السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ میرے بھائی کا تین سال پہلے انتقال ہوگیا ہے۔ ان کی بیوہ کا پانچ تولہ سونا بطورِ مہر مقرر تھا، لیکن میرے بھائی نے اپنی زندگی میں یہ مہر ادا نہیں کیا تھا۔ میرے بھائی کے انتقال کے وقت ان کے والدین دونوں حیات تھے۔ اب ان کے سسرال والے ان کے پانچ تولہ مہر کا مطالبہ کر رہے ہیں اور یہ کہتے ہیں کہ والدین کی جائیداد میں مرحوم کا جو حصہ بنتاہے، اس حصے سے ان کی بیوہ کا مہر ادا کیا جائے۔ اس بارے میں شریعت کیا رہنمائی کرتی ہے؟ جبکہ والدین الحمد للہ زندہ ہیں۔کیا بھائیوں پر اس کی ادائیگی لازم ہے؟ اگر ادا نہ کریں تو کیا وہ گناہگار ہوں گے؟ اور سسرال کو کیسے ان کا مہر ادا کریں؟
واضح ہو کہ والدین کی حیات میں اگر کسی بیٹے/بیٹی کا انتقال ہوجائے تو اس کا والدین کی میراث میں شرعاً کوئی حصہ نہیں ہوتا اور نہ ہی اس کے ورثاء والدین کی جائیداد میں حصے کا مطالبہ کرسکتے ہیں، صورت مسئولہ میں چونکہ سائل کے والدین حیات ہیں، لہذا مرحوم بھائی کا والدین کے مال وجائیداد میں شرعاً کوئی حصہ نہیں، اور نہ ہی مرحوم کے سسرال والے مرحوم کے والدین کے مال وجائیداد میں سے اس کے حصہ کا مطالبہ کرسکتے ہیں۔
حق مہر کی ادائیگی چونکہ مرحوم کے ذمہ لازم تھی، لہذا اگر مرحوم بھائی نے کچھ ترکہ چھوڑا ہو تو کفن دفن کے اخراجات کی ادائیگی کے بعد دیگر قرضوں کی طرح بیوہ کے حق مہر کی ادائیگی بھی لازم ہوگی، لیکن اگر مرحوم نے ترکہ نہ چھوڑا ہو یا ترکہ کی جائیداد حق مہر کی ادائیگی کیلئے کافی نہ ہو تو ایسی صورت میں والدین پر اپنی بہو کے حق مہر کی ادائیگی لازم نہیں، تاہم اگر والدین وغیرہ بخوشی مرحوم کی طرف سے حق مہر کی ادائیگی کرنا چاہیں تو یہ مرحوم کے ساتھ تبرع واحسان ہوگا اور اس پر ان شاء اللہ تعالیٰ اجر بھی ملے گا۔
ففی الدر المختار: «وهل إرث الحي من الحي أم من الميت؟ المعتمد: الثاني شرح وهبانية»(کتاب الفرائض، ج: 6، ص: 758، ایچ ایم سعید)
وفی حاشية ابن عابدين: «وأركانه: ثلاثة وارث ومورث وموروث. وشروطه: ثلاثة: موت مورث حقيقة، أو حكما كمفقود، أو تقديرا كجنين فيه غرة ووجود وارثه عند موته حيا حقيقة أو تقديرا كالحمل والعلم بجهة إرثه،» (کتاب الفرائض، ج: 6، ص: 758، ایچ ایم سعید)