ادیان متفرقہ

ہندو عورت کی طرف سے کئے گئے اعتراضات کے جوابات

فتوی نمبر :
5680
| تاریخ :
عقائد / ایمان و کفر / ادیان متفرقہ

ہندو عورت کی طرف سے کئے گئے اعتراضات کے جوابات

مہربانی فرما کر مندرجہ ذیل مسئلے میں رہنمائی فرمائیں۔ میرے ایک دوست ہیں جو دبئی میں رہتے ہیں اور وہاں کام بھی کرتے ہیں، اللہ تعالی کے فضل سے ان کی شرعی داڑھی ہے اور پانچ وقت کے نمازی بھی ہیں، ان کے ساتھیوں میں مختلف ممالک مثل ہندوستان ملائیشیا، سری لنکا وغیرہ سے تعلق رکھنے والے مرد اور عورتیں ہیں، لیکن ان کے ساتھ کام کرنے والوں میں ایک ہندو عورت خصوصاً اور بھی لوگ عموما پوچھتے ہیں کہ آپ شرعی داڑھی کیوں رکھتے ہیں جبکہ دیگر مسلمان جو آفس میں کام کرنے والے ہیں وہ داڑھی نہیں رکھتے۔
اور مذکورہ عورت یہ بھی پوچھتی ہے کہ ایک مسلمان مرد چار عورتوں سے شادی کیوں کر سکتا ہے بخلاف مسلمان عورت کے جس کو چار مسلمان مردوں سے شادی کرنے کی اجازت نہیں ؟ اور اس طرح بہت سارے سوالات کرتی ہے۔ جبکہ وہ اسلام کے متعلق دلچسپی رکھتی ہے اور اسلامی کتابوں کے پڑھنے کے بارے میں پوچھتی ہے، لہذا مجھے چند معتبر کتابوں کے نام بتا دیجئے جس میں اسلام اور ہندو مذھب کے درمیان تقابل کا ذکر ہو تاکہ وہ ان کتابوں کے مطالعے سے اسلام کی طرف راغب ہو کر اسلام قبول کرے۔ اور ہم سب اس میں برابر کے شریک ہو کر ثواب حاصل کریں ۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

ا۔ داڑھی کا رکھنا شعائر اسلام میں سے ہے اسے ایک مشت تک بڑھانا باجماع امت واجب ہے ،جبکہ اس کا منڈانا یا کتروانا ( ایک مشت سے کم کرانا) با جماع امت حرام ہے۔ اور ایسا شخص فاسق اور گناہگار ہے۔ لہذا جو مسلمان داڑھی نہیں رکھتا وہ فعل حرام کا مرتکب ہے ،چنانچہ ایسے لوگوں کے عمل کو دلیل بنا کر دین پر عمل کرنے والے مسلمانوں پر اعتراض کرنا درست نہیں۔
۲۔ ایک مرد کو چار عورتوں کے ساتھ نکاح کرنے کی اجازت کے چند وجوہ ہیں :
منجملہ ان میں سے مقدم حفظ تقوی ہے نکاح انسان کی جنسی ضرورت کو پورا کرنے کا نام ہے یہ ضرورت بعض انسانوں میں قدرت نے زیادہ رکھی ہے اور بعض میں کم اب جن لوگوں کو اللہ نے قومی پیدا کیا ہے ان کو اگر ایک سے زائد بیویوں کی اجازت نہ ہو تو وہ لا محالہ بدکاری کی راہ کو اختیار کریں گے جو کہ ممنوع ہے ،اسی طرح عورت ہر وقت جماع کے قابل نہیں ہوتی کیونکہ اولاً تو اسے ہر ماہ آٹھ دس دن بیماری کے ایام آتے ہیں اور پھر حمل کا زمانہ اور اس کے بعد نفاس کے خون کی وجہ سے بھی وہ قابل جماع نہیں رہتی اور بسا اوقات جنگوں اور دیگر ناگہانی حوادثات میں بہت سے مرد ہلاک ہو جاتے ہیں اگر ان کی بیواؤں کے ساتھ کوئی شخص دوسرا نکاح نہ کرے تو لازما اس کا نتیجہ بدکاری اور بے راہ روی کے سوا کچھ نہیں نکلتا ،اس لئے ایک مرد کو ایک سے زائد چار بیویوں تک کی اسلام نے اجازت دی ہے جبکہ ایک عورت کو فقط ایک ہی مرد سے ایک وقت میں نکاح کی اجازت دی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ عورت اولاد کے حق میں مثل کھیتی کے ہے اگر اس کھیتی میں دو یا دو سے زائد مرد شریک ہو گئے تو ممکن ہے کہ کبھی دونوں کو ایک ہی وقت عورت کی ضرورت ہو جو کہ باعث فساد ہے اور اولاد کی صورت میں یہ فیصلہ بھی ممکن نہیں کہ یہ کس کی اولاد ہے جس سے انسانی نسل تباہ ہوگی ۔ اسی طرح عورت ایک ہی وقت میں دو مردوں سے نباہ بھی نہیں کر سکتی اور ایک عورت کے اندر جو ایک فطری شرم اور حیاء کی صفت ہوتی ہے ،وہ ایک مرد سے نکاح کی صورت میں باقی رہ سکتی ہے ،مگر متعدد شوہروں کی صورت میں باقی نہیں رہ سکتی، لہذا اس بناء پر عورت کو ایک ہی وقت میں ایک ہی مرد سے نکاح کی اجازت دی گئی ہے ( ما خود از احکام اسلام عقل کی نظر میں بتغیر یسیر)
جبکہ اس سلسلے میں مندرجہ ذیل کتب کا مطالعہ مفید ہوگا:
(۱) معارف اسلامیہ (27) جلدیں) (۲) ادیان عالم : تالیف یوسف صاحب اشرفیہ لاهور (۳) تقابل ادیان : تالیف مفتی نعیم صاحب (۴) مذاہب عالم اور تعارف : (۵) مکالمہ بین المذاهب ، تالیف مولانا ولی خان صاحب ۔

مأخَذُ الفَتوی

ففي مشكاة المصابيح: وعن ابن عمر قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " خالفوا المشركين: أوفروا اللحى وأحفوا الشوارب ". و في رواية: «أنهكوا الشوارب وأعفوا اللحى» (2/ 1261)
و في و في الدر المختار: وأما الأخذ منها وهي دون ذلك كما يفعله بعض المغاربة، ومخنثة الرجال فلم يبحه أحد، وأخذ كلها فعل يهود الهند ومجوس الأعاجم فتح. (2/ 418)
و في قوله تعالى : {فَانْكِحُوا مَا طَابَ لَكُمْ مِنَ النِّسَاءِ مَثْنَى وَثُلَاثَ وَرُبَاعَ } [النساء: 3] واللہ اعلم بالصواب

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد عمران قربان عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 5680کی تصدیق کریں
0     10
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • صدقہ جاریہ کا ثواب کب تک ملتا رہے گا؟

    یونیکوڈ   ادیان متفرقہ 0
  • قرآن خوانی اور ایصال ثواب - نماز جنازہ کے بعد دعاء

    یونیکوڈ   ادیان متفرقہ 1
  • ایصالِ ثواب کا درست طریقہ

    یونیکوڈ   ادیان متفرقہ 0
  • ایصالِ ثواب بذریعہ تلاوتِ قرآن کریم

    یونیکوڈ   ادیان متفرقہ 0
  • قرآن خوانی کی رسم کا عمل صحیح ہے؟

    یونیکوڈ   ادیان متفرقہ 0
  • کسی کے دین اور مذہب کو گالی دینا

    یونیکوڈ   ادیان متفرقہ 0
  • عیسائیوں کو مشرک کہا جائے گا یا کافر؟

    یونیکوڈ   ادیان متفرقہ 0
  • ہندو عورت کی طرف سے کئے گئے اعتراضات کے جوابات

    یونیکوڈ   ادیان متفرقہ 0
Related Topics متعلقه موضوعات