(1) مسئلہ یہ ہے کہ میری والدہ صاحبہ کا انتقال سن 1971ء میں ہوا، پھر والد صاحب نے سن 1975ء میں دوسری شادی کی۔ دوسری بیوی کو مہر کے طور پر میری والدہ کے چھوڑے ہوئے زیورات دیے گئے تھے اور ہمیں اس میں سے کچھ بھی نہیں دیا گیا۔ میرا سوال یہ ہے کہ میری والدہ کے ترکے پر صرف میرے والد کا حق تھا یا اس میں تمام ورثاء شریک تھے؟ اس بارے میں شرعی حکم تفصیل سے بتا دیں۔
(2) دوسرا سوال یہ ہے کہ میری شادی کرانے کے لیے میری بھابھی نے اپنا تین تولہ سونا میرے والد صاحب کو قرضِ حسنہ دیا۔ والد صاحب نے بھابھی سے کہا تھا کہ یہ مجھے دے دیں، بعد میں تین تولہ سونا بنا کر تمہیں دے دوں گا۔ میری شادی کا مہر بھی تین تولہ سونا طے پایا۔ پھر والد صاحب نے آدھا تولہ سونے کی ادائیگی بھابھی کو کر دی تھی، لیکن اس کے بعد والد صاحب کا انتقال ہو گیا۔ اب پوچھنا یہ ہے کہ اس قرض کی ادائیگی کون کرے گا؟ یہ والد صاحب پر قرض شمار ہوگا یا میرے ذمے اس کی ادائیگی لازم ہوگی؟
(1) واضح ہو کہ بیوی کے انتقال کے وقت اگر اس کے ورثاء میں شوہر کے ساتھ بیوی کی اولاد بھی موجود ہو، تو ایسی صورت میں بیوی کے ترکے میں سے حقوقِ متقدمہ علی المیراث کی ادائیگی کے بعد باقی ترکے میں شوہر ایک چوتھائی (1/4) حصے کا حق دار ہوتا ہے، جبکہ باقی ترکہ مرحومہ کی اولاد میں حسبِ حصصِ شرعی تقسیم ہوتا ہے۔لہٰذا صورتِ مسؤلہ میں سائل کی والدہ مرحومہ نے بوقتِ انتقال اپنی ملکیت میں جو زیورات چھوڑے تھے، وہ بھی مرحومہ کا ترکہ تھے، جس میں سائل کے والدِ مرحوم کا حصہ فقط ایک چوتھائی (25 فیصد) کی حد تک تھا۔ چنانچہ سائل کے والدِ مرحوم کے لیے اپنی مرحومہ بیوی کی اولاد کی اجازت و رضامندی کے بغیر سارے زیورات اپنی دوسری بیوی کو حقِ مہر کے طور پر دینا جائز نہیں تھا۔
البتہ اب جب وہ یہ سارے زیورات اپنی دوسری بیوی کو دے چکے ہیں، تو ایسی صورت میں اگر دوسری بیوی کے پاس وہ زیورات موجود ہوں، تو پہلی بیوی کی اولاد کو ایک چوتھائی حصے کے علاوہ باقی زیورات دوسری بیوی سے وصول کرنے یا ترکہ تقسیم کرنے سے قبل مجموعی ترکے سے وصول کرنے کا حق حاصل ہے۔ چنانچہ اگر پہلی بیوی کی اولاد اپنا حق دوسری بیوی سے وصول کرے، تو ایسی صورت میں ورثاء کے ذمے دوسری بیوی کے لیے باقی حقِ مہر مجموعی ترکے سے، تقسیمِ ترکہ سے قبل، ادا کرنا لازم اور ضروری ہوگا۔
(2) سائل کی شادی کے لیے جو تین تولہ سونا سائل کے والدِ مرحوم نے اپنی بہو (سائل کی بھابھی) سے بطورِ قرض لیا تھا، چونکہ سائل کی بھابھی کے ساتھ قرض کا معاملہ سائل کے والدِ مرحوم نے کیا تھا، اس لیے اس کی ادائیگی بھی سائل کے ذمے نہیں، بلکہ سائل کے والدِ مرحوم کے ذمے تھی۔لیکن اگر مرحوم نے اپنی زندگی میں اپنی بہو کا پورا قرض ادا نہ کیا ہو، تو اب ترکے میں سے تجہیز و تکفین کے اخراجات نکالنے کے بعد دیگر قرضوں کے ساتھ مذکورہ بہو کے باقی ماندہ سونے کی ادائیگی تقسیمِ ترکہ سے پہلے کی جائے گی۔ اس کے بعد باقی ترکہ تمام ورثاء کے درمیان حسبِ حصصِ شرعی تقسیم ہوگا۔
کما فی الدر المختار: (والربع للزوج) فأكثر كما لو ادعى رجلان فأكثر نكاح ميتة وبرهنا ولم تكن في بيت واحد منهما ولا دخل بها فإنهم يقسمون ميراث زوج واحد لعدم الأولوية (مع أحدهما) أي الولد أو ولد الابن (والنصف له عند عدمهما) فللزوج حالتان النصف والربع الخ ( کتاب الفرائض ، ج 6، ص 770، ط: سعید)۔
و فیہ ایضاً : (يبدأ من تركة الميت الخالية عن تعلق حق الغير بعينها كالرهن والعبد الجاني) ( الی قولہ ) (ثم) تقدم (ديونه التي لها مطالب من جهة العباد) ويقدم دين الصحة على دين المرض إن جهل سببه وإلا فسيان كما بسطه السيد، (وأما دين الله تعالى فإن أوصى به وجب تنفيذه من ثلث الباقي وإلا لا) الخ ( کتاب الفرائض ، ج 6، ص 760 ، ط: سعید)۔
وفی المبسوط للسرخسی : ثم بعد الكفن يقدم الدين على الوصية والميراث لحديث علي رضي الله عنه قال إنكم تقرون الوصية قبل الدين وقد شهدت رسول الله صلى الله عليه وسلم بدأ بالدين قبل الوصية. وقيل لابن عباس رضي الله عنه إنك تأمر بالعمرة قبل الحج وقد بدأ الله تعالى بالحج فقال: {وَأَتِمُّوا الْحَجَّ وَالْعُمْرَةَ لِلَّهِ} [البقرة: 196] فقال كيف تقرؤون آية الدين فقالوا: {مِنْ بَعْدِ وَصِيَّةٍ يُوصِي بِهَا أَوْ دَيْنٍ} [النساء: 11] فقال بماذا يبدأ فقالوا بالدين قال هو ذلك. الخ ( کتاب الفرائض، ج 23، 271،ط: دار الفکر)۔
و فی الفاوی الھندیۃ: وأما حكمه فالإثم والمغرم عند العلم وإن كان بدون العلم بأن ظن أن المأخوذ ماله أو اشترى عينا ثم ظهر استحقاقه فالمغرم ويجب على الغاصب رد عينه على المالك وإن عجز عن رد عينه بهلاكه في يده بفعله أو بغير فعله فعليه مثله إن كان مثليا كالمكيل والموزون فإن لم يقدر على مثله بالانقطاع عن أيدي الناس فعليه قيمته يوم الخصومة عند أبي حنيفة - رحمه الله تعالى - وقال أبو يوسف - رحمه الله تعالى -: يوم الغصب وقال محمد - رحمه الله تعالى -: يوم الانقطاع كذا في الكافي وإن غصب ما لا مثل له فعليه قيمة يوم الغصب بالإجماع كذا في السراج الوهاج الخ (کتاب الغصب، ج 5،ص 119،ط:سعید)۔