زکوۃ و نصاب زکوۃ

اپنی زکوٰۃ کی رقم کسی کو کاروبار کے لئے دینے سے زکوٰۃ ادا ہوگی؟

فتوی نمبر :
100738
| تاریخ :
0000-00-00
عبادات / زکوۃ و صدقات / زکوۃ و نصاب زکوۃ

اپنی زکوٰۃ کی رقم کسی کو کاروبار کے لئے دینے سے زکوٰۃ ادا ہوگی؟

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
امید ہے مزاج گرامی بخیر و عافیت ہوں گے۔
کیا فرماتے ہیں علماے کرام و مفتیانِ عظام مسئلہ ذیل کے بارے میں:کیا کسی کی کاروباری مدد کے لیے زکوٰۃ کی ادائیگی میں تاخیر کی جا سکتی ہے؟
صورتِ مسئلہ کچھ یوں ہے کہ زید نے عمرو کو فی زماننا زکوٰۃ کے ایک لاکھ روپے دیے اور کہا کہ اس سے اپنے لیے کاروبار شروع کرو؛ لیکن عمرو نے کہا کہ اگر میں سید نہ ہوتا تو ضرور قبول کرتا۔زید کہتا ہے کہ زکوٰۃ کے یہ ایک لاکھ روپے آپ مجھ سے لے لو اور اس سے آپ اپنے لیے کاروبار شروع کر دو، چھ مہینہ یا سال بعد میری طرف سے آپ وکیل بن کر بطور زکوٰۃ ادا کرو۔ یوں آپ کا مشکل بھی حل ہو جائے گا اور میری (زید) کی زکوٰۃ بھی ادا ہو جائے گی۔
نوٹ: عمرو زکوٰۃ لینے والا سید اور غریب ہے۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورتِ مسؤلہ میں جب زید نے عمرو کو زکوۃ کی رقم کاروبار میں لگانے کی اجازت دے دی، تو یہ رقم عمرو کے ذمے قرض ہو گئی اور زید کی زکوۃ ادا نہیں ہوئی۔ لیکن ساتھ ہی زید نے عمرو کو بعد میں زکوۃ کی ادائیگی کا وکیل بھی بنا دیا، چنانچہ اگر بعد میں عمرو زید کی طرف سے زکوۃ ادا کر لے، تو زید کی زکوۃ ادا ہو جائے گی۔تاہم، زکوۃ کی ادائیگی میں تاخیر بعض مسائل میں پیچیدگی کا باعث بن سکتی ہے، اس لیے بہتر یہی ہے کہ زید اپنی زکوۃ کسی دوسری رقم سے ادا کر لے اور عمرو کے ساتھ قرض کا معاملہ الگ سے رکھے۔


مأخَذُ الفَتوی

كما في جامع الاصول في حدیث طویل عن رسول الله صلي الله عليه وسلم: إِن هذه الصدقة إنما هي أوساخ الناس، وإنها لا تحل لمحمد ولا لآل محمد» (الفصل الأول: فيمن لا تحل له: ج:٤، ص: ٦٥٣، رقم: ٢٧٤٧، ط:مكتبة الحلواني)
وفي المنصف لابن ابي شيبة: حدثنا أبو بكر قال: (حدثنا) هشيم عن رهط ثلاثة عن أبي جعفر قال: لا بأس بالصدقة من بني هاشم بعضهم على بعض. (باب: ما رخص فيه من الصدقة على بني هاشم: ج:٦، ص:٤٠٢، رقم:١١٠٤٥، ط:دار كنوز إشبيليا للنشر والتوزيع، الرياض )۔
وفی الدر المختار: (وافتراضها عمري) أي على التراخي، وصححه الباقاني وغيره (وقيل فوري) أي واجب على الفور (وعليه الفتوى)۔ كما في شرح الوهبانية (فيأثم بتأخيرها) بلا عذر (وترد شهادته) لان الامر بالصرف إلى الفقير معه قرينة الفور، وهي أنه لدفع حاجته وهي معجلة، فمتى لم تجب على الفور لم يحصل المقصود من الايجاب على وجه التمام (با السائمة: ص: ١٢٨، ط: دار الكتب العلمية )۔
وفي البناية : وقال عليه السلام: «يا معشر بني هاشم إن الله تعالى كره لكم غسالة أيدي الناس وأوساخهم، وعوضكم منها بخمس الخمس» (فصل في تقسيم خمس النبي صلي الله عليه وسلم: ج:٧، ص: ١٧٢، ط: دار الكتب العلمية - بيروت )۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
وحید اللہ صافی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100738کی تصدیق کریں
0     39
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات