زوجہ مفقود

زوجہ مفقود یا عورت کے لاپتہ شوہر کے احکام

فتوی نمبر :
24205
| تاریخ :
2014-12-18
معاملات / احکام طلاق / زوجہ مفقود

زوجہ مفقود یا عورت کے لاپتہ شوہر کے احکام

اگر ایک شخص غائب ہوجائے، یا جیل میں سزا کاٹے عمر قید کے طور پر، تو کیا اس کیفیت میں عورت کسی اور مرد سے نکاح کرسکتی ہے؟ اگر نہیں تو عورت کتنے عرصے تک انتظار کرے گی؟ اور اگر کوئی نہیں جانتا کہ اس کے شوہر کے بارے میں کہ وہ زندہ ہے یا مردہ تو ایسی صورت میں کیا حکم ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

شوہر کے غائب اور لاپتہ ہونے کی صورت میں اس کی بیوی کیلئے حکم یہ ہے کہ وہ حاکم مسلم (جج) کے پاس اپنا مقدمہ دائر کرے اور تنسیخ نکاح کا فیصلہ کرواکر عقدِ ثانی کرے جس کی مکمل تفصیل درجِ ذیل ہے:
مذکورہ صورت میں عورت کیلئے اصل حکم یہ ہے کہ اگر وہ صبر کرکے اپنا زمانہ عفت اور پاک دامنی کے ساتھ گزارسکے تو بہتر ہے، اگر صبر نہ کرسکے تو بوقتِ ضرورتِ شدیدہ (کہ خرچ وغیرہ کا انتظام نہ ہوسکے یا بلا شوہر کے رہنے میں مبتلائے معصیت ہونے کا شدید خطرہ ہو) یہ گنجائش ہے کہ صورتِ ذیل اختیار کرکے مفقود کے نکاح سے رہائی حاصل کرے، وہ صورت یہ ہے کہ عورت اپنا مقدمہ مسلمان جج کی عدالت میں پیش کرے اور شہادتِ شرعیہ کے ذریعہ ثابت کرے کہ میرا نکاح فلاں شخص کے ساتھ ہوا تھا، اس کے بعد گواہوں سے اس کا مفقود اور لا پتہ ہونا ثابت کرے، اس کے بعد جج خود اپنے طور پر مفقود کی تفتیش و تلاش کرے، جہاں جہاں مفقود کے جانے کا غالب گمان ہو وہاں آدمی بھیجا جائے اور جس جس جگہ جانے کا غالب گمان نہ ہو وہاں اگر خط کو کافی سمجھے تو خطوط بھیجے اور اگر اخبارات میں شائع کردینے سے خبر ملنے کی امید ہو تو یہ بھی کرے، الغرض تفتیش و تلاش میں پوری کوشش اور جہدِ بلیغ کرے، اور جب تلاش کے بعد مفقود کا پتہ چلنے سے مایوسی ہوجائے تو عورت کو چار سال تک مزید انتظار کا حکم کرے پھر ان چار سالوں کے اندر بھی مفقود کا پتہ نہ چلے تو عورت حاکم کے پاس دوبارہ درخواست کردے جس پر حاکم اس کے شوہر کے مردہ ہونے کا فیصلہ سنادے، اس کے بعد چار ماہ دس دن عدتِ وفات گزار کر عورت کو دوسری جگہ نکاح کرنے کا اختیار ہوگا، اور اگر عورت عدالت میں زنا میں مبتلا ہونے کا شدید خطرہ ظاہر کرے اور اس نے ایک عرصہ دراز تک مفقود کا انتظار کرنے کے بعد مجبور ہوکر اس حالت میں درخواست دی ہو جبکہ وہ صبر سے عاجز آگئی ہو تو اس صورت میں اس کی بھی گنجائش ہے کہ ایک سال کے انتظار کے بعد تفریق کردی جائے اور صورتِ مسئولہ میں یہ تفریق طلاقِ بائن کہلائے گی۔

