زکوۃ و نصاب زکوۃ

بچوں کے نام سے رکھے ہوئے سونے کی ملکیت اور زکوۃ کا حکم

فتوی نمبر :
99910
| تاریخ :
2026-10-01
عبادات / زکوۃ و صدقات / زکوۃ و نصاب زکوۃ

بچوں کے نام سے رکھے ہوئے سونے کی ملکیت اور زکوۃ کا حکم

محترم مفتی صاحب السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ ! میرے والد صاحب نے اپنی جوانی میں کاروبار کیا تھا۔ کاروبار کے دوران انہوں نے کافی مقدار میں سونا خریدا۔ اس سونے میں کچھ سونا انہوں نے خاص طور پر اپنی اولاد کی شادیوں کے لیے خرید کر رکھا تھا۔ ان کا مقصد یہ تھا کہ وقت آنے پر اسی سونے کو اپنی اولاد کی شادیوں کے لیے استعمال کریں گے۔والد صاحب کئی سال تک اس سونے کی زکوٰۃ باقاعدگی سے ادا کرتے رہے۔ بعد میں کاروبار بند ہوگیا اور مالی حالات خراب ہوگئے، جس کی وجہ سے تقریباً 10 سال سے اس سونے کی زکوٰۃ ادا نہیں کی جا سکی۔والد صاحب کی پانچ اولاد ہیں: عرفان، فراز، منور، ارم اور مصطفیٰ۔ان میں سے عرفان، فراز اور ارم کی شادیاں والد صاحب نے کر دیں اور ان کی شادیوں کے لیے رکھا ہوا سونا/مال استعمال ہوگیا۔ اب باقی سونا صرف منور اور مصطفیٰ کی شادی کے لیے رکھا ہوا ہے۔اہم وضاحت یہ ہے کہ والد صاحب نے جب یہ سونا خریدا تھا تو وہ اپنی طرف سے یہ کہتے اور طے کرتے تھے کہ یہ سونا فلاں بچے کی شادی کے لیے ہے، یعنی انہوں نے اسے اپنی اولاد کی شادی کے لیے مخصوص کیا ہوا تھا۔لیکن والد صاحب نے یہ سونا کبھی کسی بچے کو بطور ہبہ نہیں دیا ،کسی بچے کو اس کی ملکیت منتقل نہیں کی ،کسی بچے کے حوالے نہیں کیا ،کسی بچے کو اس پر قبضہ نہیں دیا ۔یہ سونا شروع سے اب تک والد صاحب ہی کے قبضے اور اختیار میں رہا ہے بچے اس سونے کو اپنے مال کے طور پر استعمال یا تصرف نہیں کر سکتے تھے، والد صاحب خود ہی اس سونے کو محفوظ رکھتے اور اس کے معاملات دیکھتے رہے ک،ئی سال تک والد صاحب ہی اس سونے کی زکوٰۃ بھی ادا کرتے رہے۔اب تقریباً 10 سال سے اس سونے کی زکوٰۃ ادا نہیں ہوئی۔
اصل سوال یہ ہے کہ شرعی اعتبار سے اس سونے کا مالک کون ہے؟کیا صرف والد صاحب کا یہ کہنا یا نیت کرنا کہ "یہ سونا میرے فلاں بچے کی شادی کے لیے ہے" اس بچے کو شرعی مالک بنا دیتا ہے، جبکہ سونا کبھی اس بچے کے قبضے میں نہیں دیا گیا؟ یا چونکہ ہبہ مکمل نہیں ہوا اور قبضہ بھی منتقل نہیں ہوا، اس لیے سونا بدستور والد صاحب ہی کی ملکیت شمار ہوگا؟اگر سونا والد صاحب ہی کی ملکیت شمار ہوتا ہے تو1. گزشتہ تقریباً 10 سال کی زکوٰۃ کس کے ذمہ ہوگی؟2. کیا تمام گزشتہ سالوں کی زکوٰۃ والد صاحب کے ذمہ لازم ہوگی؟3. اگر اب سونا منور اور مصطفیٰ کی شادی کے لیے مخصوص ہے لیکن ملکیت اب بھی والد صاحب کی ہے، تو کیا اس تخصیص کی وجہ سے زکوٰۃ کا حکم تبدیل ہوگا؟4. والد صاحب نے پہلے کئی سال اس سونے کی زکوٰۃ خود ادا کی تھی، کیا اس سے بھی ملکیت کے حکم پر کوئی اثر پڑتا ہے؟اور اگر بالفرض شرعی اعتبار سے والد صاحب کی طرف سے بچوں کے لیے اس سونے کو مخصوص کرنا کسی درجے میں ملکیت یا ہبہ شمار ہوتا ہو، تو ایسی صورت میں گزشتہ 10 سال کی زکوٰۃ کس کے ذمہ ہوگی؟مزید یہ بھی بتا دیں کہ گزشتہ تقریباً 10 سال کی زکوٰۃ کا حساب کس طریقے سے کیا جائے گا، خصوصاً جب سونے کی قیمت ہر سال مختلف رہی ہے۔براہِ کرم اس پورے معاملے کا واضح شرعی حکم ملکیت، ہبہ، قبضہ اور زکوٰۃ کے اصولوں کی روشنی میں بیان فرمائیں، تاکہ ہم گزشتہ تمام سالوں کی واجب الادا زکوٰۃ صحیح طریقے سے ادا کر سکیں۔جزاکم اللہ خیراً کثیراً

