کیا فرماتے ہیں مفتیانِ کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ہم پانچ بہن بھائیوں نے ایک مشترکہ زمین بیچی جو وراثت میں تھی، وہ بیچ کر ایک عدد مکان خریدا اور ہماری نیت تھی کہ اس مکان کو اپنی رہائش کے لیے استعمال کریں گے یا اس مکان کو کرایہ پر دے کر اس کے کرائے سے اپنے لیے کرائے کا مکان لیں گے ،کیونکہ اس کے علاوہ ہمارے پاس ذاتی مکان نہیں تھا، باقی بہن بھائیوں کی رائے تھی کہ اس نامکمل مکان کا کرایہ طے کریں گے اور اس کرایہ کو وراثت کے حصے کے مطابق سب کو فائدہ دیں گے۔ اس سلسلے میں چونکہ زیادہ حصہ ہمارے حصے میں تھا اور ہم نے یہ سوچا تھا کہ جب اس مکان کی قیمتِ مناسب فروخت کی لگی تو ہم اسے بیچ کر اپنے لیے ایک اور گھر خرید لیں گے، تاکہ یہ ہمارے پیسے ضائع نہ ہوں۔ اس سلسلے میں ہماری اور ہمارے حصہ داروں کی دورائے بن گئیں ،ایک نے یہ فتویٰ لیا کہ چونکہ مکان کا کرایہ طے ہوا ہے اور ہم نے اس کو کچھ عرصہ رکھ کربیچنے کی نیت سے لیا ہے، اس لیے یہ مالِ تجارت ہے اور اس کی وجہ سے ہم سب پر اپنے حصے کے مطابق زکوٰة فرض ہے۔ جبکہ ان حصہ داروں کا اتنا حصہ نہیں ہے کہ وہ اس سے اپنے پر حصہ دار اپنا ذاتی مکان خرید سکے۔ ان کی رائے ہے کہ ہم اس کا فائدہ بھی اٹھا رہے ہیں، اور اس کو ہم نے بیچنے کی نیت سے لیا تھا، اس لیے ہر حصہ دار اپنے حصے کی زکوٰة دے۔ اب ان کے حصے میں اتنا سرمایہ بھی نہیں آرہا کہ وہ صاحبِ نصاب بنیں۔ جبکہ ہمارے لیے یہ ایک پریشانی کا سبب بن رہا ہے ،کیونکہ اس کے علاوہ نہ تو ہمارے پاس نقدی ہے اور نہ ہی زیورات ہیں اور نہ کوئی اور تجارتی اثاثے ہیں، لہٰذا آپ سے گزارش ہے کہ ہمیں یہ بتائیں کہ کیا صرف اس سے ہم صاحبِ نصاب بن جاتے ہیں؟
صورت مسئولہ میں اگر مذکور مکان کی خریداری کے وقت اس کو آگے کرایہ پر دینے یا ذاتی رہائش کی نیت تھی،اگر چہ بوقت ضرورت و مصلحت اس کی فروختگی کا بھی ذہن تھا تو چونکہ اس پر مال تجارت کی تعریف صادق نہیں آتی ،لہذا اس مکان پر شرعاً زکوٰۃ لازم نہیں،البتہ فروختگی کی صورت میں حاصل ہونے والی رقم اگر بقدر نصاب ہو تو اس پر سالانہ ڈھائی فیصد زکوٰۃ لازم ہوگی۔
كما في الشامية: قال: وليس في دور السكنى وثياب البدن وأثاث المنازل ودواب الركوب وعبيد الخدمة وسلاح الاستعمال زكاة؛ لأنها مشغولة بحاجته الأصلية وليست بنامية. اهـ.(كتاب الزكاة،ج ١،ص ٢٦٢،ط دار الفكر – بيروت)
وفي الهداية: الزكاة واجبة في عروض التجارة كائنة ما كانت إذا بلغت قيمتها نصابا من الورق أو الذهب.... ولا تجب الزكاة لانعدام النصاب في الجملة.(كتاب الزكاة، فصل في العروض،ج ١،ص ١٠٣،ط دار احياء التراث العربي، بيروت – لبنان)
وفي الهندية: الزكاة واجبة في عروض التجارة كائنة ما كانت إذا بلغت قيمتها نصابا من الورق والذهب كذا في الهداية (الى قوله) ولو اشترى قدورا من صفر يمسكها ويؤاجرها لا تجب فيها الزكاة كما لا تجب في بيوت الغلة، (كتاب الزكاة، مسائل شتى في الزكاة،ج ١،ص ١٧٩ دارلفكر بيروت)
وفي الفقه الاسلامي و أدلته: أما العقار الذي يسكنه صاحبه أو يكون مقرا لعمله ،كمثل للتجارة ومكان لصناعة ،فلازكاة فيه.( كتاب الزكاة ،ج ٢،ص ٧٠٧،مكتبة رشيديه هرات)
وفي البحر الرائق: وشرط فراغه عن الحاجة الأصلية؛ لأن المال المشغول بها كالمعدوم وفسرها في شرح المجمع لابن الملك بما يدفع الهلاك عن الإنسان تحقيقا أو تقديرا فالثاني كالدين والأول كالنفقة ودور السكنى وآلات الحرب والثياب المحتاج إليها لدفع الحر أو البرد وكآلات الحرفة وأثاث المنزل ودواب الركوب وكتب العلم...فقد صرح بأن من معه دراهم وأمسكها بنية صرفها إلى حاجته الأصلية لا تجب الزكاة إذا حال الحول وهي عنده.
وفى الأشباه والنظائر:ولا بد أن تكون مقارنة للتجارة، فلو اشترى شيئا للقنية ناويا أنه إن وجد ربحا باعه لا زكاة عليه.( القاعدة الأولى: لا ثواب إلا بالنية،ص:١٩،ط: دار الكتب العلمية، بيروت – لبنان)