السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! جناب میں نے اپنی وراثت کے حصے کی رقم ایک صاحب کے ساتھ کاروبار میں لگائی ہے دو سال کی مدت کے لیے، اس رقم کا چند فیصد کے حساب سے منافع آتا ہے، اوراسی منافع کی رقم سے گھر کا خرچ چلتا ہے، اور بچت نہیں ہوتی، سوال یہ ہے کہ جو اصل رقم کاروبار میں لگی ہے، اس کی زکوٰۃ اس صورت حال میں کس طرح ادا کی جائے؟
سائلہ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ میراث تقسیم کر کے اپنے حصے کو کسی کاروبار میں لگایا ہے، یا کہ مشترکہ میراث میں سے کچھ رقم کاروبار میں لگائی ہے، تاہم اگر تقسیم میراث کے بعد اپنے حصے کی رقم کسی کاروبار میں لگائی ہو، اور اس سے ملنے والے منافع سے اگر چہ کچھ بچتا بھی نہ ہو، لیکن اگر یہ رقم بقدر نصاب ہو یا سائلہ پہلے سے صاحب نصاب ہو تو سال پورا ہونے پر سائلہ کے ذمہ انویسٹ کردہ اصل رقم پر ڈھائی فیصد کے حساب سے زکوٰۃ ادا کرنا لازم ہوگی۔