شادی بیاہ میں رواج ہے کہ شادی والے دن دلہن کے رشتہ دار لڑکی یا اس کی والدہ کو لفافہ یا رقم دیتے ہیں اور ولیمہ پرلڑکے یا اس کی والدہ کو، اب یہ رقم دولہا دلہن کی ملکیت ہے یا والدہ والدین کی یا جو شادی کا خرچہ اٹھائے اس کی ملکیت ہے ؟ عموماً رشتہ دار والدہ کو اور دوست احباب لڑکےلڑکی کو لفافہ پکڑاتے ہیں، ایک عام رائے یہ ہے کہ دولہا دلہن کو تحفے کے طور پر دیے جاتے ہیں جبکہ دوسری رائے یہ ہے کہ شادی بیاہ کے خرچوں کی مد میں مدد کے لئے دیے جاتے ہیں،اگر لڑکے اور لڑکی دونوں کے خاندانوں میں رقم کی ملکیت کے حوالے سے مختلف رائے ہے، تو اس صورت میں کیا کیا جائے؟
شادی کے موقع پر بطور ہبہ(ہدیہ) دیا جانے والا لفافہ جس کے نام پر ہو وہ اسی کا ہوگا، ،مثلاً اگر وہ شوہر کے نام پر ہو تو شوہر کا، اگر بیوی کے نام پر ہو تو بیوی کا، اور اگر والدین کے نام پر ہو تو والدین کا ہوگا، اور اگر کسی کے نام پر نہ ہو اور تحقیق کرنا بھی ممکن نہ ہو تو عرف کو دیکھا جائے گا، عرف میں جس کا سمجھا جاتا ہو اسی کا ہوگا۔
کما فی درر الاحکام: الهدايا التي تأتي في الختان أو الزفاف تكون لمن تأتي باسمه من المختون أو العروس أو الوالد والوالدة وإن لم يذكر أنها وردت لمن ولم يمكن السؤال والتحقيق فعلى ذلك يراعى عرف البلدة وعادتها الخ(المادة 876، الهدايا التي تأتي في الختان أو الزفاف،ج2،ص481،ط:دار الجیل)۔