زکوۃ و نصاب زکوۃ

سونا بچوں کی ہبہ کرنے سے زکوۃ اور قربانی کا حکم

فتوی نمبر :
96507
| تاریخ :
2026-06-17
عبادات / زکوۃ و صدقات / زکوۃ و نصاب زکوۃ

سونا بچوں کی ہبہ کرنے سے زکوۃ اور قربانی کا حکم

السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
میری شادی کو 6 سال ہو گئے ہیں۔میں نے اپنی بیگم کو حق مہر میں تقریبا 2 تولہ سونا دیا تھا۔ اس کے بعد سے بیگم اس پر زکوٰۃ دیتی ہے اور قربانی بھی کر لیتی ہے ۔ جس کے لئے میں ماہانہ بیگم کو جیب خرچ دیتا ہوں۔ اب مہنگائی ذیادہ ہو گئی ہے۔ اور قربانی اور زکوٰۃ کی رقم بہت ذیادہ ہو گئی ہے۔ میرا دل نہیں چاہتا کہ اس سے اس کا حق مہر مانگ کر کہیں لگا لوں، وہ خود مجھے گفٹ نہیں کر رہی اور نہ ہی قرض دے رہی ہے۔ وہ یہ کہتی ہے کہ میرا حق مہر میرے دونوں بچوں کا ہے۔ وہ جو چاہیں کریں۔ اب سوال یہ پوچھنا ہے کہ جب وہ سونا بچوں کا ہے تو کیا اس پر زکوٰۃ اور قربانی بیگم پر واجب تو نہ ہوئی وہ تو بچوں پر واجب ہو گی۔اور بچے جب بالغ ہوں گے تو اس وقت ادا کر لیا جائے گا۔ کیا اس صورت میں بیگم اگر یہ ادا نہ کرے تو گناہ گار ہوگی؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورت مسئولہ میں سائل کی بیوی نے مذکور سونا اگر فی الحال باقاعدہ بچوں کو گفٹ نہ کیا ہو، اس طور پر کہ اس زیور سے اپنا ذاتی ہر طرح کا تصرف ابھی ختم نہ کیا ہو، تو ایسی صورت میں یہ زیور اب بھی اسی کی ہی ملکیت ہے، چنانچہ سائل کی بیوی کے پاس یہی دو تولہ زیور ہو، اس کے علاوہ اس کی ملکیت میں چاندی، جمع شدہ زائد نقدی، مال تجارت اور ضرورت سے زائد سامان میں سے کچھ نہ ہو تو اس پر اس زیور کی زکوۃ اور قربانی لازم نہ ہوگی۔ البتہ اگر اس زیور سمیت اس کی ملکیت میں جمع شدہ کچھ نقدی یا دیگر اموال زکوۃ میں سے کچھ موجود ہو کہ اس زیور اور اس نقدی و مال کا مجموعہ ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کو پہنچ جاتا ہو، تو اس مجموعی مالیت کا ڈھائی فیصد بطور زکوۃ بیوی پر نکالنا لازم ہوگا، لیکن سائل اگر اس کی جانب سے زکوۃ کی ادائیگی کردے، تو یہ اس کی جانب سے تبرع و احسان ہوگا جس کا اہتمام بھی چاہیئے، اگر یکمشت ادائیگی کی اسطاعت نہ ہو تو تھوڑی تھوڑی رقم کرکے زکوۃ کی ادائیگی کرلے، ایسا کرنے سے بھی زکوۃ ادا ہو جائے گی۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی البدائع و الصنائع: فأما إذا كان له ذهب مفرد فلا شيء فيه حتى يبلغ عشرين مثقالا فإذا بلغ عشرين مثقالا ففيه نصف مثقال الخ (کتاب الزکاۃ، فصل کان لہ ذھب مفرد، ج:2، ص:18، مط: شرکۃ المطبوعات العلمیۃ بمصر)
و فیہ ایضا: وإن مات من عليه العشر فإن كان الخارج قائما فلا يسقط بالموت في ظاهر الرواية (الی قولہ) وهو أن الزكاة عبادة عندنا والعبادة لا تتأدى إلا باختيار من عليه إما بمباشرته بنفسه، أو بأمره، أو إنابته غيره فيقوم النائب مقامه فيصير مؤديا بيد النائب الخ (کتاب الزکاۃ، فصل فی زکاۃ الزروع و الثمار، ج:2، ص:53، مط: شرکۃ المطبوعات العلمیۃ بمصر)
و فی التنویر: وقيمة العرض تضم إلى الثمنين و الذهب إلى الفضة قيمة اھ (کتاب الزکاۃ، باب زکاۃ المال، ج:2، ص:303، مط: مکتبۃ مصطفی الحلبی بمصر)
و فی ردالمحتار: تحت قولہ (و ھبۃ من لہ ولایۃ علی الطفل فی الجملۃ تتم بالعقد) أي الإيجاب فقط كما يشير إليه الشارح كذا في الهامش، وهذا إذا أعلمه أو أشهد عليه، والإشهاد للتحرز عن الجحود بعد موته والإعلام لازم لأنه بمنزلة القبض بزازية (الی قولہ) (قوله: معلوما) قال محمد رحمه الله: كل شيء وهبه لابنه الصغير، وأشهد عليه، وذلك الشيء معلوم في نفسه فهو جائز، والقصد أن يعلم ما وهبه له، والإشهاد ليس بشرط لازم لأن الهبة تتم بالإعلام تتارخانية (کتاب الھبۃ، ج:5، ص:694، مط: ایچ ایم سعید)
و فی فتح القدیر: (قوله ثم قيل هي واجبة على الفور لأنه مقتضى مطلق الأمر) الدعوى مقبولة وهي قول الكرخي، والدليل المذكور عليها غير مقبول، فإن المختار في الأصول أن مطلق الأمر لا يقتضي الفور ولا التراخي، بل مجرد طلب المأمور به فيجوز للمكلف كل من التراخي والفور في الامتثال لأنه لم يطلب منه الفعل مقيدا بأحدهما فيبقى على خياره في المباح الأصلي (الی قولہ) وهذا معنى قولهم مطلق الأمر للتراخي لا أنهم يعنون أن التراخي مقتضاه. قلنا إن لم يقتضه فالمعنى الذي عيناه يقتضيه وهو ظني فتكون الزكاة فريضة وفوريتها واجبة فيلزم بتأخيره من غير ضرورة الإثم كما صرح به الكرخي والحاكم الشهيد في المنتقى الخ (کتاب الزکاۃ،ج:2، ص:155-156، مط: مکتبۃ مصطفی الحلبی بمصر)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
مطیع الرحمان صدیق عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 96507کی تصدیق کریں
0     40
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات