کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام ومفتیانِ شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ جمعۃ المبارک کا خطبہ سننے کا سنت طریقہ کیا ہے جب کہ زید کہتا ہے کہ دو زانو ہوکر قعدہ کی صورت میں بیٹھ کر خطبہ سننا چاہیئے ،جبکہ بکر کہتا ہے جیسے چاہیں بیٹھ کر خطبہ سن سکتے ہیں، آپ فقۂ حنفی کے مطابق ارشاد فرمائیں کہ خطبہ سننے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
خطبہ سننے کا بہتر اور مستحب طریقہ یہ ہے کہ قعدہ کی شکل میں بیٹھ کر سنا جائے جیسا کہ زید کہتا ہے اس لئے کہ اس حالت میں ادب اور تواضع پائی جاتی ہے ، نیز یہ کہ توجہ سے سننے کیلئے یہی ہیئت مناسب ہے اور اگر اس طرح بیٹھنا مشکل ہو، یا تکلیف ہوتی ہو یا کوئی اور عذر ہو تو پھر جس ہیئت میں بیٹھنا ممکن ہو ،بیٹھ کر توجہ سے خطبہ سنا چاہیئے جیسا کہ بکر کہتا ہے۔
فی الھندیۃ : اذا شہد الرجل عند الخطبۃ إن شاء جلس محتبیا أو متربّعًا أو کما تیسّر لانہ لیس بصلاۃ عملًا وحقیقۃً کذا فی المضمرات ویستحب أن یقعد فیہا کما یقعد فی الصلاۃ۔ اھـ (ج۱، ص۱۴۸)۔