السلام علیکم ؛مفتی صاحب ! میں نے اپنی جمع پونجی سے دسمبر ۲۰۲۳ میں گھر بنانے کے لیے پلاٹ لیا، سوچا کرائے پر دونگا یا بیچ کے نفع ملے گا، تو گھر کا خرچہ چلے گا، کیونکہ میں گردوں کا مریض ہوں، گھر بنایا، بیچنے کی کوشش کی ، سال گزر گیا ،نہیں بکا، زکوٰۃ کی رقم نہیں تھی ،سوچا بکے گا تو دے دونگا، ابھی جون ۲۰۲۶ تک نہیں بکا، اس دوران ڈاکٹر نے گردوں کے آپریشن کے لیے خطیر رقم مانگی، مجبوراً اپنا دوسرا گھر فروخت کر دِیا، جو کرائے پر تھا ، جس سے گھر کا تھوڑا بہت خرچہ چلتا تھا، جس میں سے علاج کر لونگا ،اور کچھ پیسے بچ جائینگے، اور جو گھر نیا بنایا تھا ، اس کو کرائے پے دے دونگا ، سوال :کیا اب میں نئے گھر پر پچھلے ۲.۵ سال کی زکوۃ ادا کروں؟ جو گھر ابھی بیچا ہے ، پہلے کرایہ پر تھا، کوئی زکوٰۃ اس پر لازم ہے ؟ جزاک اللہ
واضح ہو کہ جو چیز آگے حتمی طور پر فروخت کرنے کی غرض سے نہ خریدی جائے، تو وہ اموالِ زکوٰۃ میں داخل نہیں ہوتی، لہٰذا صورتِ مسئولہ میں سائل نے پلاٹ خریدتے وقت چونکہ حتمی طور پر اسے فروخت کرکے نفع کمانے کی نیت نہیں کی تھی، بلکہ کرایہ پر دے کر آمدنی حاصل کرنے کا مقصد بھی تھا، لہٰذا مذکور پلاٹ کی مالیت پر زکوٰۃ لازم نہیں، اسی طرح جو مکان کرایہ پر دیا گیا تھا، اس کی مالیت پر بھی شرعاً زکوٰۃ لازم نہیں تھی، البتہ اب مکان فروخت کرکے جو رقم حاصل ہوئی ہے، اسی طرح جو رقم کرایہ کی مد میں سائل کے پاس موجود ہوتواگر وہ نصاب کو پہنچتی ہو اور اس پر سال گزر جائے یا سائل پہلے سے صاحب نصاب ہو تو اس رقم کو دیگر اموالِ زکوۃ کے ساتھ شامل کرکے زکوٰۃ واجب ہوگی۔
کما فی الدر المختار: (أو نية التجارة) في العروض، إما صريحا ولا بد من مقارنتها لعقد التجارة كما سيجيء، أو دلالة اھ۔
وفی الشامیۃ: وصحح مشايخ بلخ رواية الجامع لأن العين وإن كانت للتجارة لكن قد يقصد ببدل منافعها المنفعة؛ فتؤجر الدابة لينفق عليها، والدار للعمارة فلا تصير للتجارة مع التردد إلا بالنية. اھ (کتاب الزکوٰۃ، ج:2، ص:267،268، ط:سعید)۔
وفی بدائع الصنائع: وأما مقدار الواجب فيها فربع العشر وهو خمسة من مائتين؛ للأحاديث التي روينا إذ المقادير لا تعرف إلا توقيفا وقوله صلى الله عليه وسلم: «هاتوا ربع عشور أموالكم» وخمسة من مائتين ربع عشرها اھ (فصل مقدار الواجب في زكاة الفضة، ج:2، ص:18، م: دارالکتب العلمیہ)۔