اس کے بعد واضح ہو کہ حاکم کے پاس جانے سے قبل جو وقت گزار دیا اس کا اعتبار نہ ہوگا، نیز عورت حاکم کے فیصلہ کے بغیر خود بخود سابق شوہر کے نکاح سے علیحدہ نہیں ہوسکتی اور حاکم کے پاس جب درخواست دے تو حاکم پوری تحقیق کرے اور خود بھی تلاش کرے، اس کے انتظار کی مہلت دے پھر مہلت کی مدّت ختم ہوجانے پر مذکورہ بالا طریقہ اختیار کرے۔

(۲) البتہ جس عورت کا شوہر جیل وغیرہ میں سزائے عمر میں محبوس ہو تو ایسی عورت پر لازم ہے کہ وہ شوہر کے آنے کا انتظار کرے اور اپنا زمانہ عفت سے گزارے، اگر نان نفقہ کی مجبوری ہو یا بغیر شوہر کے عفت کے ساتھ وقت گزارنا دشوار ہو تو ایسی صورت میں شوہر سے باضابطہ طلاق یا خلع کے ذریعہ علیحدگی حاصل کرکے ایامِ عدت گزار کر کسی دوسرے شخص سے عقدِ نکاح کرلے، ایسی عورت کیلئے طلاق یا خلع کے ذریعے علیحدگی حاصل کئے بغیر محض عدالتی یکطرفہ فیصلےکی وجہ سے کسی دوسرے شخص سے عقدِ نکاح جائز نہیں، اس سے احتراز لازم ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

وفی فتح القدیر: وتکون الفرقۃ تطلیقۃ بائنۃ عند ابی حنیفۃ ومحمدؒ لأن فعل القاضی انتسب الیہ کما فی العنین۔ اھـ (ج٤، ص١١٩)۔
وفی الدّر: انّہ انما یحکم بموتہ بقضاء لانّہ امرٌ محتمل فما لم ینضمّ الیہ القضاء لا یکون حجّۃ اھـ (ج٤، ص٢٩٧) وفی الہدایۃ: ولا یفرق بینہ وبین امرأتہ وقال مالکؒ اذا مضی اربع سنین یفرق القاضی بینہ وبین امرأتہ وتعتدّ عدّۃ الوفاة ثمّ تزوّج من شاءت لأنّ عمرؓ ھکذا قضٰی۔ اھـ (ج٢، ص٦٢٢)۔
وفی الرّد: ھٰذا ای ما روی عن ابی حنفیۃ رحمہ اللہ من تفویض موتہ الٰی رای القاضی نصّ علی انّہ انّما یحکم بموتہ بقضاء۔ اھـ (ج٤، ص٢٩٧)۔

وفی الدّر: (ولا یفرق بینھما بعجزہ عنھا) بانواعھا الثلاثۃ (ولا بعدم ایفائہ) او غائبًا (حقھا وھو موسرٌ) وفی الردّ: (قولہ بانواعھا) وھی ماکول وملبوس ومسکن۔ اھـ (ج٣، ص٥٩٠)۔ واللہ اعلم!

واللہ تعالی اعلم بالصواب
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه

فتوی نمبر 24205کی تصدیق کریں
Related Fatawa متعلقه فتاوی
  • زوجہ مفقود یا عورت کے لاپتہ شوہر کے احکام

    یونیکوڈ   اسکین   زوجہ مفقود 1
  • زوجۂ مفقود(لاپتہ شخص) کاحکم

    یونیکوڈ   زوجہ مفقود 0
  • مفقود (لاپتہ)شخص کی بیوی دوسرا نکاح کب کرے؟

    یونیکوڈ   زوجہ مفقود 0
  • لاپتہ شوہر کی بیوی کا نکاح ختم کرنے کا طریقہ

    یونیکوڈ   زوجہ مفقود 1
Related Topics متعلقه موضوعات