کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ میری بڑی بہن کی اولاد نہیں تھی، تو میں نے اپنی بیٹی انہیں لے پالک کے طور پر دی۔ اب معلوم یہ کرنا ہے کہ اس کی ولدیت کے خانے میں میرا نام لکھا جائے گا یا میری بہن کا؟ کیونکہ میری بہن نے میری بیٹی کو جوان کیا، جو کہ ان کی لے پالک ہے۔ انہوں نے اس کا برتھ سرٹیفکیٹ بنایا ہے اور اس میں ولدیت کے خانے میں میرا نام نہیں لکھا ہے۔اور میں انہیں کافی عرصے سے سمجھا رہا ہوں، وہ مانتے ہی نہیں۔ میری رہنمائی کی جائے کہ قرآن و حدیث کی روشنی میں ان کا یہ طرزِ عمل شرعاً درست ہے یا نہیں؟ اور میری کیا ذمہ داری ہے؟ اگر وہ ولدیت کے خانے میں میرا نام نہیں لکھتے تو کیا اس سے میں گناہ گار ہوں گا؟ اور میرے لیے اللہ اور اس کے رسول ﷺ کا کیا حکم ہے؟
واضح ہو کہ کسی بچے یا بچی کو گود لے کر اس کی پرورش کرنا شرعاً جائز، بلکہ کارِ ثواب ہے، لیکن اس بچے یا بچی کو حقیقی والد کی بجائے پرورش کرنے والے کی طرف منسوب کرنا، اور اس سے متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری کاغذات میں ولدیت کے خانے میں حقیقی والد کی بجائے پرورش کرنے والے کا اپنا نام لکھوانا، ازروئے قرآن و حدیث حرام اور گناہِ کبیرہ ہے۔لہٰذا صورتِ مسئولہ میں مذکورہ لے پالک بچی کے برتھ سرٹیفکیٹ میں ولدیت کے خانے میں اگر سائل کے بہنوئی کا نام لکھا گیا ہو اور اب کاغذات میں ترمیم اور تبدیلی ممکن ہو تو ایسی صورتِ حال میں ان کاغذات میں ترمیم کرکے ولدیت کے خانے میں حقیقی والد کا نام درج کرنا لازم اور ضروری ہوگا۔اور آئندہ کے لیے بھی سائل کے بہنوئی کے لیے لازم ہے کہ وہ اپنی لے پالک بچی کے تمام سرکاری و غیر سرکاری کاغذات میں اس کے حقیقی والد کا نام ہی درج کروائے اور اپنا نام درج کروانے سے احتراز کرے، بصورتِ دیگر گناہِ کبیرہ کا مرتکب ہوگا۔جبکہ سائل کے انہیں بارہا سمجھانے کے باوجود اگر وہ سائل کی بات نہیں مان رہے تو اس سے سائل گناہ گار نہیں ہوگا۔