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ نابالغ اولاد کے لیے محض زبان سے کہہ دینا کہ یہ سونا یا کوئی بھی چیز فلاں بیٹے کو دے دیا ہے، اور وہ نابالغ ہو، تو محض کہہ دینے اور اعلان سے ہی ہبہ تام ہو کر والد کی ملکیت ختم ہو جاتی ہے، جس کے بعد والد کے لیے اس چیز کو استعمال میں لانا جائز نہیں ہوتا۔ اگر استعمال کر لے تو ضامن ہوتا ہے۔ لیکن اگر اولاد بالغ ہو تو محض نامزد کرنے یا زبزنی طور پر ہبہ کرنے سے ہبہ تام نہیں ہوتا، بلکہ والد ہی بدستور مالک رہتا ہے۔لہذا صورتِ مسئولہ میں سائل کے والد نے چونکہ کسی بیٹے کو نامزد کرکے نہیں کہا کہ یہ اس کا ہے یا اس کو دے دیا ہے، بلکہ یہ کہا ہے کہ اس کی شادی کے لیے ہے، یعنی کہ میں اس کی شادی میں خرچ کروں گا۔ لہٰذا چاہے اس وقت اولاد نابالغ ہی کیوں نہ ہو،شرعاً ہبہ مکمل نہیں ہوا اور سائل کے والد اس تمام سونے کے بدستور مالک رہے، اور اب انہیں کے ذمہ زکوٰۃ کا فریضہ بھی عائد ہوگا۔اس کے بعد واضح ہو کہ اگر مذکورہ سونا بقدرِ نصاب ہو اور زکوٰۃ کی شرائط پوری ہونے کی بنا پر زکوٰۃ واجب ہوتی ہو، تو گزشتہ سالوں کی جو زکوٰۃ ادا نہیں کی، وہ ادا کرنا لازم ہے۔ اور جب سونا بذاتِ خود موجود ہے تو قیمت کے کم یا زیادہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بلکہ کسی مسائل زکاۃسےواقف سنار سے حساب لگوا کرجتنی رتی یا ماشے بنتے ہیں، اسی مقدار میں سونا یا اس کی موجودہ قیمت زکوٰۃ میں ادا کی جائے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی المبسوط للسرخسي: وعن عمر وعثمان رضي الله عنهما قالا: «إذا وهب الرجل لابنه الصغير هبة فأعلمها فهو جائز، وبه نأخذ؛ فإن حق القبض فيما يوهب لهذا الصغير إلى الأب لو كان الواهب أجنبيا، فكذالك إذا كان الواهب يصير قابضا له من نفسه فتتم الهبة بالقبض، ولا بد من الإعلام ليحصل المقصود به». اهـ (كتاب الهبة: ج 12، ص 51، ط: دار المعرفة).
وفی درالمختار: (وهبة من له ولاية على الطفل في الجملة) وهو كل من يعوله فدخل الأخ والعم عند عدم الأب لو في عيالهم (تتم بالعقد) لو الموهوب معلوما وكان في يده أو يد مودعه، لأن قبض الولي ينوب عنه،وفی ردالمحتار:قوله: على الطفل) فلو بالغا يشترط قبضه، ولو في عياله تتارخانية. الهبة، ج ٥، ص 694، ط: دار الفكر، بيروت)
وفی المبسوط للسرخسي: وكل شيء وهبه لابنه الصغير وأشهد عليه، وذلك الشيء معلوم: فهو جائز، والقبض فيه بإعلام ما وهبه له، والإشهاد عليه والإشهاد له ليس بشرط، بل الهبة تتم بالإعلام. إلا أنه ذكر الإشهاد احتياطا للتحرز عن جحود سائر الورثة بعد موته، أو عن جحوده بعد إدراك الولد. (كتاب الهبة، ج 12، ص 61، دار المعرفة، بيروت)
وفی المحيط البرهاني: قال محمد رحمه الله في «الأصل» : كل شيء وهبه لابنه الصغير وأشهد عليه وذلك الشيء معلوم في نفسه فهو جائز، والقبض منه أن يعلم ما وهبه له وأشهد عليه، والإشهاد ليس بشرط لازم، فإن الهبة تتم بالإعلام، ولكن ذكر الإشهاد احتياطاً تحرزاً عن الجحود إذا كبر الولد، وإذا أرسل غلامه في حاجته ثم وهبه لابن صغير له صحت الهبة اھ (كتاب الهبة،الفصل السادس: في الهبة من الصغير-ج6،ص250۔ط: دار الكتب العلمية، بيروت)
وفی حاشية ابن عابدين :(قوله: معلوما) قال محمد رحمه الله: كل شيء وهبه لابنه الصغير، وأشهد عليه، وذلك الشيء معلوم في نفسه فهو جائز، والقصد أن يعلم ما وهبه له، والإشهاد ليس بشرط لازم لأن الهبة تتم بالإعلام تتارخانية. (كتاب الهبة،ج5،ص694۔ط: دار الفكر - بيروت،)
وفی درالمختار: وتعتبر القيمة يوم الوجوب، وقالا يوم الأداء. السوائم يوم الأداء إجماعا، وهو الأصح، وفي رد المحتار:قوله وهو الأصح) أي كون المعتبر في السوائم يوم الأداء إجماعا هو الأصح فإنه ذكر في البدائع أنه قيل إن المعتبر عنده فيها يوم الوجوب، وقيل يوم الأداء. اهـ.وفي المحيط: يعتبر يوم الأداء بالإجماع وهو الأصح اهـ فهو تصحيح للقول الثاني الموافق لقولهما، وعليه فاعتبار يوم الأداء يكون متفقا عليه عنده وعندها. (باب زكاة الغنم ،ج2،ص286۔ ط:دارالفکر بیروت)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد زکریا مجنو علی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 99910کی تصدیق کریں
0     50
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات