موبائل فون پر جو PTA ٹیکس ہے ،اس کی کیا شرعی حیثیت ہے ، نان PTA فون کی خرید و فروخت اور اس کا استعمال جائز ہے یا نا جائز ؟اسی طرح اگر کوئی باہر کے ملک سے نیا فون تحفہ میں لائے جبکہ ٹیکس نہ دیا ہو تو کیا اس کو لینا جائز ہے، جبکہ لینے کے بعد اس کا ٹیکس ہم خود دے دیں ؟
واضح ہو کہ کسی بھی ریاست کے لئے ملکی امور چلانے اور مفادِ عامہ کی خاطر ٹیکس عائد کرنے کی شرعاً اجازت ہے بشرطیکہ عائد کیا جانے والا ٹیکس لوگوں کی وسعت سےزیادہ نہ ہو اور ٹیکس کی یہ رقم واقعۃً اس کے صحیح مصارف میں خرچ بھی کی جاتی ہو ، لہذا اسی تناظر میں باہر ممالک سے آنے والے موبائل فون پر مناسب ٹیکس عائد کرنا درست اور اس کی ادائیگی شرعاً لازم ہوگی، تا ہم اگر کوئی شخص ادائیگی ٹیکس کے بغیر اس فون کو استعمال کرنا چاہے تو ہماری معلومات کے مطابق حکومتِ وقت کی طرف سےاس پر کوئی پابندی نہیں ہے ، تاہم ٹیکس کی عدم ادائیگی کی وجہ سے اس موبائل پر کسی بھی نیٹ ورک استعمال کرنے کی سہولت ختم کردی جاتی ہے ، البتہ نیٹ ورک کی بحالی کے لئے غیر قانونی طریقہ پر اس کی آئی ایم ای آئی (IMEI) تبدیل کرنا شرعاً درست نہیں ،اس سے اجتناب لازم ہے ۔
قال اللہ تعالی: وَ اٰتِ ذَاالۡقُرۡبٰی حَقَّه وَ الۡمِسۡکِیۡنَ وَ ابۡنَ السَّبِیۡلِ وَ لَا تُبَذِّرۡ تَبۡذِیۡرًا اھ ( آیتـ 24 سورۃ بنی اسرائیل )
و فی الھندیة: الخراج و الجزیة و ما صولح علیہ بنو نجران من الحلل و بنو تغلب من الصدقة امضاعفة و ما أخذہ العاشر من المستأمنین و تجار أھل الذمة کذا فی السراج الوھاج اھ ( کتاب الزکاۃ الباب السابع ج 1 صـ 190 ط: ماجدیة )