں حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی رحمہ اللہ نے اللہ تعالیٰ کی ذات کو کذب سے منزہ قرار دیا، بالفعل کذب کی نسبت کو کفر قرار دیا، اور 'امکانِ کذب' کی اصطلاح کی تشریح کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس سے وقوعِ کذب مراد نہیں؛ بلکہ ان کی بحث قدرتِ الٰہی کے تعلق اور خلافِ وعید کے عقلی امکان سے متعلق ہے۔ لہٰذا صرف ایک جملہ 'کذب داخل تحت قدرتِ باری تعالیٰ ہے' نقل کرکے حضرت گنگوہی رحمہ اللہ کو اللہ تعالیٰ کے بالفعل کذب کا قائل قرار دینا پر درست نہیں۔ اسی طرح اس دقیق کلامی مسئلے کو مسلکی طعن و تشنیع کے بجائے مکمل سیاق اور اصولِ عقائد کے ساتھ سمجھنا چاہیے۔"

مأخَذُ الفَتوی

كمافي المواقف للإيجي: وأمّا الكذبُ فيمتنعُ عليه تعالى اتفاقًا.(المقصد السابع، مبحث الكلام، ص 295 ، دار الكتب العلمية، بيروت)
وفي شرح المواقف،لسید شریف الجرجاني : يمتنع عليه الكذب اتفاقًا، أما عند المعتزلة فلوجهين۔۔)
وفيه أيضاّ : وأما العقاب ففيه بحثان: الأول: أوجب جميع المعتزلة والخوارج عقاب صاحب الكبيرة إذا مات بلا توبة، ولم يجوزوا أن يعفو الله عنه بوجهين، الأول: أنه تعالى أوعد بالعقاب على الكبائر وأخبر به أي بالعقاب عليها، فلو لم يعاقب على الكبيرة وعفا لزم الخلف في وعيده والكذب في خبره وإنه محال۔۔۔والجواب: غايته وقوع العقاب فأين وجوب العقاب الذي كلامنا فيه؟ إذ لا شبهة في أن عدم الوجوب مع الوقوع لا يستلزم خلفًا ولا كذبًا، لا يقال: إنه يستلزم جوازهما وهو أيضًا محال، لأنا نقول: استحالته ممنوعة، كيف وهما من الممكنات التي تشملهما قدرته تعالى.(ج 8، ص 114)
وفي «شرح العقيدة الطحاوية» : وأما أهل السنة، فعندهم أن الله على كل شيء قدير، وكل ممكن فهو مندرج في هذا. وأما المحال لذاته، مثل كون الشيء الواحد موجودا معدوما في حال واحدة، فهذه لا حقيقة له، ولا يتصور وجوده، ولا يسمى شيئا، باتفاق العقلاء. ومن هذا الباب: خلق مثل نفسه، وإعدام نفسه وأمثال ذلك من المحال.
وهذا الأصل هو الإيمان بربوبيته العامة التامة، فإنه لا يؤمن بأنه رب كل شيء إلا من آمن أنه قادر على تلك الأشياء، ولا يؤمن بتمام ربوبيته وكمالها إلا من آمن بأنه على كل شيء قدير.(1/ 117 ط: الرسالة ،بيروت)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد سعد جاوید عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 95266کی تصدیق کریں
0     44
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • کیا صحابہ کرام اور بزرگانِ دین سے غلطی سرزد ہوتی ہے؟

    یونیکوڈ   اسکین   اکابر حضرات" 2
  • بریلوی حضرات کا ، علماءِ دیوبند کو حضورﷺ کا گستاخ کہنا

    یونیکوڈ   اسکین   اکابر حضرات" 1
  • مفتی مختار الدین کربوغہ والے کی حضرت شیخ زکریاؒ سے خلافت

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 1
  • مختصر سوانح حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکیؒ

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 1
  • حضرت تھانویؒ، حضرت گنگوہی اور حاجی امداد اللہ صاحبؒ کو بریلوی کہہ کر ان کی کتابیں پڑھنے سے منع کرنا

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 1
  • کتاب صراط مستقیم وتقویۃ الایمان پرایک اشکال کاجواب

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 2
  • علماءِ دیوبند کی معلومات کے بارے میں چند کتب کے نام

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • دیوبندیوں کی طرف ایک گستاخانہ قول کی نسبت کی حقیقت

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • شیخ ذو الفقار احمد نقشبندی کے ہاتھ پر بیعت کرنے کا حکم

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • حضرت یعقوب اور حضرت یوسف کے بارے میں ایک واقعہ کی وضاحت

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • غیر مقلدین کا امام کعبہ کے بارے میں غیر مقلد بتانے کی وضاحت

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • کیامولانا طارق جمیل صاحب کو خلافت ملی ہے؟

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • امام مہدی کے لئے رضی اللہ عنہ کاجملہ استعمال کریں یا علیہ السلام کا؟

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • نبی علیہ السلام اور حضرت علی کو ایک ہی حیثیت سمجھنا

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی صحابیت کا انکار کرنے والی عورت کا حکم

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 1
  • حضرت پیر ذوالفقار نقشبندی صاحب سے بیعت کرنا

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • عبدالرحمان ابن عدیس کے متعلق مؤقف

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
  • حضرت مولانا رشید احمد گنگوہی پر امکان کذب کا قائل ہونے کے اعتراض کا حکم

    یونیکوڈ   اکابر حضرات" 0
Related Topics متعلقه موضوعات