مجھے معلوم یہ کرنا تھا کہ میری زوجہ محترمہ کے پاس کل زیورات ڈھائی تولہ کے قریب ہے البتہ اس کے پاس کوئی اپنی ذاتی رقم موجود نہیں ہے اس کی ضرورت کے سارے چیزیں میں اسے مہیا کر دیتا ہوں جب بھی کبھی کوئی کھانے کی چیز یا پہننے کی چیز ہو میں لا دیتا ہوں اور کبھی میری غیر موجودگی میں کچھ چاہیے ہو تو وہ کسی سے منگوالیتی ہے میں بعد میں ادا کردیتا ہوں، ابھی میں ہر ہفتے بچوں کے خرچ کے لئے پیسے دیتا ہوں نا کہ اس کے لئے تو اس صورت میں کیا اسے زکوۃ ادا کرنی ہوگی، کسی نے کہا اگر اسے عید میں کوئی خوشی سے عیدی دےتو اس وجہ سے اسے زکوۃ ادا کرنی ہوگی، اور کیا وہ رقم اپنے بچوں کے نام کر دے اس صورت میں بھی اسے زکوۃ دینی ہوگی؟ برائے مہربانی اس مسئلہ کا حل بتا دیں تاکہ ہم اس حساب سے زکوۃ کی ادائیگی کا انتطام کر سکے۔
صورتِ مسئولہ میں سائل کی بیوی کی ملکیت میں مذکور ڈھائی تولہ سونے کے علاوہ اگر روزمرہ کے اخراجات اور بچوں کے خرچ کیلئے دیے جانے والی رقم کے علاوہ ذاتی رقم ( خواہ معمولی مقدار میں کیوں نہ ہو) موجود نہ ہو، تو فقط اس مقدار سونے سے وہ صاحبِ نصاب نہ ہوگی، اور نہ ہی اس سونے کی زکوۃ دینی لازم ہوگی، البتہ اگر کوئی اسے عیدی یا گفٹ کے طور پر کوئی رقم دیدے اور وہ رقم سال پورا ہونے تک کمی بیشی کے ساتھ سائل کی بیوی کے پاس محفوظ رہے تو ایسی صورت میں ڈھائی تولہ سونا اور موجود رقم کی مجموعی مالیت چونکہ ساڑھے باون تولہ چاندی سے زائد بن جاتی ہے اس لئے صاحبِ نصاب ہونے کی وجہ سے اس پر زکوۃ لازم ہوگی۔