کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص ۔۔۔ نے اپنے بیٹے ۔۔۔ کی شادی مسماۃ ۔۔۔ سے کردی ہے اور حق مہر میں پچاس ہزار روپیہ اور اپنا رہائشی مکان چار چھت مقر کیا جو نکاح نامہ اور اسٹام پیپر میں درج ہے ،پھر کچھ عرصہ بعد مسماۃ ۔۔۔ کا شوہر فوت ہوگیا اور اس کے بعد ۔۔۔بھی فوت ہوگیا ،اب ۔۔۔ کی بیٹی کا کہنا ہے کہ چونکہ والد۔۔۔ فوت ہوچکے ہیں اور یہ مکان ان کا تھا اس لئے اس پر ہمارا حق ہے ، تو معلوم یہ کرنا ہے کہ اس مکان پر کس کا حق ہے؟ مسماۃ ۔۔۔کا یا ۔۔۔کے ورثاء کا ؟ رہنمائی فرمائیں ۔
صورت مسئولہ میں اگر مسمیٰ ۔۔۔نے ا ز خود اپنی مرضی سے اپنی بہو مسماۃ ۔۔۔ کا حق مہر اپنے ذمہ میں لیتے ہوئے مذکورہ رہائشی مکان (چار چھت) بطور حق مہر لکھوایا ہو ، جیسا کہ منسلکہ اسٹامپ پیپر اور نکاح نامہ میں درج ہے ، تو مذکورہ مکان مسماۃ ۔۔ کا شمار ہوکر اس کی ملکیت بن چکا ہے ، اب اس مکان میں مرحوم مسمیٰ ۔۔ کی بیٹی سمیت تمام ورثاء کا کوئی حق نہیں ، اور نہ ہی ان کے لیے اس مکان میں اپنے حق میراث کا دعویٰ کرنا درست ہے ۔
کما فی البحر الرائق:إذا أعطى الأب أرضا في مهر امرأته ثم مات الأب قبل قبض المرأة لا تكون الأرض لها لأنها هبة من الأب لم تتم بالتسليم فإن ضمن المهر وأدى الأرض عنه ثم مات قبل التسليم كانت الأرض للمرأة لأنه بيع فلا يبطل بالموت ( باب المھر، ج3ص:188،ط: دار المعرفة)
وفی الدرالمختار: (وصح ضمان الولي مهرها ولو) المرأة (صغيرة) ولو عاقدا لأنه سفير (مطلب فی ضمان الولی المھر،ج3،ص:140 ط: سعید)
خیرالفتاوی میں ہے :
سوال: محمد سلیم کا نکاح ہوا،اس وقت 30 ہزار روپے اور ایک مرلہ زمین حق مہر مقرر ہوا،اب سلیم اپنے والد ابراہیم سے کہتا ہے کہ ایک مرلہ حق مہر زمین ادا کرو،شریعت کے رو سے فرمائیں کہ آیا مہر خاوند کے ذمے ہے یا اس کے والد کے ذمہ؟ جبکہ والد نے زبانی طور پر کوئی قید و شرط نہیں لگائی کہ میں ادا کروں گا۔البتہ نکاح نامہ میں والد کی اجازت سے ایک مرلہ مکان کی زمین بطور مہر کے لکھی گئی تھی۔
جواب: بر تقدیر صحت واقع صورت مسئولہ میں والد کو چاہیے کے مکان کا جتنا حصہ بطور مہر لکھوایا تھا وہ یا اس کی قیمت وہ محمد سلیم کی زوجہ کو ادا کرے۔مہر کے خانہ میں لکھوانا ایک قسم کی ضمانت ہے اور ولی شرعاً مہر کا ضامن بن سکتا ہے۔ (ج 4 ص: 533)