بسم اللہ الرحمن الرحیم
محترم مفتی صاحب دامت برکاتہم
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
ایک مدرسہ مختلف افراد سے زکوٰۃ وصول کرکے ایک مشترکہZakat Account میں جمع کرتا ہے اور وہاں سے مستحقینِ زکوٰۃ کو ادائیگی کرتا ہے۔
مدرسہ کے ایک Accountant نے تقریباً ایک سال کے دوران جعلی دستخطوں کے ذریعے اسی Zakat Account سے مختلف اوقات میں ایک بڑی رقم غبن کرلی۔ اس دوران مدرسہ مستحقین کو زکوٰۃ کی ادائیگیاں بھی کرتا رہا۔ اس جعل سازی کا علم مدرسہ کو تقریباً ایک سال بعد ہوا اور Accountant اب غائب ہے۔
چونکہ تمام زکوٰۃ دہندگان کی رقوم ایک ہی اکاؤنٹ میں باہم مخلوط تھیں، اس لیے اب یہ معلوم کرنا ممکن نہیں کہ کن افراد کی زکوٰۃ مستحقین تک پہنچ چکی، کن کی رقم غبن ہوئی، اور اکاؤنٹ میں موجود باقی رقم کس کس کی زکوٰۃ ہے۔ زکوٰۃ دہندگان کی انفرادی طور پر تعیین کرنا بھی ممکن نہیں۔
سوال:
اس صورتِ حال میں کیا زکوٰۃ دہندگان کی زکوٰۃ شرعاً ادا شمار ہوگی کیونکہ انہوں نے اپنی زکوٰۃ مدرسہ کو بطور وکیل ادا کردی تھی؟
خصوصاً جبکہ یہ تعیین ممکن نہیں کہ کس زکوٰۃ دہندہ کی رقم غبن ہوئی اور کس کی زکوٰۃ مستحق تک پہنچ گئی، ایسی صورت میں مدرسہ شرعاً کیا طریقۂ کار اختیار کرے تاکہ تمام زکوٰۃ دہندگان کی زکوٰۃ کی ذمہ داری صحیح طور پر ادا ہوجائے؟
براہِ کرم اس کا واضح اور عملی شرعی حل ارشاد فرمادیں۔
جزاکم اللہ خیراً
والسلام
مذکور مدرسے میں اگر داخلے کے وقت طلبہ سے انتظامیہ کی طرف سے زکوٰۃ کی وصولی اور خرچ کرنے کے لیے وکالت نامہ کا باقاعدہ نظم موجود ہو تو ایسی صورت میں مذکور مدرسے کے مہتمم یا اس کے نائب کا زکوٰۃ پر قبضہ کرنےسے زکوٰۃ دہندہ گان کی زکوٰۃ ادا ہوگئی ، مذکوراکاؤنٹ میں جعلی سازی کے ذریعے زکوٰۃ کی رقم میں سے غبن کرنے سے زکوٰۃ دہندہ گان کی زکوٰۃ کی ادائیگی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا، تاہم جو شخص مدرسہ کی رقم میں غبن کا مرتکب ہوا ہے ، چونکہ اس نے انتہائی بڑے گناہ کا ارتکاب کیا ہے ، اس لیے اس پر لازم ہے کہ سچے دل سے توبہ و استغفار کرلے اور جتنی رقم اکاؤنٹ سے لی ہے اتنی رقم مدرسہ کی ملکیت میں واپس کردے، تاکہ اسے صحیح مصرف میں خرچ کیا جاسکے ۔
لما في الدر المختار مع رد المحتار: ولو خلط زكاة موكليه ضمن وكان متبرعا إلا إذا وكله الفقراء.
(قوله إذا وكله الفقراء) لأنه كلما قبض شيئا ملكوه وصار خالطا مالهم بعضه ببعض ووقع زكاة عن الدافع. [كتاب الزكاة (2/ 269) ط: ايچ ايم سعيد]